• Wed, 07 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

الہاس نگر: ٹریفک میں پھنس جانے پرحاملہ نے رکشا ہی میں بچے کو جنم دیا

Updated: October 07, 2026, 11:45 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai

زچہ وبچہ دونوں محفوظ ۔ٹریفک کی ابترصورتحال پر شہریوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔

Family members taking the woman out of the rickshaw and to the hospital. Photo: INN
اہل خانہ خاتون کو رکشا سےنکال کر اسپتال لے جاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

شہری علاقوں میں  ٹریفک کی ابتر صورتحال نے اب شہریوں کی روزمرہ زندگی ہی نہیں بلکہ ان کی   سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ایک طرف فوری طبی امداد اور ہنگامی خدمات کو ترجیح دینے کے دعوے کئے جاتے ہیں تو دوسری جانب ٹریفک جام کے باعث بروقت طبی امداد تک رسائی ایک بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے۔ الہاس نگر میں پیش آنے والا ایک واقعہ انتظامیہ کی ناکامی کا تازہ  ثبوت ہے۔ یہاں  دردزہ میں مبتلا خاتون ٹریفک میں پھنس جانے کے باعث اسپتال تک بروقت نہ پہنچ سکی اور اسے بیچ سڑک پررکشا کے اندر ہی بچے کو جنم دینا پڑا۔ خوش قسمتی سے ماں اور نومولود دونوں محفوظ ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: قبائلی طلبہ کےسرکاری ہاسٹل میں بنیادی اورضروری سہولیات کا فقدان، طلبہ پریشان

اطلاعات کے مطابق کیمپ نمبر ۳ ؍کے سیکشن ۲۰ ؍میں رہائش پزیر   ہریکلا کو اچانک درد زہ اٹھا۔ گھر میں ذاتی سواری دستیاب نہ ہونے کے باعث اہل خانہ نے فوری طور پر  یک آٹو رکشا کو روکا اور اسے سینٹرل اسپتال لے جانے کیلئے روانہ ہوگئے۔ تاہم نیو ایریا کے قریب پہنچتے ہی رکشا زبردست ٹریفک جام میں پھنس گیا اور درد سے تڑپتی خاتون کی حالت ہر گزرتے لمحے کے ساتھ تشویشناک ہوتی گئی۔ تقریباً ۱۰؍سے  ۱۵؍ منٹ تک رکشا ٹریفک میں پھنسا رہا۔کچھ دیر بعد جب ٹریفک بحال ہوا تو رکشا اسپتال کی جانب بڑھا۔ تاہم منزل تک پہنچنے سے چند منٹ کے فاصلہ پر ہی خاتون کی زچگی ہوگئی اور اس نے رکشا کی پچھلی نشست پر ایک تندرست بیٹے کو جنم دیا۔

یہ بھی پڑھئے: خشک سالی کےدوران فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے سڑکوں کوپانی سے دھونےکا منصوبہ

واقعہ کے فوراً بعد رکشا ڈرائیور اور خاتون کے ساتھ موجود افراد نے فوری طور پر زچہ اور نومولود بچے کو سینٹرل اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ پہنچایا۔ 

اس واقعہ کے بعد شہر میں ٹریفک کی ابتر صورتحال اور ہنگامی  خدمات کی گاڑیوں کیلئے راستہ فراہم کرنے کے موثر انتظامات کی کمی پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اہم شاہراہوں پر روزانہ لگنے والے طویل ٹریفک جام کے باعث عام لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی خدمات کی گاڑیوں کیلئے راستہ بنانا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK