Updated: November 07, 2025, 6:33 PM IST
| Bengaluru
پرسدھ کرشنا (۳؍ وکٹ)، محمد سراج اور آکاش دیپ (۲۔۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان اے نے جمعہ کے روز دوسرے غیر تسلیم شدہ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں ۲۲۱؍رن کے اسکور پر سمیٹنے کے بعد اسٹمپ تک اپنی دوسری اننگز میں ۳؍ وکٹ پر۷۸؍ رن بنا لیے۔
ٹیم انڈیا اے کے کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این
پرسدھ کرشنا (۳؍ وکٹ)، محمد سراج اور آکاش دیپ (۲۔۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان اے نے جمعہ کے روز دوسرے غیر تسلیم شدہ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں ۲۲۱؍رن کے اسکور پر سمیٹنے کے بعد اسٹمپ تک اپنی دوسری اننگز میں ۳؍ وکٹ پر۷۸؍ رن بنا لیے اور اس طرح اسے مجموعی طور پر ۱۱۲؍ رن کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
ہندوستان اے کے۲۵۵؍ رن کے جواب میں جنوبی افریقہ اے نے جمعہ کو صبح اپنی اننگز کا آغاز نہایت خراب انداز میں کیا اور صرف ۸؍ اوور میں ۱۲؍ رن پر اپنے ۳؍ وکٹ گنوا دیئے۔ لیسیگو سینوکوانے (صفر) اور ٹیمبا باؤما (صفر) کو آکاش دیپ نے جب کہ زبیر حمزہ (۸؍رن) کو محمد سراج نے پویلین بھیجا۔ اس کے بعد کپتان مارکس ایکر مین نے جارڈن ہرمن کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن ۲۶؍ویں اوور میں پرسدھ کرشنا نے جارڈن ہرمن (۲۶؍رن) کو آؤٹ کرکے یہ شراکت توڑ دی۔
اس کے بعد مارکس ایکر مین کے سوا کوئی بھی جنوبی افریقی بلے باز ہندوستانی گیند بازوں کا زیادہ دیر مقابلہ نہ کر سکا۔ ایکر مین نے اس دوران شاندار سنچری مکمل کی۔ پرینیلان سبریئین (۲۰؍رن) رن آؤٹ ہوئے۔ ۴۸؍ویں اوور کی تیسری گیند پر ہرش دوبے نے ایکر مین کو آؤٹ کرکے جنوبی افریقہ کی اننگز ۲۲۱؍رن پر سمیٹ دی۔ اس طرح ہندوستان اے کو ۳۴؍ رن کی سبقت حاصل ہو گئی۔ مارکس ایکر مین نے۱۱۸؍ گیندوں پر۱۷؍چوکے اور ۵؍ چھکے لگا کر ۱۳۴؍ رن بنائے۔
یہ بھی پڑھئے:مقبولیت میں خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل مردوں کے فائنل کی برابری کرلی
ہندوستان اے کے لیے پرسدھ کرشنا نے ۳؍ وکٹ لیے۔ محمد سراج اور آکاش دیپ نے دو، دو وکٹ حاصل کیے، جبکہ کلدیپ یادو اور ہرش دوبے کو ایک ایک کامیابی ملی۔ دوسری اننگز میں بلے بازی کے لیے اتری ہندوستان اے کی شروعات بھی اچھی نہیں رہی اور دوسرے ہی اوور میں ابھیمنیو ایشورَن (صفر) آؤٹ ہو گئے۔ انہیں اوکلے سیلے نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ دوسرا وکٹ سائی سدرشن (۲۳؍رن) کا گرا، جنہیں ٹین وین وورین نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ ۲۳؍ویں اوور میں اوکہلے سیلے نے دیودت پڈیکل (۲۴؍رن) کو آؤٹ کر کے ہندوستان اے کو تیسرا جھٹکا دیا۔ دن کے اختتام پر ہندوستان اے نے ۳؍ وکٹ پر ۷۸؍ رن بنا لیے تھے۔ اس وقت کے ایل راہل (ناٹ آؤٹ ۲۶؍رن ) اور کلدیپ یادو (صفر) کریز پر موجود تھے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے اوکہلے سیلے نے دو وکٹ لیے جبکہ ٹین وین وورین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔