• Sun, 14 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انڈر۔ ۱۹؍ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ: آج ہندوستان اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے

Updated: December 14, 2025, 11:07 AM IST | New Delhi

دبئی کے آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں اتوار کو ہندوستان اور پاکستان کی نوجوان ٹیموں کے درمیان ٹکر ہوگی۔ یہ مقابلہ ہندوستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے شروع ہوگا۔

Indian batsman Vaibhav Suryavanshi is ready to take on the Pakistani bowlers. Photo: INN
ہندوستانی بلے باز ویبھو سوریہ ونشی پاکستانی گیندبازوں سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ تصویر: آئی این این

اے سی سی مینز انڈر-۱۹؍ ایشیا کپ میں ہندوستانی ٹیم نے جیت کے ساتھ آغاز کیا ہے۔ اپنے پہلے ہی میچ میں ٹیم نے یو اے ای کی ٹیم کو۲۳۴؍ رنوں سے زبردست شکست دی تھی۔ وہیں پہلے دن کے دوسرے میچ میں پاکستان انڈر۔ ۱۹؍ٹیم نے ملائیشیا کو ۲۹۷؍ رنوں سے شکست دی تھی۔ اب یہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے ٹکرانے کے لئے تیار ہیں اور مداحوں کو اس میچ کا بے صبری سے انتظار ہے۔ 
دبئی کے آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں اتوار کو ہندوستان اور پاکستان کی نوجوان ٹیموں کے درمیان ٹکر ہوگی۔ یہ مقابلہ ہندوستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے شروع ہوگا۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ ٹاس کے دوران دونوں کپتان اور مقابلے کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ہاتھ ملاتے ہیں یا نہیں۔ اتنا ہی نہیں، نوجوان ہندوستانی سنسنی ویبھو سوریہ ونشی بھی پاکستان پر ایک اور ’سرجیکل سٹرائیک‘ کرنا چاہیں گے۔ ویبھو کا بلا ان دنوں براہموس میزائل سے بھی زیادہ خطرناک ہو چکا ہے۔ اس کی جھلک جمعہ کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ہوئے میچ میں دیکھنے کو ملی تھی۔ اس مقابلے میں انہوں نے طوفانی اننگز کھیلی تھی۔ 
یو اے ای کے خلاف میچ میں ویبھونے ۱۸۰؍ کے سٹرائیک ریٹ سے بلے بازی کی تھی۔ وہ ڈبل سنچری سےمحروم رہ گئے تھے۔ وبھو نے۹۵؍ گیندوں پر ۱۷۱؍ رنوں کی دھواں دار اننگز کھیلی تھی۔ اس اننگز میں بہار کے نوجوان بلے بازنے۹؍چوکے اور ۱۴؍ چھکے بھی لگائے تھے۔ اتنا ہی نہیں انہوں نے ایک شاندار کیچ بھی لیا تھا۔ ایسے میں وہ اپنے اسی فارم کو پاکستان کے خلاف بھی جاری رکھنا چاہیں گے۔ ویبھوکے علاوہ ایرون جارج اور وِہان ملہوترابھی شاندار فارم میں ہیں۔ دونوں نے ہی یو اے ای کے خلاف پچھلے میچ میں نصف سینچری بنائی تھی۔ ایسے میں ان سے بڑی اننگز کی امید کی جا رہی ہے۔ وہیں کپتان آیوش مہاترے کا بلا چلنا ضروری ہے۔ یو اے ای کے خلاف وہ صرف ۴؍ رن ہی بنا پائے تھے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک دلچسپ اور سنسنی خیز میچ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ 
سری لنکا نے نیپال کو ہرایا
سیتمیکا سینیویرتنے (۵؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کے بعد دِمانتا مہاویتانا (ناٹ آؤٹ ۳۹) اور کَویجا گاماگے (۲۴) کی عمدہ بلے بازی کی بدولت سری لنکا نے انڈر۔ ۱۹؍ ایشیا کپ کے گروپ’ بی‘ میچ میں نیپال کو ۲۱۱؍گیندیں باقی رہتے ہوئے۸؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ سری لنکن بلے بازوں نے ۱۴ء۵؍اووروں میں ۲؍ وکٹوں کے نقصان پر ۸۴؍ رن بنا کر میچ جیت لیا۔ 
ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرتے ہوئے سری لنکا نے نیپال کی ٹیم کو ۲۸ء۵؍اووروں میں محض ۸۲؍ رن پر ڈھیر کر دیا۔ نیپال کیلئے سبھرِن شریشٹھ نے سب سے زیادہ ۱۸؍رن بنائے۔ اوپنر ساہل پٹیل ۱۲؍اور نیرج کمار یادو ۱۰؍رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیپال کے مجموعی اسکور ۸۲؍ میں سری لنکن گیند بازوں کا بڑا رول رہا، جنہوں نے ۱۹؍ رن اضافی دئیے۔ نیپال کے۸؍ کھلاڑی دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ 
بنگلہ دیش کی افغانستان پر فتح
سلامی بلے باز جواد ابرار (۹۶) اور رفعت بیگ (۶۲) کی شاندار سنچری شراکت کی بدولت بنگلہ دیش نے افغانستان کو ۷؍گیندیں باقی رہتے ہوئے ۳؍ وکٹ سے ہرا دیا۔ افغانستان نے۷؍وکٹ پر ۲۸۳؍رن بنائے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK