Inquilab Logo

ڈبلیوپی ایل پوری دنیا میں مشہور ہونے والی ہے: ہرمن پریت

Updated: February 01, 2023, 1:36 PM IST | New delhi

ٹیم انڈیا کی کپتان نے کہا: خواتین کی کرکٹ لیگ سے نوجوان کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا

photo;INN
تصویر :آئی این این

 کرکٹ لیگز نے طویل عرصے سے بین الاقوامی کرکٹ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان لیگز نے نوجوان کرکٹرس کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے ہیں، جن کو یہ لیگ ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے کہ نوجوان کرکٹرس بڑی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ اگرچہ دنیا کی تمام مشہور لیگز میں مرد کرکٹرس کو کھیلتے ہوئے دکھایا جاتا ہے لیکن اب بی سی سی آئی کے اقدام سے خواتین کرکٹرس کی ڈبلیو پی ایل (ویمنز پریمیر  لیگ) کا افتتاحی سیزن مارچ سے شروع ہونے جا رہا ہے۔
 ہندوستانی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کا کہنا ہے کہ خواتین کی پریمیر لیگ ہندوستان کو بہت سے نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرس کو سامنے لانے میں مدد دے گی اور یہ لیگ ہندوستان  کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں مشہور ہونے  والی ہے ۔اس لیگ میں صرف ہندوستان سے ہی نہیں بلکہ بیرون ملک کی کھلاڑیاں بھی شرکت کرنے والی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ہماری نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کھلاڑیوں کے تجربے سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا اور وہ بھی اپنی صلاحیت کو نکھار سکیں گی۔
 ہرمن پریت نے کہا’’ہم نے آئی پی ایل کے بعد مردوں کی کرکٹ میں بہتری دیکھی ہے۔ جو بہتری ہم نے مردوں کی کرکٹ میں دیکھی ہے وہ خواتین کی کرکٹ میں بھی دیکھی جا سکتی ہے۔ ڈبلیو پی ایل نہ صرف ہندوستان میں بلکہ پوری دنیا میں بہت مقبول ہونے والا ہے ۔آئی پی ایل پہلے ہی مشہور ہے اوراب خواتین کے پریمیر لیگ سے ہمیں بہت سے نوجوان ٹیلنٹ نظر آئیں گے۔‘‘
 ان کا مزید کہنا تھا کہ’’یہ لیگ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے میں مدد دے گی۔ ایک نوجوان کھلاڑی کے لئے بین الاقوامی کرکٹ میں ان رکاوٹوں کا براہ راست سامنا کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ اس لئے یہ لیگ نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ سے روشناس کرانے میں مدد دے گی۔ مجھے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہت اچھا محسوس ہورہا ہے۔ 
 ہرمن پریت کور نے کہا’’میں واقعی خوش ہوں کہ اب ہم اپنے جارحانہ کرکٹ کے نتائج دیکھ رہے ہیں۔ ٹیم میٹنگز میں ہم بحث کرتے ہیں کہ ہمیں اٹیکنگ کرکٹ کھیلنا ہے۔ ہمیں اپنے انداز میں مثبت رہنا ہوگا چاہے پچ کس طرح کا برتاؤ کر رہی ہو۔‘‘
 خیال رہے کہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائزیز رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی)، دہلی کیپٹلز (ڈی سی) اور ممبئی انڈینس (ایم آئی) نے ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں بھی  ایک ایک ٹیم کے مالکانہ حقوق حاصل کر لئے تھے۔ آر بی سی  نے گزشتہ بدھ کو ٹویٹ کیاتھا’’رائل چیلنجرز بنگلور اب بنگلورو ویمنز پریمیر لیگ ٹیم کی مالک ہے۔‘‘بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے مطابق، رائل چیلنجرز اسپورٹس نے بنگلورو کی خواتین ٹیم کے مالکانہ حقوق حاصل کئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK