Inquilab Logo

وراٹ کوہلی ہندوستان سے باہر سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز

Updated: January 21, 2022, 1:28 PM IST | Agency | Paarl

یکروزہ کرکٹ میں کوہلی بیرون ملک رن بنانے کے معاملے میں سچن تینڈولکر سے آگے نکل گئے

Virat Kohli .Picture:INN
وراٹ کوہلی ۔تصویر: آئی این این

جنوبی افریقہ کے خلاف یہاں گزشتہ روز کھیلے جانے والے پہلے یکروزہ کرکٹ میچ میں ٹیم انڈیا کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی عظیم کرکٹ کھلاڑی سچن تینڈولکر سے آگے نکل گئے۔بیرن ملک سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملے میں وراٹ کوہلی نے سچن تینڈولکرکو پچھاڑ دیا۔وراٹ کوہلی کے نام اب بیرون ملک۵؍ ہزار ۱۰۸؍ رن ہوگئے ہیںجبکہ سچن تینڈولکر نے اپنے کریئر کے دوران۵؍ہزار۵۶؍رن بنائے  تھے۔ بیرون ملک سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ سری لنکا کے کمار سنگاکارا کے نام ہے جنہوںنے اپنے کریئر کے دوران سری لنکا  سے باہر یکروزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ ۵؍ ہزار  ۵۱۷؍؍رن بنائے ہیں۔
کوہلی نے گنگولی اور دراوڑ کو پیچھے چھوڑا
 پہلے یکروزہ میچ کے دوران جب وراٹ کوہلی ۲۷؍رن پر پہنچے تو انہوںنے جنوبی  افریقہ کیخلاف سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملے میں سابق کپتان سورو گنگولی اور راہل دراوڑ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔کوہلی اب اس معاملے میں صرف سچن تینڈولکر سے پیچھے ہیں جنہوں نے یکروزہ کرکٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ۲؍ہزار ایک رن بنائے ہیں۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سب سے زیادہ رن بنانے کا عالمی ریکارڈ سچن تینڈولکر کے نام ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ۳؍یکروز ہ میچوں کی سیریز سے قبل وراٹ کوہلی کے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ہزار ۲۸۷؍رن تھے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملے میں وراٹ کوہلی چھٹے نمبر پر ہیں۔وراٹ کوہلی سچن تینڈولکر کے علاوہ رکی پونٹنگ (۱۸۷۹)،کمار سنگاکارا (۱۷۸۹)، اسٹیو وا(۱۵۸۱) اور شیو نارائن چندر پال (۱۵۵۹) سے پیچھے ہیں۔ 
کوہلی کی  ۶۳؍ویں ہاف سنچری 
  وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے یکروزہ میچ میں شاندار ہاف سنچری بنائی۔ یہ یکروز کریئر میں ان کی ۶۳؍ویں ہاف سنچری تھی۔حالانکہ وہ اپنی ہاف سنچری اننگز میں صرف ایک رن کا ہی اضافہ کرسکے۔تبریز شمسی نے کوہلی کو ۵۱؍رن کے ذاتی اسکور پر تیمبا باؤما کے ہاتھوں کیچ کراکر ان کی اننگز کو ختم کیا۔کوہلی نے اس دوران اپنی ۶۳؍گیندوں کی اننگز  میں ۳؍چوکے لگائے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK