Inquilab Logo

اسٹوارٹ براڈ ۶۰۰؍وکٹیں لینے والے دوسرے تیز گیند باز

Updated: July 21, 2023, 5:28 PM IST | Manchester

انگلینڈ کے گیند باز نے جیمس اینڈرسن کے بعد یہ کارنامہ انجام دیا،۶۰۰؍یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کے معاملے میں دنیا کے ۵؍ویں گیندباز بن گئے

Stuart Broad. Photo : INN
اسٹوارٹ براڈ۔ تصویر : آئی این این

انگلینڈ کے تجربہ کار تیز گیندباز اسٹوارٹ براڈ نے مانچسٹر کےاولڈ ٹریفورڈ میں آسٹریلیا کے خلاف ایشیز کے چوتھے ٹیسٹ کے پہلے دن اپنی ۶۰۰؍ ٹیسٹ وکٹیں مکمل کیں۔ وہ ہم وطن جیمس اینڈرسن کے بعد یہ سنگ میل عبور کرنے والے دوسرے تیز گیندباز بن گئے ہیں۔ انہوں نے ٹریوس ہیڈ کو پویلین کی راہ دکھا کر یہ کارنامہ انجام دیا۔اسٹوارٹ براڈ نے یہ کارنامہ اپنے ۱۶۶؍ ویں ٹیسٹ میں پہلی اننگز کے ۵۰؍ویں اوور میں ٹریوس ہیڈ کاوکٹ لے کر انجام دیا۔ قابل ذکر  ہے کہ ان کی ۶۰۰؍ وکٹوں میں سے ۳۹۴؍ انگلینڈ میں آئی ہیں جبکہ ۲۰۶؍ وکٹیں انہوںنے بیرون ملک حاصل کی ہیں۔ 
 اسٹوارٹ براڈ ۶۰۰؍ٹیسٹ وکٹیں لینے والے دنیا کے پانچویں اور انگلینڈ کے دوسرے گیندباز بن گئےہیں۔ ان سے پہلے متھئیا مرلی دھرن، شین ورن، جیمس اینڈرس اور انل کمبلے یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ یہی نہیں اسٹوارٹ براڈ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میں سب سے کامیاب انگلش بولر بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف ۱۴۹؍وکٹیں حاصل کیں۔ انہوںنے اس معاملے میں انگلینڈ کے سابق گیند باز ایان باتھم کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوںنے آسٹریلیا کے ۱۴۸؍بلے بازوں کو آؤٹ کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔جہاں تک ایشیز سیریز میں سب سے وکٹیں حاصل کرنے کی بات ہے تو اس معاملے میں آسٹریلیا کے اسپن گیندباز شین ورن سرفہرست ہیں۔شین ورن کے نام ۱۹۵؍ویں وکٹیں ہیں۔ دوسرے نمبر پر آسٹریلیاکے ہی گیند باز گلین میک گرا ہیں جنہوں نے ایشیز میں انگلینڈ کے ۱۵۷؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں
 سری لنکا کے اسپن گیندباز متھئیا مرلی دھرن کے نام ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے کا ریکارڈ ہے۔انہوں نے ۱۳۳؍ٹیسٹ میچوں میں ۸۰۰؍وکٹیں حاصل کی ہیں۔آسٹریلیا کے شین ورن  نے ۱۴۵؍میچوں میں۷۰۸؍جبکہ انگلینڈ کے تیز گیندباز جیمس اینڈرسن نے۱۸۲؍ ٹیسٹ میں۶۸۸؍ وکٹیں لی ہیں۔ہندوستان کے انل کمبلے  نے ۱۳۲؍ٹیسٹ میچوں میں۶۱۹؍وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔انگلینڈ کے اسٹوارٹ براڈ نےاپنے ۱۶۶؍ویں ٹیسٹ میچ میں ۶۰۰؍وکٹوں کا نشانہ حاصل کی ہے۔یہاں قابل ذکر ہے کہ ان ۵؍گیند بازوں میں سے۲؍تیز گیندباز جیمس اینڈرسن اور اسٹوارٹ براڈ نے ۶۰۰؍یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ بقیہ ۳؍اسپن گیندباز ہیں۔

manchester Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK