Inquilab Logo

ہندوستان کے خلاف آسٹریلیا کا یکروزہ سیریز میں پلڑا بھاری رہے گا: سریش رائنا

Updated: September 17, 2023, 1:05 PM IST | Agency | Mumbai

ٹیم انڈیا کے سابق بلے باز سریش رائنا کا ماننا ہے کہ آسٹریلیا ورلڈ کپ سے قبل ہندوستان کے خلاف ۳؍ میچوں کی ون ڈے سیریز میں حاوی رہے گا کیونکہ اس کی بیٹنگ لچکدار ہے اور اس ٹیم کے کھلاڑی ہندوستانی حالات کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔

Suresh Raina. Photo. INN
سریش رائنا۔ تصویر:آئی این این

ٹیم انڈیا کے سابق بلے باز سریش رائنا کا ماننا ہے کہ آسٹریلیا ورلڈ کپ سے قبل ہندوستان کے خلاف ۳؍ میچوں کی ون ڈے سیریز میں حاوی رہے گا کیونکہ اس کی بیٹنگ لچکدار ہے اور اس ٹیم کے کھلاڑی ہندوستانی حالات کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ خیال رہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں اتوار کو ہندوستان کا مقابلہ میزبان سری لنکا سے ہوگا۔ اس کے بعد ٹیم اپنی ورلڈ کپ مہم شروع کرنے سے پہلے آسٹریلیا کے خلاف۳؍ میچوں کی ہوم ون ڈے سیریز میں شرکت کرے گی۔ یہ سیریز۲۲؍ ستمبر کو موہالی میں شروع ہوگی۔ اس کے بعد اندور (۲۴؍ ستمبر) اور راجکوٹ (۲۷؍ ستمبر) میں میچ کھیلے جائیں گے۔ ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں ۸؍ اکتوبر کو چنئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔
 رائنا نے کہا کہ ان (آسٹریلیا) کے بیٹنگ آرڈر میں دائیں اور بائیں ہاتھ کا اچھا امتزاج ہے۔ اندور کا گراؤنڈ بہت چھوٹا ہے اور راجکوٹ کی پچ ہموار ہے۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا نے موہالی میں کافی کھیلا ہے اور اس لئے مجھے یقین ہے کہ ان کے پاس جیتنے کے زیادہ مواقع ہوں گے۔ رائنا نے کہا کہ ان چھوٹے میدانوں میں ۳۴۰۔۳۵۰؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرنا زیادہ مشکل نہیں ہوگا۔ کسی بھی ہدف کے دفاع کیلئے ہندوستانی ٹیم کو بہت مضبوط بولنگ یونٹ میدان میں لانا ہوگا۔
 ۲۰۱۱ءکے ورلڈ کپ کے فاتح کھلاڑی نے کہا کہ سیریز۰۔۳؍ سے جیتنے یا اسی مارجن سے ہارنے سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا لیکن اس ٹورنامنٹ سے ٹیموں کو آئندہ ورلڈ کپ کیلئے اپنے کمبی نیشن تیار کرنے کا موقع ملے گا۔ رائنا نے امید ظاہر کی کہ روہت شرما اس سیریز میں سب سے زیادہ رن بنائیں گے جبکہ جوش ہیزل ووڈ سب سے کامیاب بولر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ روہت شرما اس سیریز میں سب سے زیادہ رن بنائیں گے۔ جوش ہیزل ووڈ وکٹوں کے لحاظ سے آسٹریلیا کے بہترین گیندبازہوں گے۔ محمد سمیع یا کلدیپ یادو ہندوستان کے لئے سب سے کامیاب گیندباز ثابت ہوسکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK