Inquilab Logo

ریفریجریٹر میں لائٹ اور فریزر میں نہیں ، کیوں ؟

Updated: October 08, 2021, 7:00 AM IST | Mumbai

فریج اب ہر گھر کی ضرورت بن گیا ہے۔ دنیا میں ایسے گھروں کی تعداد بہت کم ہوگی جن کے ہاں فریج نہیں ہوگا۔ دن میں کئی مرتبہ لوگ اپنے فریج کو کھولتے اور بند کرتے ہیں ۔

Symbolic image. Photo: INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

فریج اب ہر گھر کی ضرورت بن گیا ہے۔ دنیا میں ایسے گھروں کی تعداد بہت کم ہوگی جن کے ہاں فریج نہیں ہوگا۔ دن میں کئی مرتبہ لوگ اپنے فریج کو کھولتے اور بند کرتے ہیں ۔ ایک تحقیق کے مطابق جب رات میں بھوک کا احساس ہوتا ہے لوگ سب سے پہلے اپنے فریج ہی کا رخ کرتے ہیں تاکہ اس میں سے کھانے کی کوئی چیز انہیں مل سکے۔ غرضیکہ ۲۴؍ گھنٹے میں کئی مرتبہ اس آلے کو استعمال کرنے کے بعد شاید کبھی نہ کبھی آپ کے ذہن میں سوال اٹھا ہو کہ ریفریجریٹر کے نچلے حصے میں لائٹ ہوتی ہے لیکن اوپری حصے یا فریزر میں لائٹ نہیں ہوتی، ایسا کیوں ہے؟
 دنیا کی ہر کمپنی اپنے ریفریجریٹر کے اوپری حصے یعنی فریزر میں لائٹ نہیں نصب کرتی۔ تاہم، چند فریج ہی ایسے ہیں جن میں دونوں حصوں میں لائٹس نصب کی جاتی ہیں ۔ 
 لائٹ نہ ہونے کی وجہ سے فریزر سے اندھیرے میں کچھ نکالنے کیلئے کمرے کی لائٹ آن کرنا پڑتی ہے یا پھر اسمارٹ فون کی روشنی یا ٹارچ کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ 
 فریزر میں لائٹ کیوں نہیں نصب کی جاتی؟ درحقیقت فریج بنانے والی کمپنیوں نے اس حوالے سے کوئی واضح وجہ نہیں بتائی ہیں ۔ یاہم، ماہر معاشیات رابرٹ فرینک کے مطابق یہ لاگت بچانے کے ایک ایسے اصول کی منفرد مثال ہے جس میں بنیادی طور پر فائدہ بچت سے زیادہ نہیں ہوتا مگر جو چیز رائج ہوجاتی ہے اس پر عمل جاری رہتا ہے۔ ان کے بقول چونکہ صارفین ریفریجریٹر میں لائٹ کو اکثر استعمال کرتے ہیں تو وہ اس فیچر کو قابل قدر تصور کرتے ہیں اور اسی وجہ سے کمپنیاں ریفریجریٹر میں لائٹس کی تنصیب کو فریزر کے مقابلے میں زیادہ بہتر سمجھتی ہیں ۔
 سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ صارفین فریزر میں لائٹ کو زیادہ اہم کیوں نہیں سمجھتے؟ اس کی ایک وضاحت یہ ہے کہ ہم میں سے اکثر فریزر کے دروازے کو ریفریجریٹر کے مقابلے میں بہت کم کھولتے ہیں ۔علاوہ ازیں ، جب بھی فریزر کا دروازہ کھولا جاتا ہے تو اس کے سامنے ہم چند منٹ سے زیادہ نہیں کھڑے ہوتے، یہی وجہ ہے کہ اس میں لائٹ نہیں نصب کی جاتی۔
 ایک اور تھیوری یہ بھی ہے کہ فریزر میں لائٹ لگانا فائدہ مند نہیں کیونکہ اس پر برف جمنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
 بازار میں سیلف ڈی فروسٹنگ فریزر بھی دستیاب ہیں مگر صارفین کو فریزر میں لائٹ نہ ہونے کی عادت ہوچکی ہے۔ چونکہ اب ہمارے لئے یہ معمول کا ایک حصہ ہے تو فریزر میں لائٹ نہ ہونے کے مقابلے میں لائٹ ہونا زیادہ حیران کن محسوس ہوگا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK