Inquilab Logo

دریاؤں کی حفاظت کا عالمی دن ۱۴؍ مارچ کو منایا گیا

Updated: March 19, 2021, 7:15 AM IST | Mumbai

دریاؤں کی حفاظت کا عالمی دن ’’انٹرنیشنل ڈے اف ایکشن فار ریورز‘‘ ہر سال ۱۴؍ مارچ کو منایا جاتا ہے۔

Representation Purpose Only- Picture INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

دریاؤں کی حفاظت کا عالمی دن ’’انٹرنیشنل ڈے اف ایکشن فار ریورز‘‘ ہر سال ۱۴؍ مارچ کو منایا جاتا ہے۔اس دن دنیا کے مختلف ممالک کے فعال افراد یا سماجی کارکن اکٹھے ہوکر دریاؤں اور ندیوں پر بنائے جانے والے تباہ کن منصوبوں کے خلاف، اور صحت اور پانی کے بہاؤ کے پائیدار انتظام کیلئے آواز اٹھاتے ہیں ۔ اس دن کو پہلے ڈیموں ، ندیوں ، پانی اور زندگی کے عالمی دن کے طور پر جانا جاتا تھا۔ واضح رہے کہ ہندوستان میں دریاؤں کے تحفظ یا ان پر ڈیموں کی تعمیر کے خلاف متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں ۔ نرمدا بچاؤ آندولن انہی میں سے ایک تھا۔ ڈیموں کے سبب متاثر ہونے والے افراد کیلئے پہلی بین الاقوامی میٹنگ مارچ ۱۹۹۷ء میں برازیل میں منعقد کی گئی تھی۔ جس میں دریاؤں اور ندیوں پر ڈیم بنانے کے خلاف آواز اٹھائی گئی تھی۔ اور اس کیلئے ایک دن مختص کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس میٹنگ میں ۲۰؍ ممالک کے نمائندوں نے فیصلہ کیا تھا کہ بڑے ڈیموں کے خلاف ۱۴؍  مارچ کو برازیل میں دریاؤں اور ندیوں کی حفاطت کا عالمی دن منایا جائے گا۔ مذکورہ دن کو منانے کے اصل مقاصد تباہ کن آبی ترقیاتی منصوبوں کے خلاف متحد ہوکر آواز اٹھانا، جمع کئے گئے پانی کے صحت پر مضر اثرات کے متعلق آواز بلند کرنا، اور دریاؤں کے بہاؤ کے پائیدار انتظام کا مطالبہ کرنا ہیں ۔ کورونا وائرس کے سبب چونکہ مجمع کی ممانعت ہے اس لئے گزشتہ سال کی طرح امسال بھی کئی ممالک میں یہ آن لائن سیمینارز کی مدد سے منایا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK