بالی ووڈ کے مشہور اداکار راجپال یادو نے جیل سے واپسی کے بعد اپنے مشکل دور کو یاد کرتے ہوئے خاندان کی جدوجہد پر خاموشی توڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے قانونی تنازع کی وجہ سے ان کے سادہ، کھیتی باڑی کرنے والے خاندان کو بہت دکھ جھیلنا پڑا۔
EPAPER
Updated: March 03, 2026, 10:55 AM IST | Mumbai
بالی ووڈ کے مشہور اداکار راجپال یادو نے جیل سے واپسی کے بعد اپنے مشکل دور کو یاد کرتے ہوئے خاندان کی جدوجہد پر خاموشی توڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے قانونی تنازع کی وجہ سے ان کے سادہ، کھیتی باڑی کرنے والے خاندان کو بہت دکھ جھیلنا پڑا۔
راجپال یادو پردے پر اپنی شاندار کامیڈی ٹائمنگ سے سب کو ہنسا دیتے ہیں، لیکن حقیقی زندگی کے پچھلے ۱۲؍ سال ان کے اور ان کے خاندان کے لیے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں تھے۔۵؍ کروڑ روپے کے تنازع اور جیل میں سلاخوں کے پیچھے رہنے کے بعد، ان کا درد اب سامنے آ گیا ہے۔ ایک انٹرویو میں جب ان سے اس جدوجہد کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ بے حد جذباتی ہو گئے اور اپنی داستان سنائی۔
راجپال یادو نے کہا کہ ’’پچھلے ۱۰۔۱۲؍ سال میں میرے خاندان نے جو کچھ برداشت کیا ہے، اسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ میرا خاندان فلم انڈسٹری سے نہیں ہے۔ وہ شاہجہان پور کے رہنے والے سادہ، کھیتی باڑی کرنے والے لوگ ہیں۔‘‘اداکار نے مزید کہا کہ تنازع ممبئی میں تھا، لیکن اس کی آنچ گاؤں تک پہنچ گئی۔ گاؤں سے لے کر ممبئی تک ان کا پورا خاندان اس قانونی معاملے کی لپیٹ میں آ گیا اور سب کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اپنوں پر پڑے کیچڑ کے چھینٹے
اداکار نے اپنی تکلیف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’ میرا خاندان، میرا گاؤں اور میرا سماج میری کمزوری ہے۔ جب کسی گڈھے پر پتھر مارا جاتا ہے اور وہاں کیچڑ ہو، تو کیچڑ کے چھینٹے چاروں طرف جاتے ہیں۔ میرے معاملے میں بھی یہی ہوا۔ جب مجھ پر پتھر پھینکے گئے، تو کیچڑ کے چھینٹے میرے بے قصور خاندان پر بھی پڑے۔‘‘
راجپال یادو نے ہاتھ جوڑ کر اپنے خاندان سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ان کا کبھی ارادہ انہیں دکھ پہنچانے کا نہیں تھا، لیکن ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت انہیں گھیرنے کی کوشش میں ان کے اپنوں کو بھی نہیں بخشا گیا۔
یہ بھی پڑھئے:سنیل شیٹی کا انکشاف: شاہ رخ کا اسٹارڈم الگورتھم سے بالاتر
ذمہ داری کا احساس
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر کام کرنے اور شہرت حاصل کرنے کے باوجود ان کے دل میں ہمیشہ اپنے ملک، سماج اور خاندان کے لیے گہری ذمہ داری رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کو بہت دکھی محسوس کرتے ہیں کہ ان کے کام یا کسی تنازع کی وجہ سے ان کے خاندان کو ذہنی دباؤ سے گزرنا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ ’’ میں اپنے خاندان سے ہمیشہ کے لیے معذرت کرتا ہوں کیونکہ وہ سنیما کے داؤ پیچ نہیں سمجھتے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:کوپا ڈیل رے: بارسلونا کوایٹلیٹیکو میڈرڈ کے خلاف بڑے چیلنج
اپنی بات ختم کرتے ہوئے راجپال یادو نے واضح کیا کہ فلم بنانے کا ان کا ارادہ بھی سچا تھا اور خاندان کے لیے ان کی محبت بھی سچی ہے۔ آج وہ دوبارہ کھڑے ہوئے ہیں تو صرف اپنے خاندان اور ان مداحوں کے اعتماد کی بدولت، جنہوں نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ نہیں چھوڑا۔