• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بچے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے پر پوری توجہ دیں

Updated: September 21, 2023, 9:22 PM IST | Farzana Shahid | Mumbai

جن بچوں نے اپنے لئے ابھی تک کچھ نہیں سوچا ہے۔ خدارا اب سوچئے اور عمل کیجئے۔ آن لائن جماعت میں پوری تیاری کے ساتھ بیٹھئے۔ اب آپ سب کا نیا تعلیمی سال شروع ہوگا اور جب تک حالات سازگار نہ ہوجائیں تب تک آپ اپنی محنت سے اپنی مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کریں

Photo: INN
تصویر: آئی این این

اللہ رب العالمین کا بے شمار احسان ہے کہ اس پروردگا ر نے ہر حال میں خوش رہنے کا فن ہم اشرف المخلوقات کو عطا کیا ہے اور آج کے اس وبائی دور میں جہاں ہر شخص پریشان اور فکر مند ہیں وہی بچے بہت مطمئن اور خوش ہیں۔ خوش ہونا بھی چاہئے کیونکہ استادِ محترم نے یہی سکھایا تھا کہ.... بچوں ہر حال میں خوش رہنے والا ہی انسان بہترین انسان ہوتا ہے اور بچوں نے اپنے اساتذہ کی اس بات کی گانٹھ باندھ لی۔ 
  مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا اور اس پر فتح پانا یہی طالب علم کی کامیابی ہے۔ اس ــــ’’کووڈ وباء‘‘ کے ہمارے ملک میں داخل ہوتے ہی سب سے پہلے جس شے پر اس نے حملہ کیا، وہ ہمارے بچوں کا بچپن ہے.... اسکول، بچوں کے کھیلنے کودنے کے پارک، بچوں کی آزادی، بچوں کی شرارتیں.... اس وباءنے سب سے قیمتی چیز ہمارے بچوں کا بچپن چھین لیا۔ لیکن ہمارے بچے بھی اپنے آپ میں بہت ہی کمال کی شخصیت رکھتے ہیں، وہ بھی کہاں ہار ماننے والوں میں سے ہیں؟ ہم نے اپنے اطراف کا جائزہ لیا اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ ہماری قوم کا کیا حال ہے؟ 
  سب سے پہلے ہم نے حالات کا جائزہ لیا، حالات کبھی کسی کے اختیار میں نہیں ہوتے، اس کی سب سے بڑی مثال یہ ایک سال سے چل رہے حالات ہیں جو مسلسل بدلتے جارہے ہیں کبھی پل میں توشہ تو کبھی پل میں ماشہ....
 بچوں کے لئے سب سے پہلی آزمائش کا سلسلہ شروع ہوا آن لائن اسکول.... ان معصوم بچوں کے لئے جن کے والدین معاشی بحران کا شکار ہیں ان بچوں نے اس وبائی دور میں حالات کا مقابلہ بڑی بہادری سے کیا۔ کسی بچے کے پاس موبائل نہیں ہے اگر موبائل ہے تو نیٹ ورک نہیں ہے۔ نیٹ ورک ہے تو چارجنگ نہیں ہے، چارج ہے تو ٹیچر کا نیٹ ورک نہیں ہے۔ جب ٹیچر کا نیٹ ورک ہیں تو ابّا کو موبائل کام پر لے جانا ہے۔ ابا گھر پر ہیں تو ٹیچر کی آواز سنائی نہیں دے رہی ہے.... ٹیچر کی آواز آرہی ہیں تو اسکرین نظر نہیں آرہا ہے۔ گھر میں ٹی وی کا شور ہے تو آن لائن ٹیچر کی پھٹکار ہے۔ ٹیچر کیمرہ آن کرنے پر بضد ہیں اور گھر میں بوریا بستر پڑا ہو ا ہے۔ غرض پریشانیوں کا ایک لامتناہی سلسلہ جو یہ بیچارے بچے جھیل رہے ہیں۔ کریں تو کیا کریں؟
 ایسے مشکل حالات میں ہم نے بچوں کا ایک ایسا گروپ بنایا جو پڑھائی کے ساتھ مختلف سرگرمیوں میں بھی پیش پیش رہتے ہیں۔ انہیں زندگی گزارنے کے مثبت طریقوں پر کام کرنے کا حوصلہ دیا۔ جس وقت جو شے ہمارے پاس موجود ہے اس کا صحیح استعمال کرنا اور جو شئے ہمارے پاس نہیں ہیں جو سہولت دستیاب نہیں ہے اس کا رونا نہیں رونا ہے بلکہ اپنی محنت، صبر اور شکر کے ذریعے ان چیزوں کو حاصل کرنا ہے اور اس بات سے سب واقف ہیں کہ کوشش کرنے والوں کی کبھی ہار نہیں ہوتی۔ بچو ں نے اپنے روز مرّہ کے کا موں کی منصوبہ بندی کرلی۔ وہ بچے جنہوں نے وقت کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کا طے کر لیا ان تمام نے اپنی کمر کس لی اور اپنے محاذ پر کچھ اس طرح ڈٹ گئے کہ صبح جلدی اٹھ کر وقت پر فجر کی نماز ادا کرنے لگے اس کے بعد قران پاک کی تلاوت کی اور اپنی پڑھائی میں جٹ گئے۔ صبح کی تازگی میں پڑھائی کا لطف ہی الگ ہوتا ہے۔ آن لائن کلاس کے وقت جماعت میں حاضر ہونا اور اپنی پہلے سے کی ہوئی تیاری سے استفادہ کرنا۔ ان بچوں نے کچھ اس طرح سے اپنے آپ کو وقت کے ساتھ جوڑا کہ ان کی شخصیت میں نکھار آنے لگا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد کچھ دیر کا آرام اور پھر اس کے بعد تحریر کی مشق، امی جان کے کاموں میں مدد، بھائی بہنوں کے ساتھ مزاحیہ ویڈیو دیکھنا اور ان کے ساتھ جنرل نالج کے کھیل کھیلنا۔ امّی ابو سے جج کے فرائض انجام دلوانا اور رات جلدی سوجانا۔  اس طرح جب بچوں نے اپنے وقت کو کام کے حساب سے تقسیم کیا اور اس پر عمل پیرا ہونے لگے تو پورا ماحول خوشگوار ہوگیا۔ یہ ہیں ہماری قوم کے وہ بچے جو اپنے آپ کو ہر حال میں خوش رکھنا جان گئے ہیںاور اپنے وقت کا صحیح استعمال کرنے لگے ہیں اور یقیناً جب اسکول کھلیں گے تب ان بچوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا ہوگاکیونکہ انہوں نے وقت کو گنوایا نہیں ہےبلکہ ایک ایک منٹ کا صحیح مصرف کرکے اپنی آنیوالی زندگی کیلئے آسانیاں پیدا کرلی ہیں۔ امتحان کے نقطۂ نظر سے بھی ان بچوں کی تیاری کمال کی ہوگئی ہے۔ 
 پیارے بچو! اب بھی کچھ نہیں بگڑا ہے۔ جن بچوں نے اپنے لئے ابھی تک کچھ نہیں سوچا ہے۔ خدارا اب سوچئے اور عمل کیجئے۔ آن لائن جماعت میں پوری تیاری کے ساتھ بیٹھئے۔ اب آپ سب کا نیا تعلیمی سال شروع ہوگا اور جب تک حالت سازگار نہ ہوجائیں تب تک آپ اپنی محنت سے اپنی مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کریں۔ وقت سے بھرپور استفادہ کر لیںتا کہ آنے والا کل ایک روشن اجالا لے کر آپ کی زندگی کو تابناک بنادیں۔

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK