Inquilab Logo

فیسٹیول میں شرکت طلبہ کو فنونِ لطیفہ کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کراتی ہے

Updated: January 27, 2023, 11:07 AM IST | Shahebaz khan | Mumbai

سال بھر میں ممبئی میں سیکڑوں فیسٹیولس کا انعقاد ہوتا ہے جن میں طلبہ کو شرکت کرنی چاہئے۔ یہ صرف تفریح نہیں بہت کچھ سیکھنے کا ذریعہ بھی ہے ۔ کم از کم ایک فیسٹیول میں تو ضرور شامل ہونے کی کوشش کریں

A picture of Mumbai`s Govindi area and the art festival there.
ممبئی کے علاقے گوونڈی اور وہاں کے آرٹ فیسٹیول کی ایک تصویر۔

نئے سال میں ممبئی میں متعدد فیسٹیول اور کارنیوال کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان میں بیشتر ایسے ہوتے ہیں جو عام طور پر موسم سرما میں منعقد کئے جاتے ہیں۔ ممبئی شہر اپنے فیسٹیول اور کارنیوال کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہے یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی سطح پر ہونے والے فیسٹیول بھی اب ممبئی کا رُخ کرنے لگے ہیں۔ اس سال ’’فن ٹیک‘‘ (صفحۂ اول پر نیچے کی جانب دائیں طرف) ممبئی میں منعقد ہورہا ہے جبکہ اس کا انعقاد سنگاپور اور دیگر ایشیائی ممالک میں ہوتا ہے۔ 
 جنوری اور فروری میں طلبہ کے اسکولوں اور کالجوں میں بھی ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ بیشتر طلبہ اپنے اسکول کے ثقافتی پرگراموں کے بارے میں تو جانتے ہیں لیکن ان کے علاوہ اور کس قسم کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، ان کے بارے میں نہیں جانتے۔ طلبہ کو چاہئے کہ وہ اپنے یا دیگر علاقوں کے اسکولوں میں ہونے والی ثقافتی سرگرمیوں کے بارے میں جاننے کی کوشش کریں۔ علاوہ ازیں، ان کالموں میں ہم انہیں ممبئی میں منعقد ہونے والے ۸؍ فیسٹیول کے بارے میں بتارہے ہیں۔ واضح رہے کہ ان میں طلبہ کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے۔  آپ بھی ان میں سے چند فیسٹیول میں شرکت کرنے کی کوشش کریں۔
ایلیفینٹا فیسٹیول
  ممبئی سے نصف گھنٹے کے فاصلے پر بحیرۂ عرب میں واقع ایلیفینٹا جزیرہ اپنے غاروں کیلئے مشہور ہے۔ ملک کی ثقافت کو فروغ دینے کیلئے ہر سال ۲؍ روزہ ایلیفینٹا فیسٹیول کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں ملک بھر کے افراد شرکت کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ یہاں کا میوزک فیسٹیول عوام میں بے حد مقبول ہے۔
نوی ممبئی فیسٹ
 ممبئی سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر نوی ممبئی ہے جہاں جنوری میں ۳؍ روزہ فیسٹیول کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس میں ضروری اشیاء سے لے کر کھانے پینے کا تمام سامان ملتا ہے۔ ممبئی اور مضافات کے شہری اس فیسٹیول کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔
منتھلی فرسٹ فرائیڈے
 فیئر بزنس ڈیٹا اینڈ ٹیک
 ہر ماہ کے پہلے جمعہ کو یہ فیسٹیول آن لائن منعقد کیا جاتا ہے ۔ یہ ایک کریئر ایونٹ ہے جس میں شرکت کر کے آپ کو اپنے کریئر کا ہدف طے کرنے کا سنہرا موقع مل سکتا ہے۔ اور اگر آپ کے پاس ایک اچھا بزنس پلان ہے تو یہاں سرمایہ کار بھی مل سکتے ہیں۔
ممبئی اسٹرابیری فیسٹ ۲
 موسم سرما کا پھل اسٹرابیری سبھی کو پسند ہے۔ ممبئی اور مضافات کے افراد اسٹرابیری گارڈن دیکھنے کیلئے مہابلیشور کا رخ کرتے ہیں لیکن فروری میں ممبئی میں اسٹرابیری فیسٹیول کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں اس پھل کے مختلف پکوان اور مشروبات خرید کر شہری ان سے لطف اندوزہوسکتے ہیں۔
ممبئی اَربن آرٹ فیسٹیول
 یہ فیسٹیول کم سے کم ۳؍ ماہ تک جاری رہتا ہے لیکن فروری کے ۱۰؍ دن  اہم ہوتے ہیں جن میں آرٹ کی دنیا کی بڑی شخصیات شرکت کرتی ہیں اور طلبہ کو مفید مشوروں سے نوازتی ہیں۔یہ تہوار باندرہ، قلابہ اور ماہم میں بیک وقت ہوتا ہے جہاں عمارتوں پر فن پارے بنائے جاتے ہیں نیز ممبئی کے ترقیاتی کاموں کو مختلف انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
کالا گھوڑا آرٹ فیسٹیول
 یہ ۱۰؍ روزہ میلہ نہ صرف ہندوستانی بلکہ غیر ملکیوں میں بھی کافی مشہور ہے۔ اس میں شرکت کیلئے باقاعدہ بیرون ملک سے طلبہ آتے ہیں۔ یہاں مختلف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔طلبہ کی بڑی تعداد اس فیسٹیول میں شرکت کی غرض سے آتی ہے۔ 
ممبئی فلاور ایگزیبیشن
 ویر جیجا ماتا بھونسلے ادیان (رانی باغ) ، بائیکلہ میں ہر سال پھولوں کی نمائش لگائی جاتی ہے جس میں رنگ برنگے پھولوں کو خوبصورت اندا ز میں سجایا جاتا ہے۔ یہ نمائش طلبہ میں بے حد مقبول ہے۔ اس ۲؍ روزہ میلے میں ہزاروں طلبہ شرکت کرتے ہیں۔
ممبئی فن ٹیک فیسٹیول
 یہ ایک ٹیکنالوجیکل تہوار ہے جو عام طور پر ایشیائی شہروں میں منعقد کیا جاتا ہے۔ تاہم، اس کے اسپانسر کو جب یہ محسوس ہوتا ہے کہ دنیا کے کسی شہر میں ٹیکنالوجی کو تیزی سے اپنایا جارہا ہے تو پھر اسی شہر میں اس کا انعقاد کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ گزشتہ چند برسو ںمیں ممبئی نے ٹیکنالوجی کو تیزی سے اپنایا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس سال فن ٹیک فیسٹیول کا انعقاد ممبئی میں کیا جارہا ہے۔ اس میں گجٹس، مستقبل کی ٹیکنالوجی اور دیگر کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے اور لوگوں کو تکنالوجی کی اہمیت سے روشناس کرایا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK