Inquilab Logo

خواتین ورلڈ کپ میں آج ہندوستان اور پاکستان کے درمیان روایتی حریفائی

Updated: March 06, 2022, 9:13 AM IST | new Delhi

میتھالی راج کی ٹیم ٹورنامنٹ میں آج اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ سبھی بلےباز فارم میں۔ گیندبازوں کے تعلق سے تشویش ۔ پاکستان بھی مقابلے کیلئے تیار

Mithali Raj
میتھالی راج

کچھ عرصے سے بلے بازی میں اچھی کارکردگی کامظاہر ہ کرنے والی ہندوستان کی خواتین ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں اتوار کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف گیندبازی میں بھی اچھی کارکردگی پیش کرنا چاہے گی۔ ہندوستانی خواتین ٹیم چاہے گی کہ وہ پاکستان کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی مہم کا آغاز کرے ۔ خیال رہے کہ ہندوستانی ٹیم ۲۰۰۵ء اور ۲۰۱۷ء میں رنرس اپ رہی ہے اور اس بار وہ خطاب پر قبضہ کرنے کیلئےٹورٹامنٹ میں شرکت کررہی ہے۔
 اس وقت ٹیم میں میتھالی راج اور جھولن گوسوامی اپنا آخری ورلڈ کپ کھیل رہی ہیں اور ایسے میں ٹیم ان  اسٹارس کے ورلڈ کپ کو یادگار بنانا چاہے گی۔ ہندوستانی ٹیم ایک ماہ قبل ہی نیوزی لینڈ پہنچ گئی تھی اور خود کو بہتر طریقے سے وہاں کے حالات میں ڈھال لیا ہے۔ ہندوستانی بلے باز اچھا کھیل رہی ہیں اور انہوں نے کچھ اچھی اننگز بھی کھیلی ہیں تاہم ٹیم کی گیندباز امید کے مطابق اچھا نہیں کھیل رہی ہیں اور ان کی کارکردگی میں کچھ کمی پائی جارہی ہے۔ہندوستانی بلے بازوں  نے ۲؍ وارم اپ میچوں کے ساتھ ۷؍میں سے ۵؍ میچوں میں ۲۵۰؍ سے زائد رن کا اسکور کیاہےاس سے ٹیم کو اچھے اشارے مل رہےہیں۔ 
 اس وقت ہندوستانی ٹیم کی گیندبازی تشویش کا موضوع ہے، ان کی ناکامی کی وجہ سے ہندوستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سیریز ۱۔۴؍ سے گنوانی پڑی تھی۔ گیند باز ۲؍میچوں میں ۲۷۰؍رن سے زائد اسکور کا دفاع کرنے میں ناکام رہیں۔ سیریز کے ۵؍ ویں میچ میں ٹیم کی بلے بازوں نے اچھی کارکردگی پیش کی جس سے ہندوستانی ٹیم کو کامیابی ملی تھی۔ ٹیم کی کپتان میتھالی راج کو امید ہے کہ ان کے کھلاڑی  بلے بازی اور گیندبازی دونوںمیں اچھی کارکردگی پیش کریں گی۔  
 ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے، میتھالی راج کی کپتانی والی ٹیم نہیں چاہے گی کہ وہ آئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ۲۰۲۲ء میں خراب شروعات کریں۔ ایسے میں ہندوستان اپنی مضبوط ٹیم کو میدان میں اتارنا چاہے گا۔ ایک اوپنر کے طور پر شیفالی ورما کو پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں ملی کیونکہ اسمرتی مندھانا اور یاستیکا بھاٹیا فارم میں ہیں۔ شیفالی کے علاوہ تانیہ بھاٹیا، پوجا وستراکر اور رینوکا سنگھ کو بھی باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔
 پاکستانی ٹیم کے بارے میں بات کی جائے تو بسمہ معروف کی قیادت والی ٹیم وارم اپ میچوں میں لگاتار دو جیت کے ساتھ پُر اعتمادہوگی۔ پاکستان بھی اپنی روایتی حریف ٹیم انڈیا کو شکست دینے کی بھرپور کوشش کرے گا اور اپنی بہترین الیون کو میدان میں اتارے گا۔ تاہم کئی کھلاڑیوں کو باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے جن میں عمائمہ سہیل، ایمن انور، فاطمہ غلام اور منیبہ علی شامل ہیں۔
ہندوستانی خواتین کی ٹیم ون ڈے کی تاریخ میں پاکستان کے خلاف کبھی نہیں ہاری ہے لیکن ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان میتھالی راج کا کہنا ہے کہ ہندوستانی ٹیم خواتین کے ورلڈ کپ میں کسی کو کمتر نہیں سمجھیں گے۔ ۲۰۱۷ء ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے والی ہندوستانی ٹیم ۲۰۲۲ء ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان سے ٹکرائے گی۔میتھالی نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم بہت اچھی ہے اور ٹیم اسے کمتر نہیں سمجھے گی۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستان کی ٹیم بھی بہت اچھی ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس نے ٹورنامنٹ کیلئے بہت محنت سے تیاری کی ہے اور ہم نے بھی۔ وہاں موجود تمام ٹیموں کے ساتھ، ہم کسی بھی ٹیم کوکمزور نہیں سمجھیں گے۔ اس لئے ہم ہر میچ میں بھرپور توانائی اور بہت زیادہ اعتماد کے ساتھ کھیلیں گے۔
 ہندوستان کی ممکنہ ٹیم :اسمرتی مندھانا، یاستیکا بھاٹیا، ہرمن پریت کور، میتھالی راج (کپتان)، دپتی شرما، رِچا گھوش (وکٹ کیپر)، اسنیہ رانا، راجیشوری گائیکواڑ، پونم یادو، میگھنا سنگھ اور جھولن گوسوامی۔پاکستان کی ممکنہ ٹیم :ناہیدہ خان، سدرہ امین، جویریہ خان، بسمہ معروف (کپتان)، ندا ڈار، عالیہ ریاض، سدرہ نواز (وکٹ کیپر)، انعم امین، نشرہ سندھو، فاطمہ ثنا اور ڈیانا بیگ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK