Inquilab Logo

کاندیولی میں بی جے پی اور کانگریس کارکنوں میں ہاتھا پائی،پیوش گوئل پر کولی مخالف ہونے کا الزام

Updated: April 23, 2024, 8:33 AM IST | Agency | Mumbai

بی جے پی کی رکن اسمبلی منیشا چودھری نے کاندیولی پولیس اسٹیشن کے باہر نعرے لگائےاجنتا یادو کا ویڈیو پیغام میں بی جے پی کارکنوں پر ہاتھ پکڑنے اور ساڑی کھینچے کا سنگین الزام۔

Manisha Chaudhary is campaigning for Piyush Goyal. Photo: INN
منیشاچودھری پیوش گوئل کے حق میں مہم چلارہی ہیں۔ تصویر : آئی این این

یہاں بی جے پی اور کانگریس کارکنوں میں ہاتھا  پائی تک کی نوبت آگئی۔ ’ٹی وی ۹؍ مراٹھی ڈاٹ کام‘ کی رپورٹ کے مطابق  پیر کو  بی جے پی ایم ایل اے منیشا چودھری نے کاندیولی پولیس اسٹیشن کے باہر نعرے لگائے اورمنیشا چودھری نے کانگریس اور شیوسینا پر کولی برادری کی توہین کا الزام لگایا۔  
 قبل ازیں کانگریس کارکنوں نے بی جے پی کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا تھا۔ احتجاج کے دوران بی جے پی کارکنوں اور کانگریس کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ بعدازاں دونوں  جماعتوں کے کارکن ایک دوسرے کیخلاف شکایت درج کرانے کاندیولی پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔ اس طرح پولیس اسٹیشن میں بھی ’ڈراما‘ ہوا ۔ 
 یاد رہے کہ بی جے پی امیدوار پیوش گوئل شمالی ممبئی لوک سبھا حلقہ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔  وہ مچھلی منڈی میں انتخابی مہم کے دوران ناک پر رومال رکھے ہوئے تھے ۔ کانگریس نے  اسے کولی سماج کی توہین قراردیا تھا۔ پیر کو اس کیخلاف کاندیولی  میں بی جے پی کے دفتر کےباہر کانگریس کارکنوں نے احتجاج کیا۔ اس دو ران ہاتھا پائی کے بعد بی جے پی نے کانگریس لیڈر اجنتا یادو کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔ 

کانگریس کی اہم لیڈر اجنتا یادو نے  بی جے پی کارکنوں پر اپنا ہاتھ پکڑنے اور ساڑی کھینچنے کا سنگین الزام لگایا ہے۔ ممبئی مہیلا کانگریس کی نائب صدر اور سابق کارپوریٹر اجنتا یادو نے بی جے پی کے ضلع صدر گنیش کھنکر پر سنگین بھی الزامات لگائے ہیں۔
انہوں  نے پیر کو  ایک ویڈیو جاری کیا ۔ اپنے پیغام میں  ان کاکہناتھا ،’’بی جے پی کارکنوں نے  اتوار کو  اچانک میری گاڑی پر حملہ کر دیا۔ ایک کولی نوجوان کو مارا پیٹا گیا۔‘‘ اجنتا یادو نے سنگین الزام لگایا، ’’ ایک کارکن  نے میرا ہاتھ پکڑا، میری ساڑی کھینچی اورمیری کارکے شیشے توڑ دیئے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے،’’ اس موقع پر بی جے پی کی خاتون کارکن بھی موجود تھیں۔‘‘
  کولی سماج کی بستی میں پیو ش گوئل کے ناک پر رومال رکھنے سے متعلق اُن کا کہناتھا ، ’’کچھ کولی خواتین ہمارے پاس آئیں اور کہا کہ آپ ہمارا ساتھ دیں۔ ہم بی جے پی امیدوار کی مخالفت کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ چند دن پہلے بی جے پی کے امیدوار مچھلی کی بدبو برداشت نہیں کر سکے تھے۔  ناک پررومال  رکھ کر مچھلی منڈی کے پاس سے گزرے تھے۔ اس سے کولی سماج کی توہین ہوئی ہے۔ ہم نے کولی خواتین کی حمایت کا وعدہ کیا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK