Inquilab Logo

ویٹنگ لسٹ میں شامل۶؍ ہزارعازمین کو پاسپورٹ جمع کرانے کی ہدایت

Updated: May 19, 2024, 8:16 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

عازمین کو ضروری کاغذات اورحج خرچ کی رقم تیار رکھنے کےلئے کہا گیا ہے کیونکہ نام کے اعلان کے بعد انہیں زیادہ وقت نہیں ملے گا۔

Once the waiting list is confirmed, more pilgrims from Maharashtra will be able to go on Hajj. Photo: INN
ویٹنگ لسٹ کنفرم ہونے پر مہاراشٹر سے مزید عازمین حج پر جا سکیںگے۔ تصویر : آئی این این

ریاستی حج کمیٹی نے ممبئی اورمہاراشٹر کے ۶؍ہزارتک ویٹنگ لسٹ کے عاز مین سے پاسپورٹ اور دیگر کاغذات جمع کرانے کوکہا ہے۔یہ اس لئے کہ ۹؍ مئی سے ۲۵؍مئی تک روانگی کاپہلا مرحلہ پورا ہونے پرکینسل ہونے والی زیادہ ترسیٹیں مہاراشٹر کے عازمین کوملیں گی ۔اسی لئے یہ فیصلہ کیاگیا ہے ۔ ان عازمین سے یہ بھی کہا جارہا ہےکہ وہ مکمل حج خرچ اور دیگرکاغذات تیار رکھیں کیونکہ نام کا اعلان ہونے کےبعد ان کو ان کاموں کے لئے زیادہ موقع نہیں ملےگا۔
 مہاراشٹر کے عازمین کی ویٹنگ لسٹ ۷۷۰۰؍ سے زیادہ ہے اور ان میں سے ۳۷۰۴؍ کنفرم ہوچکی ہے ۔اس دفعہ یہ امیدکی جارہی ہے کہ دیگر برسوں کے مقابلے امسال زیادہ ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوجائے گی ۔یہ پہلا موقع ہے جب ۶؍ہزار تک ویٹنگ لسٹ والےعازمین کواوریجنل پاسپورٹ وغیرہ انڈرٹیکنگ کےساتھ جمع کرانے کوکہا گیا ہے ۔اس کی وجہ یہ ہےکہ اس بات کے امکانات ہیں کہ دیگر ریاستوںکے مقابلے مہاراشٹر کو زیادہ سیٹیں ملیں گی۔
 ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکیٹو آفیسر امتیازقاضی نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ’’انڈر ٹیکنگ اس لئےلی جارہی ہے کہ اگر۶؍ہزار سے کم ویٹنگ لسٹ کنفرم ہو توعازمین اصرار نہ کریںاورنہ ہی ناراض ہوں کہ پھر کیوں کاغذات منگوائے تھے۔ اس لئے احتیاطاًایسا کیا جارہا ہے۔‘‘
 انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے اپنے طورپربھی تمام کام تیزی سے کئے جارہے ہیںاورعازمین کے الگ الگ اضلاع میںدماغی بخار کے ٹیکے کے لئے کیمپ بھی لگائے جارہے ہیں۔ دوسرے اضلاع کی سطح پربھی خدمت کرنے والوں کومطلع کیا گیا ہے کہ وہ بھی ویٹنگ لسٹ عازمین سے رابطے میں رہیں اورا ن کی رہنمائی بھی کریںتاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین حج بیت اللہ کی سعادت سے سرفراز ہوسکیں۔‘‘
 ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکیٹو آفیسرامتیازقاضی کے مطابق ’’ ۲۶؍مئی سے ممبئی سے عازمین کی روانگی شروع ہوگی۔ اس کے پیش نظربھی حج کمیٹی کی ہدایات کے مطابق انتظامات پرتوجہ دی جارہی ہے اورجو کام ریاستی حج کمیٹی کے سپرد ہیں ان کووقت سے پہلے پورا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ منتخب عازمین اورویٹنگ لسٹ میں شامل عاز مین کوجو بھی اطلاع یا ہدایت مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے دی جاتی ہے ،انہیں مطلع کرایا جاتا ہے تاکہ عازمین اپنا کام اورروانگی کے تئیں تیاری قبل ازوقت مکمل کرسکیں۔ ‘‘ 
 مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے ایک مرتبہ پھر یہ وضاحت کی گئی ہے کہ بہت سے عازمین فون کرکے اپنی روانگی کا وقت معلوم کرتے ہیںاورایسا لگتا ہے کہ وہ تاریخ جاننے کے لئے پریشان ہیں۔ حالانکہ شیڈیول تقریباً بنایا جاچکا ہے اورعازمین کویہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کم ازکم ایک ہفتہ یا دس دن پہلے عازمین کوان کی روانگی کی تاریخ بتادی جائے گی ۔روانگی سے ۲؍دن پہلے ان کوحج ہاؤس پہنچ کر رپورٹ کرنا ہےکہ وہ مقررہ تاریخ پرروانہ ہونے کے لئے تیار ہیں۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK