Updated: January 12, 2026, 2:12 PM IST
|
Agency
| Navi Mumbai
ڈبلیو پی ایل میں بنگلور سے پہلا میچ ہارنے کے بعد ممبئی انڈینس کی فارم میں واپسی ،ہرمن پریت نے ناٹ آؤٹ ۷۴؍رن بنائے، ٹیم کی گیند بازی بھی عمدہ رہی۔
ہرمن پریت نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد۔ تصویر:پی ٹی آئی
ممبئی انڈینس کی خاتون ٹیم نے کپتان ہرمن پریت کور (ناٹ آؤٹ۷۴)اور نیٹ سیور برنٹ(۷۰) کی شاندار بلے بازی کے بعد نیکولا کیری ( ۳؍ وکٹ) اور امیلیا کیر (۳؍ وکٹ ) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت سنیچر کو ویمنس انڈین پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے تیسرے مقابلے میں دہلی کیپٹل کو۵۰؍ رن سے شکست دے دی ۔ممبئی کی جانب سے نکولا کیری اور امیلیا کیر نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ نیٹ برنٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ شبنم اسماعیل اور سنسکرت گپتا نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
۱۹۶؍رن کے ہدف کے تعاقب میں دہلی ویمنس کی شروعات نہایت مایوس کن رہی اور ٹیم نے پاور پلے کے اندر ہی چار اہم وکٹیں گنوا دیں۔ اوپنرز لِزیل لی اور شیفالی ورما جلد پویلین لوٹ گئیں جس کے بعد مڈل آرڈر بھی دباؤ نہ سنبھال سکا۔چوتھے اوور میں نیٹ سیور-برنٹ نے لِزیل لی کو آؤٹ کر کے پہلی کامیابی دلائی جبکہ اگلے ہی اوور میں نیکولا کیری نے شیفالی ورما اور لورا وولوارٹ کو بولڈ کر کے دہلی کی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ پاور پلے کے دوران جمیما روڈریگز بھی صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔یوں۱۹۶؍ رن کے تعاقب میں دہلی کیپٹل وومین کی ٹیم ابتدا ہی میں مشکلات کا شکار نظر آئی۔ ممبئی کی جانب سے نیکولا کیری نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شبنم اسماعیل اور نیٹ سیور-برنٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر کے دباؤ مزید بڑھا دیا۔بعد ازاں ساتویں اوور میں ماریزان کیپ کا وکٹ بھی گر گیاجس کے ساتھ ہی ممبئی انڈینس نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔
دہلی کیپٹل ۱۲؍ویں اوور میں چھٹا نقصان اٹھانا پڑا، جب امیلیا کیر نے نکی پرساد کو بولڈ کر دیا۔ نکی پرساد نے۱۸؍ گیندوں پر۱۲؍ رن بنائے اور چینیل ہینری کے ساتھ۴۰؍ رن کی شراکت قائم کی۔۱۴؍یں اوور میں چینیل ہینری کا باؤنڈری پر نیکولا کیری سے کیچ چھوٹا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اگلی ہی گیند پر ہینری نے چھکا جڑ کر ٹیم کا اسکور۱۰۰؍ تک پہنچا دیا۔ تاہم یہ مزاحمت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی ۔ ۱۵؍ ویں اوور میں نیٹ سیور-برنٹ نے اسنیہا رانا کو مڈ آف پر کیچ کروا دیا جبکہ۱۸؍ ویں اوور میں امیلیا کیر نے چینیل ہینری(۵۶) اور منّو مَنی (۷)کو آؤٹ کر کے دہلی کی اننگز کا خاتمہ تقریباً یقینی بنا دیا۔
یوں ممبئی انڈینس کی شاندار گیندبازی کے سامنے دہلی کی بیٹنگ دباؤ میں آ کر بکھر گئی۔سنسکرت گپتا نے۱۹؍ ویں اوور میں نندنی شرما کو کیچ دے دیا۔ اس کے ساتھ ہی دہلی کی ٹیم۱۴۵؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ممبئی نے یہ میچ۵۰؍ رن سے جیت لیا۔اس سے قبل یہاں دہلی نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری ممبئی انڈینس کی شروعات اچھی نہ رہی اور ٹیم نے دوسرے ہی اوور میں افتتاحی بلے باز امیلیا کیر کا وکٹ گنوا دیا۔ ممبئی کا دوسرا وکٹ جی کمالینی(۱۶) کے طور پر گرا۔۱۵؍ویں اوور میں شری چارَنی نے نیٹ اسکوائر برنٹ کو آؤٹ کر کے ممبئی کو تیسرا جھٹکا دیا۔ نیٹ سیور برنٹ نے۴۶؍ گیندوں پر۱۳؍ چوکوں کی مدد سے۷۰؍رن بنائے۔ نکولا کیری۲۱؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
ممبئی انڈینس نے مقررہ۲۰؍ اوور میں ۴؍ وکٹ کے نقصان پر۱۹۵؍ رن بنائے۔ کپتان ہرمن پریت کور نے۴۲؍ گیندوں پر۸؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگا کر ناٹ آؤٹ۷۴؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ دہلی کیپٹل کی جانب سے نندنی شرما نے دو وکٹ حاصل کیے، جبکہ شری چارَنی اور شیلین ہینری نے ایک، ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اپنا پہلا میچ کھیلنے والی دہلی کی نندنی شرما نے گیندبازی میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے۲؍وکٹ حاصل کئے۔