سی اے سی کی آج ممبئی میں میٹنگ ،ہرویندر سنگھ کا بھی انٹرویو ہوسکتا ہے
EPAPER
Updated: December 29, 2022, 2:00 PM IST | New delhi
سی اے سی کی آج ممبئی میں میٹنگ ،ہرویندر سنگھ کا بھی انٹرویو ہوسکتا ہے
اشوک ملہوترا، سلکشنا نائک اور جتن پرانجپے پر مشتمل کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی (سی اے سی) کی نئی قومی سلیکشن کمیٹی کیلئے ممکنہ امیدواروں کے انٹرویوکیلئے۲۹؍ دسمبر کو ممبئی میں میٹنگ ہونے کا امکان ہے۔ سمجھا جا رہا ہے کہ بی سی سی آئی انٹرویو کیلئے ناموں کو شارٹ لسٹ کرنے کے عمل میں ہے اور سابقہ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین چیتن شرما کے سینٹرل زون کے ساتھی ہرویندر سنگھ کے اس فہرست میں شامل ہونے کا قوی امکان ہے۔
چیتن شرما دوبارہ سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بننے کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔یہی نہیں سلیکشن کمیٹی کے سینٹرل زون کے رکن ہرویندر سنگھ کے عہدے کی میعاد میں توسیع ہوسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ(بی سی سی آئی) کی جانب سے نئی سلیکشن کمیٹی کیلئے تشکیل کردہ کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی(سی اے سی) نے انٹرویو کیلئے شارٹ لسٹ کئے گئے ناموں میں چیتن شرما اور ہرویندر سنگھ کو بھی شامل کیا ہے۔ سی اے سی میں اشوک ملہوترا، سلکشنا نائک اور جتن پرانجپے شامل ہیں ۔ سی اے سی کی میٹنگ۲۹؍ دسمبر کو ممبئی میں ہوگی اور شارٹ لسٹ کیے گئے ناموں کا انٹرویو کیا جائے گا۔
بی سی سی آئی سے سلیکشن کمیٹی کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ۲۸؍ نومبر تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیتن شرما اور ہرویندر سنگھ سمیت کل۶۰؍ نئی درخواستیں موصول ہوئیں۔ چیتن شرما کو نارتھ زون سے موقع مل سکتا ہے۔ نارتھ زون سے چیتن کے علاوہ اجے رتڑا، اتل واسن اور نکھل چوپڑا نے درخواست دی ہے۔ دوسری طرف، ہرویندر سنگھ کے علاوہ، گیانیندر پانڈے نے سینٹرل زون سے دعویٰ پیش کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق چیتن اور ہرویندر کا مضبوط دعویٰ ہے کیونکہ ان دونوں نے بی سی سی کے حکام کی رضامندی کے بعددوبارہ درخواست دی ہے۔ان دونوں کے علاوہ تجربہ کار اسپنر سنیل جوشی اور سابق تیز گیند باز دیباشش موہانٹی بھی برطرف سلیکشن کمیٹی میں شامل تھے۔ جوشی اور موہانٹی نے دوبارہ درخواست نہیں دی ہے۔
سمجھا جا رہا ہے کہ چیتن اور ان کی کمیٹی کو مزید ایک ہفتے کی توسیع دی گئی ہے۔ اس دوران انہیں رنجی ٹرافی کے میچوں پر نظر رکھنے کو کہا گیا ہے۔ چیتن اور ان کے ساتھی ہرویندر تمل ناڈو کے خلاف گھریلو ٹیم کا میچ دیکھنے کے لیے دہلی میں تھے جب کہ سنیل جوشی آسام اور حیدرآباد کا میچ دیکھنے کیلئے حیدرآباد میں تھے۔