Inquilab Logo

یشسوی جیسوال کو پجارا کی جگہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل کر نے کا امکان

Updated: June 16, 2023, 3:18 PM IST | Mumbai

باصلاحیت نوجوان کھلاڑی یشسوی جیسوال کو تجربہ کار بلے باز چیتشور پجارا کی جگہ جولائی میں ہندوستان کے دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنے کا امکان ہے

Yashvi Jaiswal had a brilliant batting performance in IPL
آئی پی ایل میں یشسوی جیسوال نے شاندار بلے بازی کی تھی

باصلاحیت نوجوان کھلاڑی یشسوی جیسوال کو تجربہ کار بلے باز چیتشور پجارا کی جگہ جولائی میں ہندوستان کے دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنے کا امکان ہے۔ویسٹ انڈیز کا دورہ ۲۵۔۲۰۲۳ء​​ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی ) سائیکل میں ان کی پہلی سیریز ہو گی لیکن سلیکٹرز آسٹریلیا کے ہاتھوں ڈبلیو ٹی سی فائنل میں شکست کے بعد ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کر رہے ہیں۔
  ٹیم کے کپتان روہت شرما، شبھمن گل، وراٹ کوہلی اور اجنکیا رہانے ڈومینیکا اور ٹرینیڈاڈ میں ہونے والے ۲؍ ٹیسٹ میچوں میں شرکت کیلئے تیار ہیں لیکن ٹیم میں چیتشور پجارا کی جگہ پر سوالیہ نشان ہے۔پجارا، جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں طویل عرصے سے ہندوستان کے لئے تیسرے نمبر پر  بلے بازی کی ہے، ۲۰۲۰ءسے اب تک ۵۲؍اننگز (۲۸؍ ٹیسٹ) میں ۲۹ء۶۹؍کےمایوس کن اوسط سے صرف ایک سنچری اسکور کر پائے ہیں۔ دسمبر۲۰۲۲ء میں چٹاگانگ ٹیسٹ میں ۹۰؍اور ۱۰۲؍ناٹ آؤٹ کے اسکور کو ہٹانے سے، ان کا بیٹنگ اوسط ۲۶ء۳۱؍ہوجاتی ہے۔
 خبروں کے مطابق پجارا کا ٹیسٹ ٹیم سے باہر ہونا یقینی نہیں ہے لیکن یہ کہا جا سکتا ہے کہ آخری۱۱؍ میں ان کی جگہ پائیدار نہیں رہی۔ اگر انہیں ویسٹ انڈیز کے دورے کے لئے بھی منتخب کیا جاتا ہے تو ان کے کھیلنے کا یقین نہیں ہے۔ کرک بز کے مطابق ہندوستانی ٹیم انتظامیہ اس جگہ کے لئے  یشسوی جیسوال کو آزما سکتی ہے۔
 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی ٹیم کی ساخت کو ایک ہی جھٹکے میں تبدیل کرنے کا تجربہ نہیں کرنا چاہتا اور روہت شرما کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں ہندوستان کی کپتانی جاری رکھیں گے۔کرک بز نے بی سی سی آئی کے ایک ذرائع کے حوالے سے کہا’’ہر ٹیسٹ اہم ہوتا ہے اور اس کا نتیجہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل میں تعاون دیتا  ہے۔ ہم ٹیسٹ میچ میں تجربہ نہیں کر سکتے۔
           ٹیم میں پجارا کی جگہ کے علاوہ سلیکٹر محمد سمیع کو بھی آرام دینے پر غور کر سکتے ہیں۔ سمیع بارڈر گاوسکر ٹرافی کے بعد سے مسلسل گیند بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈبلیو ٹی سی فائنل سے قبل ۱۷؍آئی پی ایل میچ بھی کھیلے تھے۔ اکتوبر۔نومبر میں ہندوستانی سرزمین پر منعقد ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے محمد سمیع کو ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز کے لئے آرام دیا جا سکتا ہے۔
 آندھرا پردیش کے وکٹ کیپر سریکر بھرت کے ڈبلیو ٹی سی فائنل میں بلے سے ناقص کارکردگی کے باوجود ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کا امکان ہے۔ شریس ایر اور کے ایل راہل کی غیر موجودگی میں، سنجو سیمسن ون ڈے اور ٹی ۔۲۰؍ اسکواڈ میں واپسی کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK