Inquilab Logo

میچ رد ہونے پر چنئی کا پلے آف میں داخلہ یقینی

Updated: May 18, 2024, 11:42 AM IST | Agency | Mumbai

آج آئی پی ایل کا اہم مقابلہ رائل چیلنجرز بنگلور اور چنئی سپرکنگز کے درمیان۔ میچ پر بارش کا سایہ۔ بنگلور کے مقابلے چنئی کا رن ریٹ بہتر۔

Royal Challengers Bangalore players busy in practice before the match. Photo: INN
رائل چیلنجرز بنگلور کے کھلاڑی میچ سے قبل پریکٹس میں مصروف۔ تصویر : آئی این این

رائل چیلنجرز بنگلور، جس نے لگاتار ۵؍ جیتیں ہیں، آئی پی ایل پلے آف میں چوتھی ٹیم کا تعین کرنے کیلئے سنیچر کو کرو یا مرو کے میچ میں ۵؍ بار کی چمپئن چنئی سپر کنگز کا سامنا کرے گی۔ اس میچ پر بارش کاسایہ ہے جس سے چنئی سپرکنگز کو فائدہ ہونے کی امید ہے۔ حیدرآباد میں بارش کی وجہ سے سن رائزرس حیدرآباد اور گجرات ٹائٹنس کے درمیان میچ نہ ہونے کے سبب کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور راجستھان رائلز کے بعد سن رائزرس حیدرآباد پلے آف میں پہنچ گئے ہیں۔ اب صرف ایک جگہ کے لئے ٹگ آف وار ہے جس کیلئے ۲؍ ٹیمیں سی ایس کے اور آر سی بی دوڑ میں ہیں۔ بہتر رن ریٹ اور زیادہ پوائنٹس (۱۴پوائنٹس اور۰ء۵۲۸+رن ریٹ) کی وجہ سے چنئی کا دعویٰ مضبوط ہے۔ 
 چنئی کی ٹیم اس گراؤنڈ پر۸؍ میچوں میں صرف ایک بار آر سی بی سے ہاری ہے۔ دوسری طرف آرسی بی کے ۱۲؍ پوائنٹس ہیں اور اس کا نیٹ رن ریٹ ۰ء۳۸۷+ ہے۔ محکمۂ موسمیات نے سنیچر کو بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اگر میچ نہیں ہوا تو چنئی پلے آف میں پہنچ جائے گا جبکہ بنگلور کو کم از کم ۱۸؍ رن سے یا ۱۱؍ گیندیں باقی رہ کر جیتنی ہوگی۔ 
 چنئی سپر کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلور کا میچ سنیچر کو چننا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے اور اس دوران اسٹیڈیم میں بھرا ہوا پانی نکالنے کا ویڈیو وائرل ہورہا ہے۔ ویسے موسم کے نقطہ نظر سے آئی پی ایل کے اس سیزن کے ۲؍ میچ بارش سے متاثر ہوئے ہیں اور چنئی بمقابلہ بنگلور میچ بھی پلے آف کے نقطہ نظر سے اہم ہے۔ 
 محکمۂ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق جمعہ۱۷ مئی سے منگل۲۱؍ مئی تک اگلے ۵؍ دنوں کیلئے بنگلور میں ’’بارش اور طوفان‘‘ کی پیش گوئی کی ہے۔ بارش کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا جائے گا تاہم آر سی بی ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا جبکہ چنئی سپرکنگز آئی پی ایل ۲۰۲۴ء کیلئے کوالیفائی کر لے گا۔ 
  ایکیو ویدر کے مطابق’’ دوپہر میں چند بارش اور گرج چمک کے ساتھ اسٹیڈیم کےاطراف آسمان ۹۹؍ فیصد ابر آلود رہے گا۔ شام میں بارش کا ۷۴؍ فیصد امکان ہے جبکہ درجہ حرارت ۳۴۔ ۳۰؍ ڈگری سیلسیس کے درمیان اتار چڑھاؤ آئے گا۔ ساتھ ہی رات میں ۱۰۰؍ فیصد ابر آلود رہے گا اور بارش کا تقریباً ۶۲؍ فیصد امکان ہے۔ بعض مقامات پر طوفان بھی آ سکتا ہے۔ اس دوران رات کے وقت درجہ حرارت ۲۲۔ ۲۱؍ ڈگری سیلسیس تک گر جائے گا۔ اگر بارش نہ ہوئی تو مسلسل بارش سے پورے کھیل کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔ آئی پی ایل پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق، سب سے چھوٹا کھیل ۵؍ اوورس کا ہو سکتا ہے جو رات ۱۰؍بجکر ۵۶؍منٹ پر شروع ہو سکتا ہے۔ یہ میچ آئی پی ایل کیلئے بہت اہم ہے۔ 
 آر سی بی اس وقت بہترین فارم میں ہے۔ ۶؍ میچوں کی ہار کا سلسلہ توڑنے کے بعد اس نے لگاتار ۵؍ میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اورنج کیپ ہولڈر وراٹ کوہلی زبردست فارم میں ہیں اور گزشتہ ۵؍ میں سے ۳؍ میچوں میں نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ کپتان فاف ڈو پلیسس سے اچھی اننگز کی توقع کی جائے گی جو گزشتہ ۲؍ میچوں میں دُہرے ہندسے تک نہیں پہنچ سکے۔ رجت پاٹیدار اور کیمرون گرین مڈل آرڈر میں اچھا کھیل رہے ہیں۔ مہیپال لومرور اور دنیش کارتک بھی بلے بازوں کی منزل چننا سوامی اسٹیڈیم کی پچ کا فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔ یش دیال نے اس سیزن میں آر سی بی کے گیند بازوں میں سب سے زیادہ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ لوکی فرگیوسن، محمد سراج، گرین اور سوپنل سنگھ کو سخت چیلنج کا سامنا ہے۔ 
 کپتان روتوراج گائیکواڑ نے اس سیزن میں چنئی کیلئے سب سے زیادہ رن بنائے ہیں اور توقع ہے کہ وہ اس فارم کو برقرار رکھیں گے۔ اوپنر راچن رویندر نے بھی کارآمد اننگز کھیلی ہے۔ پچھلی چار اننگز میں ناکام رہنے والے شیوم دوبے سے بھی اچھی کارکردگی کی امید ہے۔ گیند بازی میں تیز گیند باز سمرجیت سنگھ اور تشار دیش پانڈے نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹیم میں مستفیض الرحمان، متھیشا پتھیرانا اور دیپک چاہر کی کمی ہے۔ مہندر سنگھ دھونی کی موجودگی چنئی کے لیے ایک تحریک ہے لیکن یہ دیکھنا باقی ہے کہ وہ چوٹ کے درمیان کتنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK