Inquilab Logo

آئندہ انتخابات میں مسلم ووٹر سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کرنے کیلئے پر عزم

Updated: April 23, 2024, 8:35 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

رائے دہندگان کےمطابق ووٹ دینے سے متعلق بیداری مہم میں حصہ لیناخوش آئند لیکن فرقہ پرستوں کو شکست دینے کیلئے ہماراتحاد اور سیکولر ذہینت کے حامل برادران وطن کو ساتھ لینا بھی ضروری ہے۔

Abdul al Ahed. Photo: INN
عبدالاحد۔ تصویر : آئی این این

کھلے عام مسلمانوں کی تضحیک کرنے ، ان کے خلاف نفرت کی سیاست کرنے اور ہر محاذ پر انہیں کمزور کرنے والی فرقہ پرست طاقتوں کیخلاف جہاں ایک طرف  سیکولرجماعتوں نے  متحد ہو کر  آئندہ لوک سبھا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ، وہیں دوسری طرف مسلم سماج  بھی اس لوک سبھا الیکشن میں   نہ صرف بڑی تعداد میں ووٹ دینے کی تیاری کررہا ہےبلکہ اپنے ووٹوں سے سیکولر جماعتوں کے امیدواروں کو کامیاب بنانے پر متفق نظر آرہا ہے ۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے تعلق سے ’انقلاب ‘ نے شہریوں سے بات چیت کی ۔ اس دوران فرقہ پرستوں کو شکست فاش دینے اور آئین کو محفوظ رکھنے کا عزم ظاہرکیا گیا او راس الیکشن کو حق و باطل کی جنگ قرار دیا گیا۔
’’ موجودہ الیکشن حق  اور باطل کی جنگ  ہے‘‘
اس بارے میں جوگیشوری نیشنل ہائی اسکول  کے پرنسپل عبدا لاحد سے انقلاب نے رابطہ کیا تو ان    کا کہناتھا، ’’گزشتہ ۱۰؍ برس میں بی جے پی نے نفرت کی سیاست کے  سوا کچھ نہیں کیا ۔موجودہ حکومت نے نہ صرف عوام کو بے روزگاری اور مہنگائی کے اندھے کنویں میں دھکیل دیا ہے بلکہ نفرت اور دھرم کے نام پر شر انگیزاور اور نفرت انگیز سیاست کرکے سیکولر ذہنیت کے حامل برادران وطن کوبھی ورغلانے کی کوشش کی ہے لیکن ہندوستانی آئین اور سیکولر ملک کےحامی برادران وطن فرقہ پرستوں کے آئین کو بدلنے کی سازش سے نالاں ہیں ۔ میرے خیال میں موجودہ الیکشن حق  اور باطل کی جنگ  ہے، اس لئے نہ صرف ہمیں( مسلمانوں کو )ایک ہوکر بڑی تعدادمیںحق رائے دہی کا استعمال کرنا چاہئے بلکہ فرقہ پرست طاقتوں کو دھول چٹاتے ہوئے سیکولر جماعتوں کے امیدواروں کو کامیاب بنانا چاہئے۔ ‘‘
’’ایک ہو کر ووٹ دینا لازم ہے اور وقت کا تقاضا ہے ‘‘
 مدنپورہ  میں مقیم بی ٹیک ان سول انجینئرعلیم احمد شبیر احمد  اتحاد پر زور دیتے ہیں۔ اُن کا کہناتھا، ’’اگر اب بھی ہم اپنے کھلے ہوئے دشمن کی جانب سےآنکھ موندے بیٹھے رہیں گے تو میں سمجھتا ہوں ہمارا حال منی پور اور آسام کے مسلمانوں سے زیادہ  خراب  ہو جائےگااوراس کی شروعات ملک کی مختلف ریاستوں  ہی میں نہیں بلکہ ممبئی اور مہاراشٹر میں بھی ہوچکی ہے جس کی تازہ مثال میرا بھائندر ، مالونی ، ملاڈ اور گونڈی ہے جہاں نہ صرف بلڈوزر چلائے گئے بلکہ فرقہ پرستوں کے بجائے علی الاعلان مسلم نوجوانوں کے خلاف ہی کیس بنایا گیا ہے، انہیں گرفتار کیا گیا اورہر محاذ پر کمزور کرنے اور نیست و نابود کرنے کی دھمکی دی گئی ہے ۔ اس لئے اس لڑائی میں ایک ہو کر ووٹ دینا لازم ہے اور وقت کا تقاضا ہے ۔‘‘
 ’’گلی گلی اور محلہ محلہ میٹنگ کرکے مسلمانوں کی ذہن سازی کرنی ہوگی‘‘
 مورلینڈ روڈ   کے کیٹرر محفوظ الرحمٰن انصاری مسلم تنظیموں کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنے پر زور دیتےہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’’گزشتہ ۱۰؍ برس سےبرادران وطن کی آنکھوں پر دھرم کی پٹی باندھ کر مٹھی بھر شر پسندوں کے ذریعہ خوف ا ور نفرت کا ماحول پیدا کرنے والی حکومت کو اگر شکست دینا ہے تو مسلمانوں کو جوش سے نہیں ہوش سے کام لینا ہوگا ۔ ہمیں ۲۰؍ مئی کو ہونے والے لوک سبھا  الیکشن میں ہر قیمت پر ووٹ دینے کے ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنانا ہے کہ ہمارا ووٹ  تقسیم نہ ہو۔ مسلمانوں کے بڑی تعداد میں حق رائے دہی کے استعمال کرنےاور سیکولر جماعتوں کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے ملی اور سماجی تنظیموں کوصرف نئے ناموں کا اندراج کرنے اور تصحیح کرنے کی ذمہ داری نہیں نبھانی  ہوگی  بلکہ ۲۰؍ مئی کو ووٹ دیئے جانے تک گلی گلی اور محلہ محلہ میٹنگ کرکے مسلمانوں کی ذہن سازی کرنی ہوگی اور صد فیصد ووٹنگ کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔ ‘‘
’’ برادران وطن کو بھی اس مہم میں شامل کریں‘‘
 سانکلی اسٹریٹ  کے تاجر الطاف خان بر ادران وطن کو مہم شامل کرنے کی وکالت کرتے ہیں۔ وہ انقلاب سے خصوصی گفتگو میں کہتے ہیں ،’’ہم کو معلوم ہے کہ ہمارا دشمن کون ہے اور دشمن کو یہ معلوم ہے کہ ہم ایک نہیں ہوسکتے ،اس لئے وہ مذہب کی سیاست کرکے سیکولر ذہنیت کے حامل برادران وطن کو ورغلانے کی مسلسل کوشش کررہا ہےجس میں وہ  بڑی حد تک کامیاب بھی ہے۔ ‘‘
 ان کا یہ بھی کہناتھا،’’ جس طرح تقسیم ہوئے بغیر صد فیصد ووٹ کا استعمال کرنا ضروری ہے ، اسی طرح یہ بھی ضروری ہے کہ برادران وطن کو بھی اس مہم میں شامل کریںتب جا کر ہم نہ صرف ۴۰۰ ؍سو پار کے خواب کو چکنا چور کرسکیں گے بلکہ سیکولر حکومت قائم کرنے میں کامیاب ہو سکیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK