Inquilab Logo

اتوار کو ایشیا کپ سے متعلق حتمی فیصلہ متوقع

Updated: May 26, 2023, 1:44 PM IST | Mumbai

اٹھائیس مئی کو آئی پی ایل فائنل کے بعد جے شاہ ایشیائی کرکٹ بورڈ کے صدور کے ساتھ صلاح مشورہ کرکے فیصلہ کریںگے

The Asia Cup cricket tournament will be played in September this year. (File Photo)
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ اسی سال ستمبر میں کھیلا جائےگا۔(فائل فوٹو)

ایشیا کپ ۲۰۲۳ءکے لئے `’ہائبرڈ‘ ایونٹ کی قیاس آرائیوں کے درمیان ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کہا کہ وہ اتوار کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے فائنل کے موقع پر اس ٹورنامنٹ پر حتمی فیصلہ کر سکتا  ہے۔ 
 جمعرات کو کرک بز کی طرف سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے آئی پی ایل فائنل کے لئے سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی)، افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدور کو مدعو کیا ہے۔ خبروں کے مطابق بی سی سی آئی تمام ایشین بورڈز کے اجلاس کے بعد ایشیا کپ کے انعقاد کے حوالے سے اعلان کر سکتا ہے۔
       بی سی سی آئی کے سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین جے شاہ نے کہا ’’بنگلہ دیش، افغانستان اور سری لنکا کرکٹ بورڈز کے متعلقہ صدور ۲۸؍مئی کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں آئی پی ایل ۲۰۲۳ءکے فائنل میں شرکت کریں گے۔ ہم ایشیا کپ ۲۰۲۳ءکے حوالے سے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے ان کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ 
 خیال ر ہے کہ ۵۰؍اوور کے فارمیٹ میں ہونے والے ایشیا کپ ۲۰۲۳ءکی میزبانی اصل میں پاکستان کے ہاتھ میں تھی لیکن بی سی سی آئی نے اس ٹورنامنٹ کیلئے پڑوسی ملک کا دورہ کرنے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے’ `ہائبرڈ ماڈل‘ تجویز کیا تھا، جس کے تحت ہندوستان اپنے تمام میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے گا، جبکہ باقی پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
   جے شاہ کی جانب سے اس تجویز کو مسترد کرنے کے بعد نجم سیٹھی نے ایک نیا ماڈل متعارف کرایا جس کے تحت ایشیا کپ کے ۴؍ میچ پاکستان میں جبکہ باقی یو اے ای میں ہونے تھے۔
 کرک بز کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران پردے کے پیچھے ہونے والی بات چیت کے بعد اے سی سی کے اراکین اتفاق رائے پر پہنچ گئے ہیں۔ اب یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ ایشیا کپ کا دوسرا مقام متحدہ عرب امارات ہو گا یا سری لنکا ۔
 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایمریٹس کرکٹ بورڈ  (ای سی بی) کے ایک عہدیدار آئی پی ایل کے دوران بی سی سی آئی سے امارات میں کھیلنے کی درخواست کرنے ہندوستان آئے تھے لیکن بی سی سی آئی کے سیکریٹری   جے شاہ دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں ٹورنامنٹ کھیلنے کے حق میں نہیں تھے۔ احمد آباد میٹنگ کے دوران متحدہ عرب امارات میں موسم کی خراب صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا کیونکہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے بورڈ پہلے ہی گرمی کی وجہ سے ستمبر میں براعظمی  چمپئن شپ کھیلنے سے انکار کر چکے ہیں۔ تاہم پی سی بی میچز متحدہ عرب امارات میں کرانے کے حق میں ہے۔
 ایشیا کپ پر اتفاق رائے ہونے کے کچھ مثبت نتائج بھی ہوں گے۔ اس سے اکتوبر نومبر میں ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ کپ سے متعلق مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ پی سی بی نے کہا تھا کہ اگر ہندوستان ایشیا کپ کے لئے پاکستان نہیں گیا تو وہ ورلڈ کپ کے لئے بھی ہندوستان نہیں آئے گا۔ احمد آباد کی بات چیت میں مثبت اعلان کے بعد یہ مسئلہ حل ہونے کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK