• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پنڈت نہرو: جدید ہندوستان کا بانی، اولین وزیراعظم

Updated: November 20, 2026, 4:17 PM IST | Taleemi Inuqilab | Mumbai

آپ کا یوم ولادت، یوم اطفال کے طور پر منایا جاتا ہے۔ نہرو جی کو بچوں سے بڑی محبت تھی، آپ انہیں مضبوط ملک کا مستقبل کہتے تھے۔

Pandit Jawaharlal Nehru. Photo: INN
پنڈت جواہر لعل نہرو۔ تصویر: آئی این این

• پورا نام 

پنڈت جواہر لعل نہرو۔

•خاندانی پس منظر 

ان کا تعلق ایک کشمیری پنڈت خاندان سے تھا۔ 

•والدین

ان کے والد موتی لعل نہرو مشہور وکیل تھے، اور ان کی والدہ کا نام سوروپ رانی تھا۔

تاریخ اور جائے پیدائش

وہ ۱۴؍ نومبر ۱۸۸۹ء کو الٰہ آباد (موجودہ پریاگ راج)، اتر پردیش میں پیدا ہوئے تھے۔

 تعلیم کہاں سے حاصل کی؟

انہوں نے ابتدائی تعلیم گھر پر ہی حاصل کی۔ پھر انگلستان چلے گئے، جہاں انہوں نے ہیرو اسکول اور ٹرینیٹی کالج، کیمبرج سے پڑھائی کی۔ انہوں نے لندن سے قانون کی پڑھائی مکمل کی اور ۱۹۱۲ء میں بیرسٹر کی حیثیت سے وکالت کرنے ہندوستان لوٹے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ۱۱؍ نومبر: ملک کے اولین وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد

مہاتما گاندھی سے ملاقات

۱۹۱۶ء میں ان کی ملاقات گاندھی جی سے ہوئی جنہوں نے انہیں تحریک آزادیٔ ہند میں شامل ہونے کی ترغیب دی۔ تحریکِ آزادی کے دوران انہوں نے مختلف جیلوں میں مجموعی طور پر ۹؍ سال سے زیادہ کا وقت گزارا۔ تقریباً ۱۷؍ سال تک وزیر اعظم رہے اور ۲۷؍ مئی ۱۹۶۴ء کو انتقال کر گئے۔

بچوں سے محبت

یومِ اطفال (Children`s Day) کو چاچا نہرو سے موسوم کرنے کی سب سے بڑی وجہ بچوں کیلئے ان کی بے پناہ محبت، شفقت اور وہ گہرا یقین تھا جو وہ بچوں پر رکھتے تھے۔ ان کا ماننا تھا کہ بچے باغ کی ان کلیوں کی طرح ہیں جنہیں بہت پیار اور دیکھ بھال سے پروان چڑھانا چاہئے کیونکہ وہی آگے چل کر ایک مضبوط ملک بناتے ہیں۔

ایک سچا واقعہ

ایک مرتبہ پنڈت نہرو ایک اہم عوامی میٹنگ میں مصروف تھے جہاں سخت سیکوریٹی تھی اور لوگوں کا ہجوم تھا۔ یہاں ایک غریب عورت اپنے چھوٹے بچے کو گود میں لئے کھڑی تھی، بچہ بھوک کی وجہ سے زور زور سے رو رہا تھا۔ گارڈز اس عورت کو وہاں سے ہٹانے کی کوشش کر رہے تھے۔ جب پنڈت نہرو کی نظر اس پر پڑی تو انہوں نے میٹنگ روکی، اسٹیج سے اترے اور عورت کے پاس پہنچے۔ وہ بچے کو گود میں لے کر چپ کرانے لگے۔ عملے سے کہہ کر دودھ کا انتظام کروایا۔ جب بچہ دودھ پی کر مسکرانے لگا تب نہرو جی مطمئن ہوئے اور میٹنگ میں لوٹے۔

پنڈت نہرو کو آزاد ملک کا پہلا وزیراعظم کیوں منتخب کیا گیا؟
پنڈت جواہر لعل نہرو کا آزاد ہندوستان کا پہلا وزیر اعظم بننا ان کی ملک گیر مقبولیت، جدید ترقی پسند سوچ اور عالمی سیاست پر گہری گرفت کا نتیجہ تھا، جس میں مہاتما گاندھی کا کردار سب سے اہم اور فیصلہ کن رہا۔ ۱۹۴۶ء میں جب کانگریس کی صوبائی کمیٹیوں نے کثرت رائے سے سردار ولبھ بھائی پٹیل کو اس عہدے کیلئے منتخب کیا تو گاندھی جی نے نہرو کی وسیع سیکولر سوچ اور ملک کو متحد رکھنے کی صلاحیت کو ترجیح دیتے ہوئے پٹیل سے نام واپس لینے کی درخواست کی، جسے پٹیل نے ملک کی خاطر قبول کر لیا۔ گاندھی جی، نہرو کو بہت پہلے ہی اپنا سیاسی وارث قرار دے چکے تھے اور وہ جانتے تھے کہ سردار پٹیل نائب وزیر اعظم کے طور پر بھی ملک کو مضبوطی سے سنبھال سکتے ہیں، چنانچہ مہاتما گاندھی کے پختہ فیصلے اور سردار پٹیل کی عظیم قربانی کی بدولت پنڈت نہرو ۱۵؍ اگست ۱۹۴۷ء کو ملک کے پہلے وزیر اعظم بنے۔

 اکلوتی بیٹی ’’اندو‘‘ سے پنڈت نہرو کی محبت
پنڈت نہرو کی اپنی اکلوتی بیٹی اندرا گاندھی (جنہیں وہ پیار سے ’’اندو‘‘ کہتے تھے) سے محبت اور لگاؤ گہرا اور مثالی تھا۔ چونکہ نہرو جی تحریکِ آزادی کی وجہ سے اکثر جیل میں رہتے تھے، اس لئے انہوں نے دوری کے باوجود اپنی بیٹی کی تربیت اور ان سے محبت کا ایک انوکھا طریقہ نکالا۔ان کی محبت کا سب سے خوبصورت اور تاریخی واقعہ ’’جیل سے لکھے گئے خطوط‘‘ کا ہے۔جب اندرا صرف ۱۰؍ سال کی تھیں اور مسوری میں رہ رہی تھیں، اور نہرو جی الٰہ آباد کی جیل میں قید تھے، تو انہوں نے اپنی بیٹی کو تنہائی کا احساس نہ ہونے دینے اور ان کی تعلیم و تربیت کیلئے جیل سے خطوط لکھنے کا سلسلہ شروع کیا۔ ان خطوط میں وہ اندرا کو دنیا کی تاریخ، زمین کی پیدائش، مختلف تہذیبوں اور عظیم انسانوں کی کہانیاں اتنے پیار اور آسان انداز میں لکھتے تھے جیسے کوئی باپ اپنی بیٹی کو گود میں بٹھا کر کہانیاں سنا رہا ہو۔ 

یہ اقتباس پنڈت نہرو کی کتاب ’’ایک باپ کے خطوط بیٹی کے نام‘‘ کے پہلے خط کا حصہ ہے جس کا عنوان ہے ’’قدرت کی کتاب‘‘(The Book of Nature)یہ خط انہوں نے ۱۹۲۸ء کے موسم گرما میں لکھا تھا

’’مجھے ڈر ہے کہ مَیں اپنے ان خطوط میں آپ کو بہت ہی کم باتیں بتا پاؤں گا۔ لیکن مجھے امید ہے کہ یہ تھوڑا سا حال بھی آپ کیلئے دلچسپی کا باعث ہوگا۔ جب آپ بڑی ہوں گی تو آپ زمین اور اس کی قوموں کی کہانی موٹی موٹی کتابوں میں پڑھیں گی اور اسے کسی بھی دوسری کہانی سے کہیں زیادہ دلچسپ پائیں گی جو آپ نے اب تک پڑھا ہوگا۔

آپ یہ جانتی ہیں کہ ہماری زمین بہت پرانی ہے، لاکھوں کروڑوں سال پرانی۔ ہم سے پہلے یہاں صرف جانور تھے اور جانوروں سے بھی پہلے یہاں کسی قسم کی زندگی کا کوئی وجود ہی نہ تھا۔ لیکن سائنسداں بتاتے ہیں کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب زمین اتنی گرم تھی کہ کوئی بھی جاندار اس پر زندہ نہیں رہ سکتا تھا۔ اور اگر ہم ان کی کتابیں پڑھیں اور چٹانوں اور فوسلز کا مطالعہ کریں، تو ہم خود دیکھ سکتے ہیں کہ ایسا ہی رہا ہوگا۔ مجھے امید ہے کہ آپ جلد ہی چٹانوں اور پہاڑوں سے اس کہانی کو پڑھنا سیکھنا شروع کر دیں گی۔ تصور کیجئے کہ ہر وہ چھوٹا سا پتھر جو آپ کو سڑک پر یا پہاڑ کے دامن میں پڑا ہوا نظر آتا ہے، وہ قدرت کی کتاب کا ایک چھوٹا سا صفحہ ہو سکتا ہے اور شاید آپ کو کچھ بتانے قابل ہو، بشرطیکہ آپ کو معلوم ہو کہ اسے پڑھا کیسے جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: عالمی کہانیوں کا اردو ترجمہ: خوش نصیب رِیا کار

کسی بھی زبان کو پڑھنے کے کیلئے، خواہ وہ ہندی ہو، اردو ہو یا انگریزی، آپ کو اس کے حروفِ تہجی سیکھنے پڑتے ہیں۔ اسی طرح آپ کو پتھر اور چٹان کی کتابوں میں قدرت کی کہانی پڑھنے سے پہلے قدرت کے حروفِ تہجی سیکھنے ہوں گے۔ اگر آپ ایک چھوٹا، گول اور چمکدار کنکر دیکھتی ہیں، تو کیا وہ آپ کو کچھ نہیں بتاتا؟ وہ بغیر کسی کونے یا کھردرے کناروں کے اتنا گول، ہموار اور چمکدار کیسے ہو گیا؟ اگر آپ ایک بڑی چٹان کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں توڑ دیں، تو ہر ٹکڑا کھردرہ ہوتا ہے اور اس کے کونے اور نکیلے کنارے ہوتے ہیں۔ وہ کسی گول، ہموار کنکر جیسا نہیں ہوتا۔ پھر وہ کنکر اتنا گول، ہموار اور چمکدار کیسے بن گیا؟ وہ آپ کو بتاتا ہے کہ کسی زمانے میں، شاید بہت عرصہ پہلے، وہ بھی ایک چٹان کا ٹکڑا تھا۔ شاید وہ کسی پہاڑ کے دامن میں پڑا تھا۔ پھر بارش آئی اور اسے بہا کر اس چھوٹی وادی میں لے گئی جہاں اسے پہاڑی چشمہ ملا جس نے اسے آگے ہی آگے دھکیلا یہاں تک کہ وہ ایک چھوٹی ندی تک پہنچ گیا۔ اور چھوٹی ندی اسے بڑے دریا تک لے گئی اور اس سارے عرصے کے دوران وہ دریا کی تہہ میں لڑھکتا رہا، اسکے کنارے گھستے رہے اور اسکی کھردری سطح ہموار اور چمکدار ہو گئی۔ یوں وہ وہی کنکر بن گیا جو آپ کو نظر آتا ہے۔ کسی نہ کسی طرح دریا نے اسے پیچھے چھوڑ دیا اور وہ آپ کو مل گیا۔ اگر دریا اسے اپنے ساتھ آگے لے جاتا، تو وہ چھوٹا اور چھوٹا ہوتا چلا جاتا یہاں تک کہ آخر کار وہ ریت کا ایک ذرہ بن جاتا اور سمندر کے کنارے اپنے دوسرے بھائیوں سے جا ملتا تاکہ ایک خوبصورت ساحل بن سکے جہاں چھوٹے بچے کھیل سکیں اور ریت کے گھروندے بنا سکیں۔ اگر ایک چھوٹا کنکر آپ کو اتنی باتیں بتا سکتا ہے، تو ذرا سوچئے کہ ہم تمام چٹانوں، پہاڑوں اور اردگرد نظر آنے والی دوسری چیزوں سے کتنا کچھ سیکھ سکتے ہیں!‘‘

یہ تاریخی اقتباس پنڈت نہرو کے اندرا گاندھی کو لکھے گئے سب سے مشہور خط کا حصہ ہے جس کا عنوان ہے ’’سالگرہ کا خط۔‘‘ ۱۹۳۰ء میں لکھا گیا یہ خط ان کی کتاب ’’دنیا کی تاریخ کی جھلکیاں‘‘کا تعارفی باب ہے۔

’’میری پیاری اندرا!

اپنے جنم دن پر تمہیں تحفے اور نیک تمنائیں حاصل کرنے کی عادت رہی ہے۔ 

نیک تمنائیں تو تمہیں اب بھی بھرپور انداز میں ملیں گی، لیکن نینی جیل سے میں تمہیں کیا تحفہ بھیج سکتا ہوں؟ 

میرے تحفے بہت زیادہ مادی یا ٹھوس نہیں ہو سکتے۔ وہ ذہن اور روح کے تحفے ہو سکتے ہیں۔ ایسی چیزیں جنہیں جیل کی اونچی دیواریں بھی نہیں روک سکتیں۔

تم جانتی ہو میری جان، کہ مجھے وعظ اور نصیحت کرنا اور پند اور نصائح بانٹنا کتنا ناپسند ہے۔ مَیں نے ہمیشہ یہی سوچا ہے کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط، کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں کرنا چاہئے، یہ معلوم کرنے کا بہترین طریقہ وعظ کرنا نہیں بلکہ بات چیت اور بحث و مباحثہ کرنا ہے، اور بحث و مباحثے سے بعض اوقات سچائی کا ایک چھوٹا سا حصہ باہر نکل آتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پیکابو: جابر بن حیان کے اطراف ہاتھ سے لکھی کتابوں کا انبار تھا!

مجھے تمہارے ساتھ اپنی گفتگو پسند رہی ہے اور ہم نے بہت سی چیزوں پر بات کی ہے، لیکن دنیا بہت وسیع ہے اور ہماری دنیا سے آگے دوسری حیرت انگیز اور پراسرار دنیائیں آباد ہیں۔ ہم میں سے کسی کو بھی کبھی بور ہونے یا یہ سوچنے کی ضرورت نہیں کہ ہم نے سیکھنے کے لائق سب کچھ سیکھ لیا ہے اور بہت عقلمند بن گئے ہیں۔لیکن پھر میں کیا کروں؟ 

ایک خط مشکل سے ہی کسی گفتگو کی جگہ لے سکتا ہے؛ زیادہ سے زیادہ یہ ایک یکطرفہ معاملہ ہوتا ہے۔ یوں تصور کرو کہ مَیں نے تمہیں غور و فکر کرنے کیلئے ایک تجویز دی ہے، بالکل ایسے جیسے ہم واقعی آپس میں بات چیت کر رہے ہوں۔تاریخ میں ہم قوموں کی زندگی کے عظیم ادوار، اور عظیم مردوں اور عورتوں کے بارے میں پڑھتے ہیں۔ 

کیا تمہیں یاد ہے کہ جب تم نے پہلی بار جون آف آرک (Joan of Arc) کی کہانی پڑھی تھی تو تم اس سے کتنی مسحور ہوئی تھیں، اور تمہاری یہ خواہش تھی کہ تم بھی کچھ اس جیسی بنو؟ عام مرد اور عورتیں عام طور پر بہادر یا ہیرو نہیں ہوتے۔

وہ اپنی روٹی مکھن (روزمرہ کی روزی)، اپنے بچوں، اپنے گھریلو فکروں اور اسی طرح کی چیزوں کے بارے میں سوچتے ہیں۔ لیکن ایک وقت ایسا آتا ہے جب پوری قوم ایک عظیم مقصد میں دلچسپی لینے لگتی ہے۔ تب تاریخ سادہ اور عام مردوں اور عورتوں کو بھی ہیرو بننے میں مدد دیتی ہے۔ عظیم رہنماؤں میں کچھ ایسا ہوتا ہے جو پوری قوم کو متاثر کرتا ہے اور ان سے عظیم کارنامے کرواتا ہے۔ ہندوستان میں ایک عظیم رہنما نے، جو ان تمام لوگوں کیلئے محبت سے بھرے ہیں جو مصیبت زدہ ہیں اور ان کی مدد کیلئے بیتاب ہیں، ہمارے لوگوں کو عظیم کاموں اور عظیم قربانیوں کی ترغیب دی ہے۔ انہوں نے بھوک سے مرتے ہوئے، غریبوں اور مظلوموں کو آزاد اور خوشحال بنانے میں مدد کی ہے۔

۲۲۶؍ خطوط
پنڈت نہرو نے اپنی بیٹی اندرا کو لکھے۔ ۳۰؍ خطوط پہلی کتاب ’’ایک باپ کے خطوط بیٹی کے نام‘‘ میں جبکہ ۱۹۶؍ خطوط ’’دنیا کی تاریخ کی جھلکیاں‘‘ کا حصہ ہیں۔

ملک کی ترقی کیلئے پیش کردہ منصوبے

سائنسی سوچ اور جدید انفراسٹرکچر :
ان کا ماننا تھا کہ ملک صرف سائنس اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ہی ترقی کر سکتا ہے، انہوں نے عوام میں سائنسی سوچ پیدا کرنے پر زور دیا اور ڈیموں، کارخانوں اور ریسرچ سینٹرز کو ’’جدید ہندوستان کے مندر قرار دیا۔
lسیکولرازم اور کثرت میں وحدت: 
تقسیمِ ہند کے المیے کے بعد ان کا سب سے بڑا وژن ایک ایسا سیکولر ملک بنانا تھا جہاں ہر مذہب، زبان اور ثقافت کے لوگوں کو قانون کے تحت برابر حقوق حاصل ہوں اور ملک میں امن و یکجہتی قائم رہے۔

پنڈت نہرو کی مشہور کتابیں ۴؍ کتابیں
پنڈت نہرو نے خود تصنیف کی۔ خطوط کے مجموعوں، مضامین، اور تقاریر کو شامل کیا جائے، تو ان کی تعداد ۳۰؍ سے زائد ہیں۔ ان کی ۴؍ کتابیں:

The Discovery of India (1946)
An Autobiography: Toward Freedom (1936)
 Glimpses of World History (1934) 
 Letters from a Father to His Daughter (1929)

’’ثقافت (اور تعلیم) ذہن اور روح کی وسعت کا نام ہے۔ اسے کبھی بھی دوسروں کی نفی (یا ان کو کم تر سمجھنے) کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا۔‘‘
پنڈت جواہر لعل نہرو، ملک کے پہلے وزیراعظم

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK