Inquilab Logo

ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ :شاہینوں کی بلند پرواز، کیویز کو سیمی فائنل میں زیر کردیا

Updated: November 10, 2022, 1:04 PM IST | Agency | Sydney

پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ۷؍وکٹ سے شکست دےدی۔ پلیئر آف دی میچ محمد رضوان اور بابر اعظم کی شاندار بلے بازی

Pakistani cricket team`s star batsman Mohammad Rizwan .Picture:INN
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز محمد رضوان ۔ تصویر:آئی این این

فارم میں لوٹنے والے کپتان بابر اعظم (۵۳) اورمحمد رضوان (۵۷؍رن) کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے بدھ کو ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ ۲۰۲۲ءکے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو۷؍ وکٹوں سے شکست دے  کر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ۲۰؍اوورس میں۱۵۳؍ رن کا ہدف دیا جسے بابر کی ٹیم نے ۵؍ گیندیں باقی رہتے ہوئے  حاصل کر لیا۔  بابر اور رضوان نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۲ء میں پہلی بار۵۰؍ رن کا ہندسہ پارکیا۔ بابر نے۴۲؍ گیندوں پر ۷؍ چوکوں کی مدد سے۵۳؍ رن بنائے جبکہ رضوان نے۴۳؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں کی مدد سے۵۷؍ رن بنائے۔ بابر اور رضوان نے پہلے وکٹ کیلئے ۱۰۵؍ رن کی سنچری پارٹنرشپ  کر کے ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچادیا۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کیلئے آنے والے باصلاحیت نوجوان بلے باز محمد حارث نے ۲۶؍گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۲۶؍ رن  بنائے جبکہ شان مسعود ( ناٹ آؤٹ ۳؍رن ) نے آخری اوور کی پہلی گیند پر فاتح رن بنا کر پاکستان کو  فائنل میں پہنچایا۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر اتوار کو پاکستان ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گا۔  نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بلے بازی  کا فیصلہ کیا لیکن  جلد ہی۴۹؍رن پر ۳؍ وکٹ گنوا دیئے۔ اس کے بعد ڈیرل مشیل (۵۳؍ ناٹ آؤٹ) اور کین ولیمسن (۴۶؍ رن) نے۶۸؍ رن کی شراکت  کرکے ٹیم کا دباؤ سے باہر نکالا۔و لیمسن نے۴۶؍ رن کی اپنی اننگز میں ۴۲؍ گیندیں کھیلی اور ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ دوسری جانب ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۱ء کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہیرو رہنے والے مشیل  نے۳۵؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۵۳؍ رن بنائے۔ اس کے علاوہ ڈیون کونوے نے۲۱؍ رن بنائے جبکہ جیمس نیشام نے۱۲؍گیندوں پرناٹ آؤٹ ۱۶؍ رن بنائے۔ پاکستان نے پہلے۱۰؍ اوورس میں نیوزی لینڈ کو صرف۵۹؍ رن بنانے دیئے لیکن مشیل اور ولیمسن کی شراکت کی مدد سے نیوزی لینڈ نے آخری۱۰؍ اوورس میں ۹۳؍ رن جوڑ کر سڈنی کی سست پچ پر پاکستان کوقابل دفاع ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے ۴؍ اوورس میں۲۴؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ حاصل کئے جب کہ محمد نواز کو ایک وکٹ ملا۔پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں  جارحانہ  آغاز کیا اور پاور پلے میں۵۵؍ رن کا اضافہ کیا۔ بابر کو بھی صفر کے اسکور پر لائف لائن ملی جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں اپنی ۳۰؍ ویں نصف سنچری اسکور کی جب کہ رضوان بھی پہلی بار ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۲ء میں ۵۰؍ کے اسکور تک پہنچے۔ ٹرینٹ بولٹ نے  دونوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل بابر اور رضوان نے پہلے وکٹ کیلئے ۱۰۵؍ رن جوڑے۔ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں بابراور رضوان کی یہ تیسری سنچری شراکت ہے۔ اس سے قبل یہ جوڑی ۲۰۲۱ء میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں ہندوستان (۱۵۲) اور نمیبیا (۱۱۳) کے خلاف بھی سنچری پارٹنرشپ بنا چکی ہے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے حارث نے ایک بار پھر جارحانہ انداز اپنایا اور تیزی سے ۳۰؍ رن بنائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK