Inquilab Logo

یورپ کی ۲؍مضبوط ٹیموں فرانس اور پولینڈ میں ٹکر

Updated: December 04, 2022, 10:58 AM IST | Doha

دفاعی چمپئن فرانس فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں داخلے کیلئے ایڑی چوٹی کو زور لگا دے گا۔ پولینڈ میں لیوانڈوسکی کے کھیل پر نظر

French players are ready for the important match of the World Cup
فرانس کے کھلاڑی ورلڈ کپ کے اہم میچ کیلئے تیار

: اتوار کی رات الثمامہ اسٹیڈیم میں دفاعی چمپئن فرانس اور پولینڈکے درمیان مقابلہ ہوگا اور فرانس کی ٹیم اپنے خطاب کا دفاع کرنے کیلئے پری کوارٹر فائنل کے میچ میں ایڑی چوٹی کا زور لگادے گی۔  پولینڈ کی ٹیم بھی اس وقت اچھا کھیل رہی ہے اور اس کے پاس بھی اسٹار کھلاڑی ہیں۔ اس مقابلے میں بارسلونا فٹبال کلب کی جانب سے کھیلنے والے رابرٹ لیوانڈوسکی پر سبھی کی نظر ہوگی جو کہ پولینڈ کے کپتان بھی ہیں۔ 
 فیفا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے شروعات کے ۲؍ میچ فرانس نے جیت لئے تھے اور پہلے راؤنڈ ۱۶؍ میں جگہ بنالی تھی لیکن تیسرے اور آخری میچ میں اس ٹیم کو تیونس کے ہاتھوں۰۔۱؍ گول سے شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔ اس میچ میں اس کے ہیڈ کوچ ڈیڈائر ڈیس چیمپس نے اپنے اسٹار کھلاڑیوں کو آرام دیا تھا اور ان کی جگہ بینچ اسٹرینتھ کو موقع دیا تھا۔ تاہم راؤنڈ ۱۶؍ کے میچ میں  فرانس کے سبھی اسٹار کھلاڑی میدان پر موجود رہیں گے۔ 
 دوسری طرف پولینڈ کو گروپ مرحلے کےاپنے آخری میچ میں ارجنٹائنا کے ہاتھوں صفر۔۲؍ گول سے شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔ اسی گروپ میں موجود میکسیکو نے سعودی عرب کو شکست دی تھی ۔ پولینڈ اور میکسیکو کے یکسا ں ۴۔۴؍پوائنٹس ہوگئے تھے لیکن گول فرق کی بنیاد پر پولینڈ نے راؤنڈ ۱۶؍ میں داخلہ حاصل کرلیا تھا۔ میکسیکو کا گول ڈیفرینس صفر تھا اور پولینڈ کا ایک گول ڈیفرینس تھا۔ ۱۹۸۶ء کے بعد پہلی بار پولینڈ کی ٹیم ناک آؤٹ راؤنڈ میں داخل ہوئی ہے۔ اس وقت برازیل نے اسے ناک آؤٹ راؤنڈ میں باہر کردیا تھا۔ دوسری طرف فرانس نے مسلسل ۳؍ بار ناک آؤٹ راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ 
 فرانس کے پاس اسٹار کھلاڑیوں کی ایک فوج ہےجن میں کائلیان ایمباپے ، انٹوئین گریزمین اور اولیورجیرو کا نام قابل ذکر ہے۔ ان کھلاڑیوں نے گروپ مرحلے میں ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی عثمان دیمبیلے بھی ٹیم کے اسٹرائیکرس کو گول کرنے کے مواقع بناکر دے رہے ہیں اور وہ گول کرنے میں معاونت کرنے میں اہم رہے ہیں۔  
 فرانس اور پولینڈ نے سبھی ٹورنامنٹ میں ۱۶؍مرتبہ ایک دوسرے کا سامنا کیاہے۔ پولش ٹیم کے مقابلے فرنچ ٹیم کا ریکارڈ بہت اچھا ہے۔ فرنچ کی ٹیم نے ۱۶؍ میں سے ۸؍میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔پولینڈ کے حصے میں ۳؍ میچوں میں کامیابی آئی تھی جبکہ ان دونوں کے درمیان ۵؍میچ ڈرا ہوئے ہیں۔ ان دونوں کے درمیان ہونے والے ۵؍ میچوں میں مجموعی طورپر گول اوسط ۲ء۵؍ رہا ہے۔گروپ مرحلے میں فرانس نے ڈنمارک کے خلاف شاندار فٹبال کھیلا تھا اور زیادہ گول کئے تھے۔ 
 راؤنڈ ۱۶؍ کے میچ میں بھی فرانس کی ٹیم اپنے حملے کو مضبوط رکھنا چاہے گی تاکہ پولش ٹیم پر شروعات ہی سے دباؤ ڈالا جاسکے۔ ورلڈ کپ کی بات کریں تو ان دونوں کے درمیان صرف ایک بار مقابلہ ہوا ہے۔ ۱۹۸۲ء کے ورلڈ کپ کے تیسرے نمبر کیلئے ہونے والے میچ میں یہ دونوں ٹیمیں مدمقابل تھیں ۔ اس میچ میں پولینڈ فرنچ ٹیم کو زیر کردیا تھا اور ۲۔۳؍گول سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی تھی جبکہ فرانس کی ٹیم چوتھے نمبرپر رہی تھی۔ فرانس کے پاس اسٹا ر کھلاڑی ایمباپے  ہیں اور ٹیم کو ان سے بہتر کھیل کی امید ہوگی۔ روس میں ہونے والے ۲۰۱۸ء کے فیفا ورلڈکپ میں بھی ایمباپے نے قابل تعریف کارکردگی کامظاہرہ کیا تھا۔فرنچ اسکواڈ میں تازہ دم کھلاڑی بھی ہیں جنہیں موقع ملنے پر وہ ٹیم کو فاتح بناسکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK