EPAPER
Updated: November 20, 2026, 4:46 PM IST | Sheikh Altamash | Mumbai
گزشتہ ماہ ۱۷؍ تاریخ کو ’’سر سید ڈے‘‘ کی مناسبت سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی طرف سے ’’اخلاقیات اور سر سیّد کا نقطہ نظر‘‘ کے عنوان پر مضمون نویسی کا مقابلہ منقعد کیا گیا تھا اور ساتھ ہی فاتحین کیلئے نقد انعام کا بھی اعلان کیا گیاتھا۔
گزشتہ ماہ ۱۷؍ تاریخ کو ’’سر سید ڈے‘‘ کی مناسبت سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی طرف سے ’’اخلاقیات اور سر سیّد کا نقطہ نظر‘‘ کے عنوان پر مضمون نویسی کا مقابلہ منقعد کیا گیا تھا اور ساتھ ہی فاتحین کیلئے نقد انعام کا بھی اعلان کیا گیاتھا۔ مَیں بھی اس مقابلے میں شامل ہونے کا خواہشمند تھا لیکن افسوس کہ ان کے بارے میں سنا تو تھا مگر ان کی زندگی سے ناآشنا تھا۔ پتہ نہیں یہ میری خام خیالی تھی یا محض مطالعہ سے جی چرانے کا بہانہ مگر صرف پڑھ کر بھی کسی شخصیت کے بارے میں رائے قائم کرنا کہاں کی عقلمندی ہے؟ یہ تو انعام کی حرص نے مجھے ان کی بایوگرافی پڑھنے پر مجبور کر دیا تھا ورنہ مَیں علی گڑھ گھوم کر از خود ان کی خدمات کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتا۔
مگر کالج کے اٹینڈنس رُول نے مجھے ایسا کرنے سے باز رکھا۔ اب سمجھ نہیں آرہا تھا کہ کیا کروں۔ بہت غور کرنے پر ذہن میں آیا کہ چونکہ عنوان اخلاقیات پر ہے کیوں نہ شروعات ان کے جاری کردہ رسالہ ’’تہذیب الاخلاق‘‘ کا مطالعہ کر کے کروں۔ جیسے ہی مَیں نے رسالہ پڑھنا شروع کیا اس کے صفحات نے گویا مجھے نگل لیا اور ایک مکان میں لا پھینکا۔
یہ بھی پڑھئے: عالمی کہانیوں کا اردو ترجمہ: گڑیوں کا گھر
آنکھوں کی دھندلاہٹ چھٹی تو سامنے ایک بزرگ شخصیت سیاہ رنگ کا چوغہ، سر پر لال رنگ کی ترکی ٹوپی اور پاؤں میں انگریزی بوٹ پہنے نظر آئی۔ مَیں نے سرسید صاحب کو پہچاننے میں ذرا بھی دیر نہیں کی۔ علیک سلیک کے بعد اُن کی نظر میرے ہاتھ میں موجود رسالہ پر پڑی جس پر درج سال ۲۰۲۶ء دیکھ کر وہ مسکرانے لگے۔ مجھے کچھ سمجھا نہیں کہ کیا ہوا ہے۔ مَیں نے عجلت میں ان کے قائم کردہ محمدن اینگلو اورینٹل کالج کی شان و شوکت بتانی چاہی مگر اُنہوں نے انگلی سے خاموش رہنے کا اشارہ کیا۔
مَیں نے پھر بھی تجسس میں پوچھ ہی لیا کہ آپ کے اس ادارہ کو قائم کرنے کا مقصد کیا ہے؟ اُنہوں نے کہا، ’’لوگ دور دراز فاصلے اور مختلف شہروں بلکہ مختلف ملکوں سے اس جگہ تحصیل علوم کیلئے جمع ہوں، مختلف علوم پڑھیں اور مختلف مصنفوں کے عمدہ خیالات ، عمدہ مسائل علمی، عمدہ مقولات اور اخلاق سے لطف اٹھائیں۔‘‘
مَیں نے بات کا رخ موڑتے ہوئے پوچھا کہ کیا کالج میں واقعی طلبہ کا تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے اخلاقی کردار کو باقی رکھنا ممکن ہے؟ انہوں نے جوشیلے انداز میں جواب دیا، ’’کالج لائف ایک کتاب کی طرح ہے۔ اس کتاب کو اگر تم نے اچھی طرح پڑھا، سنبھال کر رکھا اور داغ دار نہ کیا تو تمہاری آئندہ زندگی وہ زندگی ہوگی جس کیلئے انسان کو زِندہ رہنا چاہئے۔ ورنہ اس کی موت اور زندگی دونوں برابر ہیں۔ بلکہ موت زندگی سے بہتر ہے۔‘‘
اس کے بعد انہوں نے ایک گہری سانس لے کر مجھ سے پوچھا، ’’تمہیں پتہ ہے نئی زندگی کیا ہے؟‘‘
پھر خود ہی نصیحت کی، ’’یہ کالج لائف ہی تمہاری نئی زِندگی ہے۔ کالج تمہاری ماں کی طرح ہے اور تم اس کے بچے ہو اور اگر تم نے اس کو اچھے سے گزارا تو تمہارا بیڑا پار ہے ورنہ منجدھار میں ڈوب جاؤ گے۔‘‘
پھر مَیں نے بڑی ہمت جٹا کر پوچھا، ’’اگر طلبہ اپنے حق کیلئے احتجاجی مظاہرہ کریں تو اُن کے ساتھ کیسا برتاؤ کیا جانا چاہئے؟‘‘
انہوں نے کہا، ’’کسی قسم کی جسمانی سزا یا کوئی ایسی سزا جس سے کسی طالب علم کی عزتِ نفس کو ٹھیس پہنچے، بالکل جائز نہیں ہوگی۔‘‘ ’’تو پھر آپ کس طرح کا کیمپس دیکھنا چاہتے ہیں؟‘‘ مَیں نے معصومیت سے اگلا سوال داغ دیا۔
ان کے چہرے کے تاثرات قدرے سخت ہوگئے اور انہوں نے کہا، ’’میرے کالج کیمپس میں برے الفاظ اور اصطلاحات پر پابندی ہوگی حتیٰ کہ ’’جھوٹا‘‘ کہنے جیسے لفظ کو بھی غلط سمجھا جائے گا۔ بری عادتوں والے طلبہ کو داخلہ نہیں دیا جائےگا۔‘‘
مَیں نے سوال کیا، ’’آپ کس چیز کے خواہاں ہیں؟‘‘ سید صاحب نے بڑی متانت سے جواب دیا، ’’ہو سکتا ہے کہ مجھے شیخ چلی کی مانند ایک خواب دیکھنے والا اور باتیں کرنے والا سمجھا جائے لیکن ہمارا اصل مقصد یہ ہے کہ اس کالج کو آکسفورڈ اور کیمبرج یونیورسٹی کی طرز پر ایک جامعہ میں تبدیل کیا جائے۔ اس وقت یہ تمام باتیں ایک دن کے خواب کی مانند معلوم ہوتی ہیں۔ مَیں خدا سے دعا گو ہوں کہ یہ خواب پورا ہو اور سچ ثابت ہو۔‘‘ ان کے ارادے مصمم تھے۔
میرے ’’آمین‘‘ کہنے پر وہ چونک گئے اور پوچھنے لگے، ’’برخوردار! آپ اتنا سوال کرتے ہیں کہ ہم پوچھنا ہی بھول گئے کہ آپ کہاں سے آئے ہیں؟‘‘
میری نظریں میز پر رکھے رسالے پر پڑی۔ سید صاحب نے مجھے الجھن بھری نگاہوں سے دیکھا، تبھی مجھے لگا کہ مَیں کسی لہر کی طرح رسالے میں سما رہا ہوں، اور پھر چند لمحوں کے بعد مَیں اپنے ہاسٹل میں تھا۔ اس سے پہلے کہ میں سر سید احمد خاں کی زندگی پر کتاب ختم کر پاتا، مضمون جمع کرنے کی تاریخ نکل چکی تھی۔
کالم نگار احمد غریب یونانی میڈیکل کالج (اکل کوا) میں بی یو ایم ایس کر رہے ہیں اور تعلیمی انقلابکے سابق طالب علم ہیں۔