یوئیفا کے مطابق ہاف ٹائم کے دوران ٹنل کے قریب پیش آنے والے ایک واقعہ سے متعلق سرکاری رپورٹ میں الزام سامنے آنے کے بعد اخلاقیات اور تادیبی امور کے ایک تفتیش کار کو معاملے کی مکمل جانچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: October 06, 2026, 9:07 PM IST | Zurich
یوئیفا کے مطابق ہاف ٹائم کے دوران ٹنل کے قریب پیش آنے والے ایک واقعہ سے متعلق سرکاری رپورٹ میں الزام سامنے آنے کے بعد اخلاقیات اور تادیبی امور کے ایک تفتیش کار کو معاملے کی مکمل جانچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
یوئیفا نے آئرلینڈ اور اسرائیل کے درمیان اتوار کو کھیلے جانےوالے یورپی نیشنز لیگ کے مقابلے کے دوران پیش آنے والے مبینہ تھوکنے کے واقعہ کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ یوئیفا کے مطابق ہاف ٹائم کے دوران ٹنل کے قریب پیش آنے والے ایک واقعہ سے متعلق سرکاری رپورٹ میں الزام سامنے آنے کے بعد اخلاقیات اور تادیبی امور کے ایک تفتیش کار کو معاملے کی مکمل جانچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:سنجے دت کی ’’ہندوستان میں سکون محسوس نہیں ہوتا‘‘ والے بیان پر نئی وضاحت
مبینہ طور پر آئرلینڈ کے جسمانی کارکردگی کے سربراہ ڈیمین ڈوئل نے الزام عائد کیا کہ جب دونوں ٹیمیں ہاف ٹائم کے لیے میدان سے باہر جا رہی تھیں تو ایک اسرائیلی کھلاڑی نے ان کی جانب تھوکا۔ واقعہ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور عملے کے درمیان تلخی بھی دیکھی گئی تھی تاہم اس الزام کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے اور یوئیفا کی تحقیقات کا مقصد واقعہ کی اصل صورت حال اور ممکنہ ذمہ داری کا تعین کرنا ہے۔
آئرلینڈ کے کوچ ہیمیر ہالگریمسن سے میچ کے بعد مبینہ واقعہ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے تفصیل بتانے سے گریز کیا اور کہا کہ معاملہ تادیبی کمیٹی کے جائزے میں آسکتا ہے۔ اسرائیل کے کوچ ران بین شمعون نے بھی کہا کہ وہ اس وقت ڈریسنگ روم میں پہنچ چکے تھے، اس لیے انہوں نے واقعہ خود نہیں دیکھا۔
یہ بھی پڑھئے:لیونل میسی اپنے انٹر نیشنل کریئر کاآخری میچ کھیلیں گے
یہ مقابلہ سربیا کے شہر بیکا توپولا کے ٹی ایس سی میدان میں بند دروازوں کے پیچھے کھیلا گیا اور ۱-۱ ؍گول کی برابری پر ختم ہوا۔ آئرلینڈ کی جانب سے ٹرائے پیروٹ نے پہلے ہاف میں پنالٹی پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ اسرائیل کے ڈور پیریز نے دوسرے ہاف کے آغاز کے فوراً بعد گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ آئرلینڈ اور اسرائیل کے درمیان یہ مسلسل دوسرا مقابلہ تھا اور دونوں میچوں کے دوران ماحول خاصا کشیدہ رہا۔ اس سے ایک ہفتہ قبل ہنگری کے شہر دیبریسن میں کھیلے گئے پہلے مقابلے میں آئرلینڈ نے اسرائیل کو ۰۔۳؍ سے شکست دی تھی۔ دوسرے میچ سے پہلے بھی دونوں ٹیموں کے درمیان مصافحہ اور روایتی یادگاری تحائف کا تبادلہ نہیں ہوا تھا۔
یوئیفانے کہا ہے کہ سرکاری رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد تادیبی تحقیقات شروع کی گئی ہیں اور اس معاملے میں مزید معلومات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی یہ طے ہوگا کہ کسی کھلاڑی یا دیگر متعلقہ فریق کے خلاف تادیبی کارروائی کی ضرورت ہے یا نہیں۔ یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آئرلینڈ اور اسرائیل کے درمیان حالیہ نیشنز لیگ مقابلوں پر پہلے ہی سیاسی اور سفارتی حساسیت چھائی ہوئی تھی۔ تاہم مبینہ تھوکنے کے واقعے سے متعلق حتمی نتیجہ یویفا کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔