لیڈز ٹیسٹ کے چوتھے دن راہل نے ۱۳۷؍ اور رشبھ پنت نے ۱۱۸؍رن بنائے۔ ہندوستانی بلے بازوں نے اپنا دم خم دکھایا۔
EPAPER
Updated: June 24, 2025, 1:18 PM IST | Agency | Leeds
لیڈز ٹیسٹ کے چوتھے دن راہل نے ۱۳۷؍ اور رشبھ پنت نے ۱۱۸؍رن بنائے۔ ہندوستانی بلے بازوں نے اپنا دم خم دکھایا۔
ایک ماہ قبل اپنی ناقص کارکردگی پر تنقید کا نشانہ بننے والے بلے باز رشبھ پنت اور کے راہل نے انگلینڈ پہنچتے ہی ناقدین کو خاموش کرا دیا۔ وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت جنہوں نے ایک نہیں بلکہ دو لگاتار سنچریاں بنا کر ریکارڈس کی دھوم مچائی ہے، ہیڈنگلے میں ٹیم انڈیا کی جیت کی امیدیں جگا دی ہیں۔ان سے قبل کے راہل نے بھی ٹیم انڈیا کی جانب سے ۱۳۷؍رن کی اننگز کھیلی۔ کاپی پرنٹ میں جانے کے وقت تک ہندوستانی ٹیم نے دوسری اننگز میں ۹۱؍ اوور میں ۹؍وکٹ کے نقصان پر ۳۴۹؍رن بنالئے تھے اور اس کی مجموعی برتری ۳۵۵؍رن ہوگئی تھی۔ اس وقت کریز پر رویندر جڈیجا ۱۰؍ رن بناکر موجود تھے۔
رشبھ پنت نے انگلینڈ اور ہندوستان کے درمیان ہیڈنگلے میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنائیں۔ انہوں نے پہلی اننگز میں۱۳۴؍ اور دوسری اننگز میں۱۱۸؍ رن بنائے۔ پنت انگلینڈ میں دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے پہلے ہندوستانی اور دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر بلے باز بن گئے ہیں۔ اس سے قبل صرف زمبابوے کے اینڈی فلاور نے یہ کارنامہ۲۰۰۱ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف انجام دیا تھا۔پہلی اننگز میں پنت نے۱۳۴؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی جس میں۱۴؍ چوکے اور۳؍ چھکے شامل تھے۔ ان کی اننگز نے ہندوستان کو مشکل صورتحال سے نکالنے میں مدد کی۔ دوسری اننگز میں پنت نے۱۱۸؍ رن کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اس اننگز میں انہوں نے ۱۰؍ چوکے اور ۴؍چھکے لگائے۔
پنت کی ان اننگز نے نہ صرف ان کی جارحانہ بلے بازی کو ثابت کیا بلکہ ان کی تکنیکی طاقت اور دباؤ میں بہترکارکردگی پیش کرنے کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا۔ پنت کی یہ کارکردگی اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ انگلینڈ کی پچ تیز گیند بازوں کے لیے مددگار سمجھی جاتی ہیں اور وہاں لمبی اننگز کھیلنا کسی بھی بلے باز کے لیے چیلنج ہوتا ہے۔ پنت نے نہ صرف انگلش گیند بازوں کا بہادری سے سامنا کیا بلکہ کرس ووکس، برائیڈن کارس اور شعیب بشیر جیسے گیند بازوں کو بھی اپنے جارحانہ انداز سے پریشان کیا۔ ان کی بلے بازی نے ہندوستانی ٹیم کو نفسیاتی برتری دی اور انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس کو دفاعی حکمت عملی اپنانے پر مجبور کردیا۔
کے ایل راہل نے اوپننگ میں ۲۴۷؍گیندوں کا سامنا کیا اور ۱۸؍چوکوں کی مدد سے ۱۳۷؍رن بنائے۔ اس کے بعد سائی سدرشن نے کچھ وقت تک مزاحمت کی لیکن وہ بھی ۳۰؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان شبھمن گل اس اننگز میں ناکام رہے اور ۸؍رن بناکر پویلین کی راہ لی۔ اس کے بعد رشبھ پنت نے راہل کا ساتھ دیا اور ٹیم انڈیا کو فرنٹ فُٹ پر لے آئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کرون نائر نے اننگز سنبھالنے کی کوشش لیکن وہ بھی ۲۰؍ رن کے نجی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ شاردُل ٹھاکر نے ۴؍ رن بنائے اور محمد سراج صفرپر آؤٹ ہوئے۔