• Sat, 08 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹی ۲۰؍عالمی کپ : میچوں کے مقامات کا اعلان، فائنل احمد آباد میں ہوگا

Updated: November 07, 2025, 8:04 PM IST | Mumbai

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے ۲۰۲۶ءکے ٹی۲۰؍عالمی کپ کے لیے ہندوستان میں احمد آباد، دہلی، ممبئی، چنئی اور کولکاتا کو پانچ میزبان شہروں کے طور پر منتخب کیا گیا ہے جبکہ سری لنکا میں کینڈی اور کولمبو شہروں کو منتخب کیا گیا ہے۔

Indian Cricket Team.Photo:INN
ہندوستانی کرکٹ ٹیم۔ تصویر:آئی این این

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے  ۲۰۲۶ءکے ٹی۲۰؍عالمی کپ کے لیے ہندوستان میں احمد آباد، دہلی، ممبئی، چنئی اور کولکاتا کو پانچ میزبان شہروں کے طور پر منتخب کیا گیا ہے جبکہ سری لنکا میں کینڈی اور کولمبو شہروں کو منتخب کیا گیا ہے، تیسرے  مقام سے متعلق فیصلہ جلد کیا جائے گا۔  یہ عالمی مقابلہ ۷؍ فروری۲۰۲۶ء سے شروع ہو سکتا ہے اور فائنل  میچ ۸؍ مارچ کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 
آئی سی سی آئندہ ہفتے تک مکمل شیڈول جاری کرنے کی تیاری میں ہے۔  ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان ہونے والے معاہدے کے مطابق پاکستان اپنے تمام میچ سری لنکا میں کھیلے گا۔اگر پاکستان فائنل میں پہنچتا ہے تو فائنل میچ بھی سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ 
تمام ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں پانچ ٹیمیں ہوں گی۔ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر چار ٹیموں سے ایک ایک میچ کھیلے گی۔  ہر گروپ کی سرِفہرست دو ٹیمیں سپر۸؍ مرحلے میں داخل ہوں گی، جہاں انہیں دو نئے گروپس  ( ۴۔۴؍ ٹیموں کے) میں تقسیم کیا جائے گا۔ سپر۸؍ کے بعد ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی، جن کے فاتح فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔

یہ بھی پڑھئے:پرسدھ کرشنا کی قیادت میں گیند بازوں نے ہندوستان اے کو سبقت دلائی

میزبان ہندوستان اور سری لنکا کے علاوہ ۲۰۲۴ء ٹی۲۰؍ورلڈ کپ کی ۷؍ سرکردہ ٹیموں کو براہ راست داخلہ دیا گیا ہے، جن میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکہ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں جبکہ نیوزی لینڈ، پاکستان اور آئرلینڈ نے اپنی ٹی۲۰؍ رینکنگ کی بنیاد پر جگہ بنائی ہے۔  ہندوستان موجودہ ٹی۲۰؍ عالمی چیمپئن ہے، اس نے باربڈوس میں کھیلے جانے والے  فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK