۱۰؍ سیاسی اصطلاحات جن سے آپ کی واقفیت ضروری ہے!
Updated: November 20, 2026, 4:15 PM IST
| Taleemi Inuqilab
| Mumbai
ان اہم اصطلاحات کو جانیں، ان کے معنی سمجھیں اور دنیا کے مختلف ممالک کی مثالوں کے ذریعے حکومتی نظاموں اور سیاسی نظریات کو پہچاننے کی کوشش کریں۔ تمام ۱۰؍ اصطلاحات اسی صفحہ پر درج ہیں۔
ہندوستانی پارلیمنٹ کا اندرونی منظر۔ تصویر: آئی این این
اگر آپ خبریں دیکھتے ہیں تو آپ کو یہ معلوم ہوگا کہ دنیا بھر میں دایاں محاذ کمزور پڑ رہا ہے۔ لیکن سیاست صرف انتخابات، سیاسی جماعتوں اور حکمرانوں تک محدود نہیں بلکہ اس کی اپنی ایک دلچسپ دنیا ہے، جہاں مختلف نظریات، حکومتی نظام اور سیاسی اصطلاحات اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اکثر خبروں میں آپ کی نظروں سے درج بالا اصطلاحات گزرتی ہوں گی مگر کیا آپ ان کے معنی اور فرق سے واقف ہیں؟ کوئی ملک بادشاہت کے تحت چلتا ہے، تو کہیں چند طاقتور افراد حکومت اور معیشت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ان کالموں میں جانئے ۱۰؍ اہم اصطلاحات کا مفہوم:
۱۔ لیفٹ وِنگ(Left Wing)، یعنی بایاں بازو
یہ سیاسی نظریہ معاشرے میں مساوات، سماجی انصاف اور معاشی برابری کو اہمیت دیتا ہے۔ اس نظریے کے حامی سمجھتے ہیں کہ امیر اور غریب کے درمیان فرق کم ہونا چاہئے اور ہر شخص کو تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولتیں یکساں طور پر ملنی چاہئیں۔ بایاں بازو مزدوروں، کسانوں اور غریب طبقے کے حقوق کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے۔ مثال: برازیل، میکسیکو، یوروگوئے، کیوبا۔
۲۔ رائٹ وِنگ (Right Wing)، یعنی دایاں بازو
یہ سیاسی نظریہ روایات، مذہبی و ثقافتی اقدار، قومی شناخت اور مضبوط ریاستی نظام کو اہمیت دیتا ہے۔ اس کے حامی سمجھتے ہیں کہ معاشرے کی روایات اور قائم شدہ اداروں کا تحفظ ضروری ہے۔ یہ محاذ مذہبی اقدار پر زور دیتا ہے جبکہ بعض معاشی آزادی اور قومی مفادات کو زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ ہر ملک میں اس کا انداز ایک جیسا نہیں ہوتا۔ مثال: ارجنٹائنا، چلی، اٹلی، ایل سلواڈور، پیراگوئے۔
۳۔ بنانا ریپبلک (Banana Republic)، یعنی کمزور حکومت
یہ اصطلاح ایسے ملک کیلئے استعمال ہوتی ہے جہاں بدعنوانی، سیاسی عدم استحکام اور کمزور حکومتی ادارے عام ہوں۔ ایسے ملک میں چند طاقتور افراد، کاروباری گروہ یا غیر ملکی کمپنیاں حکومت اور معیشت پر غیر معمولی اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔ یہاں عوام کے نہیں بااثر افراد کے ذاتی مفادات کو ترجیح دی جاتی ہے۔ مثال: ہونڈوراس، گوئٹے مالا، نکاراگوا، کوسٹا ریکا۔
۴۔ آٹو کریسی (Autocracy)، یعنی مطلق العنان حکمرانی
اس نظام میں سیاسی طاقت ایک ہی شخص کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ یہ حکمراں اپنی مرضی سے اہم فیصلے کرتا ہے اور اس کے اختیارات پر پارلیمنٹ، عدالتوں یا دیگر اداروں کا مؤثر کنٹرول بہت کم ہوتا ہے۔ ایسے نظام میں عوام کو حکومت کے فیصلوں میں حصہ لینے یا حکمران کو جواب دہ بنانے کے محدود مواقع ملتے ہیں۔مثال: شمالی کوریا، اریٹیریا، ترکمانستان، بیلاروس۔
۵۔ اولیگارکی(Oligarcy)، یعنی چند افراد کی حکمرانی
اس میں ملک کی اصل طاقت چند مخصوص افراد، خاندانوں یا طاقتور گروہوں کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ یہ لوگ اپنی دولت، کاروبار، فوجی طاقت یا سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے حکومتی فیصلوں پر قابو رکھتے ہیں۔ ایسے نظام میں بظاہر جمہوری ادارے موجود ہوسکتے ہیں، لیکن اہم فیصلے عوام کے بجائے چند بااثر افراد کرتے ہیں۔ مثال: روس، قدیم یونان کی شہری ریاستیں، وینس۔
۶۔ لابنگ (Lobbying)، یعنی فیصلوں پر اثر انداز ہونا
یہ ایسا عمل ہے جس میں افراد، تنظیمیں، یا کمپنیاں حکومت اور قانون سازوں کو اپنے مطالبات کے حق میں قائل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے وہ حکومتی نمائندوں سے ملتے ہیں، معلومات دیتے ہیں اور اپنے مطالبات کے حق میں دلائل پیش کرتے ہیں۔ بعض ملکوں میں لابنگ ایک قانونی جمہوری عمل ہے۔ مثال: امریکہ، کنیڈا، آسٹریلیا، جرمنی، فرانس۔
۷۔ مونارکی (Monarchy)، یعنی بادشاہت
یہ ایسا نظام ہے جس میں ملک کا سربراہ بادشاہ، ملکہ یا شاہی خاندان کا کوئی فرد ہوتا ہے۔ یہ عہدہ خاندانی وراثت کے ذریعے ایک سے دوسری نسل کو منتقل ہوتا ہے۔ اس کی دو اہم شکلیں ہیں: مطلق بادشاہت اور آئینی بادشاہت۔ مطلق بادشاہت میں بادشاہ کے پاس زیادہ اختیارات ہوتے ہیں۔ مثال: سعودی عرب، جاپان، برطانیہ، اردن، بھوٹان۔
۸۔ فیوڈل سسٹم (Feudal System)، یعنی جاگیردارانہ نظام
یہ ایک ایسا سماجی، معاشی اور سیاسی نظام تھا جس میں زمین کو دولت اور طاقت کا سب سے اہم ذریعہ سمجھا جاتا تھا۔ اس نظام میں حکمراں بڑے جاگیرداروں کو زمین دیتے تھے اور بدلے میں وہ فوجی مدد اور وفاداری فراہم کرتے تھے۔ اس نظام میں زمین اور اختیارات چند طاقتور خاندانوں تک محدود رہتے تھے۔ تاریخی مثال: فرانس، انگلینڈ، جرمنی، اسپین۔
۹۔ تھیوکریسی (Theocracy)، یعنی مذہبی حکمرانی
اس نظام میں مذہب اور مذہبی اصولوں کو ریاستی حکمرانی میں مرکزی حیثیت ملتی ہے۔ یہاں قوانین اور حکومتی فیصلے مذہبی تعلیمات کی روشنی میں کئے جاتے ہیں۔ بعض تھیوکریٹک نظاموں میں مذہبی رہنما براہِ راست حکومتی اختیارات رکھتے ہیں، جبکہ بعض میں مذہبی ادارے حکومت کے اہم فیصلوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ مثال: ایران، ویٹیکن سٹی، افغانستان۔
۱۰۔ کراؤنڈ ریپبلک (Crowned Republic)، یعنی
تاجدار جمہوریہ (غیر رسمی اصطلاح)۔ یہ کوئی باقاعدہ یا عام طور پر تسلیم شدہ حکومتی نظام نہیں، بلکہ بعض سیاسی مباحث میں آئینی بادشاہت کو سمجھانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس تصور میں بادشاہ یا ملکہ ریاست کا سربراہ ہوتا ہے، لیکن اصل حکومتی اختیارات منتخب پارلیمنٹ اور حکومت کے پاس ہوتے ہیں۔ مثال: کنیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ناروے، ڈنمارک۔