ٹیم انڈیا کے کپتان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاوسکر،دراوڑ اور اظہر الدین کو پیچھے چھوڑ دیا،انگلینڈ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ہندوستانی ریکارڈ قائم کیا۔
EPAPER
Updated: July 04, 2025, 12:32 PM IST | Inquilab News Network | Birmingham
ٹیم انڈیا کے کپتان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاوسکر،دراوڑ اور اظہر الدین کو پیچھے چھوڑ دیا،انگلینڈ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ہندوستانی ریکارڈ قائم کیا۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے جمعرات کو انگلینڈ میں وہ کارنامہ انجام دیا جو آج تک کسی ہندوستانی یا ایشیائی کپتان نے نہیں کیا تھا۔ برمنگھم کے ایجبشٹن میں کھیلے جا رہے اینڈرسن۔ تینڈولکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن شبھمن گل نے ۳۱۱؍گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی اور انگلینڈ میں ایسا کرنے والے پہلے ہندوستانی اور ایشیائی کپتان بن گئے۔ دوسرے دن چائے کے وقفے تک ہندوستان نے ۷؍ وکٹوں پر ۵۶۴؍رن بنا لئے تھے اور گل ۲۶۵؍ رن بنا کر ناقابل شکست تھے۔ ان کا ساتھ دینے کے لئے آکاش دیپ کریز پر موجود تھے۔ یہ دل مانگے مور کی طرح شائقین کہنا تھا کہ یہ گل مانگے مور۔
گاوسکر اور اظہر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
شبھمن گل نے انگلینڈ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ انہوں نے اس معاملے میں ۱۹۷۹ءمیں اوول میں سنیل گاوسکر کے ۲۲۱؍رن اور راہل دراوڑ کے ۲۰۰۲ء میں ۲۱۷؍رنوں کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ایجبسٹن میں پہلے دن بدھ کو گل نے سنچری بنائی تھی اور ۱۱۴؍رن بنا کر ناقابل شکست واپس لوٹے تھے۔ لیکن وہ یہیں نہیں رکے اور جمعرات کو اس اننگز کو ڈبل سنچری میں تبدیل کردیا۔ گل نے جوش ٹنگ کی گیند پر ڈیپ فائن لیگ کی سمت میں ایک رن لے کر اپنی پہلی ٹیسٹ ڈبل سنچری مکمل کی۔
گل نے اپنی ۲۰۰؍رنوں کی اننگز میں ۳۱۱؍گیندوں کا سامنا کیا اور ۲۱؍چوکوں کے ساتھ ۲؍ چھکے بھی لگائے۔ یہ ڈبل سنچری بطور کپتان ان کی پہلی اور مجموعی طور پر ایک انتہائی یادگار اننگز بن گئی۔ اس کارنامے کے ساتھ شُبھمن گل، منصور علی خان پٹودی، سنیل گاوسکر، سچن تینڈولکر اور ایم ایس دھونی کی اس خاص فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے ہندوستان کے لئے بطور کپتان ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنائی ہے۔ گل سے پہلے ہندوستانی کپتان کے طور پر سینا (جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا) ممالک میں سب سے بڑا اسکور محمد اظہر الدین کے نام تھا جنہوں نے ۱۹۹۰ء میں آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ۱۹۲؍رن بنائے تھے۔ وہیں، انگلینڈ میں بطور کپتان اظہر الدین کا ۱۷۹؍ رن (مانچسٹر، ۱۹۹۰ء) کا سب سے بڑا اسکور تھا، جسے اب شبھمن گل نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اس سے پہلے گل نے لیڈز میں بطور کپتان اپنے ڈیبیو میچ میں ۱۴۷؍ رنوں کی اننگز کھیلی تھی اور اب ایجبسٹن میں ڈبل سنچری بنا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کی کمان ایک قابل اعتماد اور مضبوط بلے باز کے ہاتھوں میں ہے۔ گل انگلینڈ میں ڈبل سنچری بنانے والے ہندوستان کے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے یہ کارنامہ صرف سنیل گاوسکر اور راہل ڈراوڑ نے ہی حاصل کیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم کو یہ اننگز اس وقت ملی ہے جب ٹیسٹ ٹیم وراٹ کوہلی اور روہت شرما کے دور کے بعد ایک نئے دور کی طرف بڑھ رہی ہے اور شُبھمن گل اس نئی کہانی کے مضبوط ہیرو بنتے نظر آ رہے ہیں۔
گل کے علاوہ رویندر جڈیجہ نے ۸۹؍رنوں کی شاندار اننگز کھیلی اور ہندوستانی ٹیم کو ایک بڑے ہدف تک پہنچانے کی بنیاد رکھی۔ انگلینڈ کے تیز گیندبازوں کو پچ سے مدد نہیں مل رہی تھی جس کا فائدہ اٹھا کر گل اور جڈیجہ نے چھٹے وکٹ کیلئے ۲۰۳؍ رنوں کی شراکت کی۔ ہندوستان نے دوسرے دن کا آغاز ۵؍ وکٹوں پر ۳۱۰؍ رنوں سے کیا اور صبح کے سیشن میں ۲۵؍اوور میں جڈیجہ کے طور پر ایک وکٹ کھو کر ۱۰۹؍رن بنائے۔ پچ سے کوئی مدد نہ ملنے پر انگلینڈ نے گل اور جڈیجہ کے خلاف شارٹ گیندبازی کی منصوبہ بندی اپنائی لیکن صبح کے سیشن میں زیادہ تر وقت یہ کارآمد نہیں رہی۔ جوش ٹنگ نے سیشن کے اختتام پر شارٹ گیند سےاس سیشن کی واحد کامیابی حاصل کی۔ جڈیجہ اچھال لیتی گیند کو کنٹرول نہیں کر سکے اور وکٹ کیپر جیمی اسمتھ نے آسان کیچ لیا۔
ڈبل سنچری بنانے والےدوسرے کم عمر کپتان
شبھمن گل ۲۵؍سال ۲۹۸؍دن کی عمر میں منصور علی خان پٹودی کے بعد ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے سب سے کم عمر ہندوستانی کپتان بن گئے ہیں۔ منصورعلی خان نے ۱۹۶۴ء میں ۲۳؍ سال ۳۹؍دن کی عمر میں دہلی میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔