Inquilab Logo

سنیل چھیتری، لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے قریب پہنچے

Updated: June 23, 2023, 1:14 PM IST | New Delhi

ہندوستانی فٹبال ٹیم کے کپتان نے بین الاقوامی مقابلوں میں سب سے زیادہ گول کرنے والے دنیا کے چوتھے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا

Sunil Chhetri (right) scored a hat-trick against Pakistan in a brilliant performance. (PTI)
سنیل چھیتری (دائیں)نے پاکستان کیخلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک بنائی۔(پی ٹی آئی)

ہندوستانی فٹبال ٹیم کے کپتان سنیل  چھیتری نے مردوں کے فٹ بال کی تاریخ میں ایک خاص کامیابی حاصل کی ہے۔ سنیل چھیتری  نے فٹبال میں سب سے زیادہ بین الاقوامی گول کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں ایک خاص مقام حاصل کر لیا ہے۔ وہ دنیا میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے یہ کارنامہ گزشتہ روز  پاکستان کے خلاف سیف چمپئن شپ کے پہلے میچ میں انجام دیا۔ 
  واضح رہے کہ ہندوستانی کپتان سنیل چھیتری  نے پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی ۔ اس ہیٹ ٹرک کوملاکر ان کے کریئر میں کُل ۹۰؍گول ہو چکے ہیں جو انہوں نے ہندوستان کیلئے کھیلتے ہوئے ۱۳۸؍ میچ میںکئےہیں۔ چھیتری  نے بین الاقوامی مقابوں میں گول کرنے کے معاملے میں ملائیشیا کے مختار ڈاہری کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جنہوں نے ۱۴۲؍ میچوں میں ۸۹؍گول کئے  ہیں۔
  واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف ہندوستان کو اسکور بورڈ پر آنے میں صرف ۱۰؍منٹ لگے جب پاکستانی گول کیپر ثاقب حنیف کی ایک بڑی غلطی کے بعد ہندوستانی کپتان نے گول کردیا۔ ۶؍ منٹ بعد ہندوستان کی برتری کو دُگنا کرنے کے لئے پنالٹی دی گئی۔ پنالٹی گول بھی ہندوستانی کپتان نے گول میں تبدیل کردیا تھا اور اس کے بعد مزید ایک گول کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔ہندوستان نے یہ مقابلہ چار صفر سے جیت لیا۔
میسی  اور رونالڈو کے قریب پہنچے
 بتادیں کہ اب سنیل چھیتری   لیونل میسی سے صرف ۱۴؍ کی دوری پر ہیں۔ چھیتری کو فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ءکے فاتح لیونل میسی اور ۵؍ بار کے بیلون ڈی اور فاتح کرسٹیانو رونالڈو کی بین الاقوامی مردوں کے فٹ بال میں تیسرے سب سے زیادہ فعال گول اسکورر کے برابری کرنے کے لئے مزید۱۴؍ گول درکار ہیں۔
کس نے کتنے گول کئے
 اس وقت کرسٹیانو رونالڈو کا نام سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہے۔ پرتگال کے کھلاڑی اب تک ۲۰۰؍میچوں میں  ۱۲۳؍گول کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ رونالڈو ۲۰۰؍ میچ کھیلنے والے واحد کھلاڑی بھی ہیں۔ ایران کے علی دئی نے ۱۴۸؍ میچوں میں۱۰۹؍گول کئے ہیں۔ ارجنٹائنا کے لیونل میسی نے ۱۷۳؍ میچوں میں ۱۰۳؍گول کئے ہیں جبکہ سنیل  چھیتری ۱۳۸؍ میچوں میں ۹۰؍گول کر کے اس فہرست میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK