Inquilab Logo

ورلڈ چمپئن شپ:سائنا، ترشا اور گائتری پہلے راؤنڈ میں کامیاب

Updated: August 24, 2022, 12:32 PM IST | Agency | Tokyo

دوسرے راؤنڈ میں سائنانہوال کامقابلہ جاپان کی نوزومی اوکوہارا سے ہونا تھا لیکن اوکوہارا کے نام واپس لینے کے بعد ہندوستانی کھلاڑی براہ راست پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہیں

Saina Nehwal .Picture:INN
اسٹار کھلاڑی سائنا نہوال ۔ تصویر:آئی این این

: ہندوستان کی  اسٹار کھلاڑی سائنا نہوال نے بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن (بی ڈبلیو ایف) ورلڈ چمپئن شپ۲۰۲۲ء میں منگل کو ابتدائی راؤنڈ میں ہانگ کانگ کی چیونگ نیان یی کو صفر۔۲؍ سے شکست دے کراپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔
     ورلڈ چمپئن شپ۲۰۱۵ء کی چاندی کا تمغہ جیتنے والی سائنا نے ٹوکیو میٹروپولیٹن جمنازیم میں نیان یی کو ۳۸؍ منٹ میں۱۹۔۲۱، ۹۔۲۱؍ سے شکست دی۔ سائنا کا دوسرے راؤنڈ میں جاپان کی نوزومی اوکوہارا سے مقابلہ ہونا تھا لیکن  اوکوہارا کے نام واپس لینے کے بعد ہندوستانی کھلاڑی  براہ راست  پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ پری کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ تھائی لینڈ کی بوسانان اونگبامرنگفن اور جرمنی کی یوون لی کے درمیان دوسرے راؤنڈ کی فاتح سے ہوگا۔
 سائنا  خواتین کے سنگلز مقابلوں میں عالمی چمپئن شپ میں پہنچنے والی واحد ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ ان کے علاوہ ۲۰۱۹ءکی چمپئن پی وی سندھو ٹخنے کی چوٹ کی وجہ سے مقابلے سے باہر ہوگئیں، جب کہ نوجوان مالویکا بنسوڑ پہلے راؤنڈ میں ڈنمارک کی لائن کرسٹوفرسن سے ہارنے کے بعد مقابلے سے باہر ہوگئی تھیں۔سائنا نہوال کے علاوہ ترشا جولی اور گائتری گوپی چند کی ہندوستانی جوڑی نے پہلے راؤنڈ میں ملائیشیا کی لو ین یوان اور ویلری سیو کو۱۱۔۲۱، ۱۳۔۲۱؍سے شکست دے کر خواتین کے ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ ترشا-گائتری اب دوسرے راؤنڈ میں ملائیشیا کی دولت مشترکہ کھیلوں کی چمپئن جوڑی ٹین پرلی اور ٹینا مرلی دھرن سےمقابلہ کریں گی۔
 دوسری جانب خواتین کے ڈبلز میں اشونی بھٹ اور شیکھا گوتم کی جوڑی نے اٹلی کی مارٹینا کورسینی اور جوڈتھ میئر کو۸۔۲۱، ۱۴۔۲۱؍ سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی ۔ تاہم مکسڈ ڈبلز میچ میں ہندوستان کو مایوسی ملی۔ جہاں ایشان بھٹناگر اور تنیشا کرسٹو کی جوڑی دوسرے راؤنڈ میں تھائی لینڈ کی سوپاک جومکوہ اور سوپیسارا پوسمپران سے۱۴۔۲۱، ۱۷۔۲۱؍ سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔
 وینکٹ پرساد اور جوہی دیوانگن کی مکسڈ ڈبلز جوڑی کو بھی ابتدائی راؤنڈ میں انگلینڈ کے گریگوری میئرس اور جینی مور سے۱۰۔۲۱، ۲۱۔۲۳؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فرانس کے فیبین ڈیلور اور ولیم ویلگر نے پہلے راؤنڈ میں کرشنا پرساد گرگ اور وشنو وردھن پنجلا کی ہندوستانی مرد جوڑی کو۱۴۔۲۱، ۱۸۔۲۱؍ سے ہراکرٹورنامنٹ سے باہر کا راستہ دکھایا۔ خیال رہے کہ ہندوستان کے نوجوان بیڈمنٹن کھلاڑی  لکشیا سین نے پیرکو بی ڈبلیو ایف ورلڈ بیڈمنٹن چمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ میں ڈنمارک کے ہانس کرسٹیان وِٹنگس کو صفر۔۲؍ سے شکست دے کر اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔ ۹؍ویں سیڈ سین نے ٹوکیو میٹروپولیٹن جمنازیم میں ڈنمارک کے عظیم کھلاڑی کو ۱۲۔۲۱، ۱۱۔۲۱؍ سے سیدھے گیمز میں شکست دی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK