Inquilab Logo

اگلے سال کرکٹ عالمی کپ ، یوروکپ اور اولمپکس کیسا تھ بہت کچھ

Updated: December 29, 2023, 5:01 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

دنیائے کھیل میں بہت سے ریکارڈ اور چمپئن بنانے کے ساتھ ہی سال ۲۰۲۳ بھی ختم ہونے والا ہے ، کہتے ہیں کہ ہر رات کے بعد سویرا ہے ، اسی طرح پرانے سال کے بعد نئے سال کا آغاز ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

دنیائے کھیل میں بہت سے ریکارڈ اور چمپئن بنانے کے ساتھ ہی سال ۲۰۲۳ بھی ختم ہونے والا ہے ، کہتے ہیں کہ ہر رات کے بعد سویرا ہے ، اسی طرح پرانے سال کے بعد نئے سال کا آغاز ہے۔ ۲۰۲۳ء کی کامیابی حور ناکامی کے بعد اب کھلاڑی بھی نئے سال کا آغاز نئے عزم کے ساتھ کرنا چاہیں گے۔ امسال کھیل کی دنیا میں باچھی بری یادیں رہیں لیکن ہندوستانیوں کیلئے سب سے ڈراؤنا خواب کرکٹ کے یکروزہ فارمیٹ کے عالمی کپ کے فائنل میں شکست رہی۔ تاہم ، ہندوستانی شائقین کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اگلے کرکٹ کے ٹی ۲۰؍  فارمیٹ میں ورلڈ کپ کا انعقاد ہونے والا ہے اور ہندوستانی ٹیم اسی جوش کے ساتھ اس ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے تیار ہوگی۔ اگلے سال کرکٹ ورلڈ کپ کے ساتھ فٹبال میں یوروکپ کا انعقاد ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی کھیلو ں کے مہاکمبھ اولمپکس کاانعقاد بھی ۲۰۲۴ء میں ہونےوالا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بہت سے دیگر ٹورنامنٹ ہیں جن سے کھیل شائقین محظوظ ہوں گے۔ آج ہم اگلے سال ہونے والے کھیلوں کے بڑے ٹورنامنٹ کی مختصر معلومات فراہم کرنے والے ہیں۔ 
افریقن کپ آف نیشنز
 فٹبال سے نئے سال کا آغاز ہوگا۔ یوروپ کی گھریلو لیگز تو جاری رہتی ہیں لیکن اس سال فریقن کپ آف نیشنز کا انعقاد ہونے والا ہے۔ یہ کپ آئیوری کوسٹ میں ہوگا اور اس کیلئے افریقی خطہ کے ممالک ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوںگے۔ یہ ٹورنامنٹ ۱۳؍ جنوری سے ۱۱؍فروری تک کھیلا جائے گا۔ 
آسٹریلین اوپن 
 ۱۴؍ جنوری سے آسٹریلین اوپن کا آغاز ہوگا۔ سال کے پہلے ٹینس گرینڈ سلیم میں اس بار رافیل ندال بھی شرکت کرنے والے ہیں جو امسال انجری کی وجہ سے کسی بھی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔ ۲۸؍جنوری کو اس کا اختتام ہوگا۔ حالانکہ اس سے قبل آسٹریلین اوپن کے وارم اپ ٹورنامنٹ ہونگے جن میں برسبین اوپن بھی شامل ہے۔ 
ونٹر یوتھ اولمپکس 
 جنوبی کوریا کا گینگوون ونٹر یوتھ اولمپکس کا میزبان ہوگا۔ یہ کھیل ۱۹؍جنوری سے شروع ہوکر ۲؍فروری کو ختم ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی امریکہ میں ونٹر ایکس گیمز بھی کھیلا جا ئے گا۔ورلڈ کپ ایکواٹکس چمپئن شپ کا بھی انعقاد ہوگا۔ 
فارمولاوَن چمپئن شپ 
مارچ کے پہلے یا دوسرے ہفتے سے فارمولاوَن کار ریس چمپئن شپ کا بھی آغاز ہوجائے گا۔ یہ چمپئن شپ نومبر کے آخر تک جاری رہے گی اور ا س کے بعد ہی فاتح کا فیصلہ پوائنٹس کی بنیاد پر ہوگا۔
مارچ اور اپریل کے دوران کھیل 
مارچ اور اپریل کے دوران افریقن گیمز، گولف ماسٹرس، ورلڈ اسنوکرس چمپئن شپ، گھڑدوڑ میں بھی گرینڈ نیشنل اور کینٹکی ڈربی کا انعقاد ہوگا۔ 
انڈین پریمیر لیگ
 انڈین پریمیر لیگ کے نئے سیزن کا آغاز مارچ کے آخر یا اپریل کی شروعات میں ہوسکتاہے۔ امکان اسی بات کاہے کہ یہ اپریل کے آغاز میں شرو ع ہوگا کیونکہ تب تک بچوں کی اسکول کی تعطیلات شروع ہوجاتی ہیں۔ 
آئس ہاکی چمپئن شپ 
 مئی میں آئس ہاکی چمپئن شپ کا آغاز ہوگا۔ ۱۰؍مئی سے ۲۶؍مئی تک ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں برفباری والے ممالک شرکت کریں گے جن میں کنیڈا اور روس اہمیت کے حامل ہوں گے۔
فرنچ اوپن 
سال کے دوسرے ٹینس گرینڈ سلیم فرن اوپن کی شروعات مئی میں ہوگی۔ ۲۰؍ مئی تا ۹؍جون یہ ٹینس ٹورنامنٹ میں فرانس کے پیرس شہر میں کھیلا جائے گا۔ اس بار رافیل ندال اور نوواک جوکووچ میں ٹکر کی امید ہے۔
فٹبال کے ٹورنامنٹ 
 ۲۵؍مئی کو ایف اے کپ کا فائنل ہوگا۔ اس کےبعد لندن کا ویمبلی اسٹیڈیم یوئیفا چمپئن لیگ کے فائنل کی میزبانی کرنے و الا ہے۔ ۱۴؍ جون سے ۱۴؍جولائی تک کوپا امریکہ کا انعقاد ہونے والا ہے۔ ۱۴؍ جون تا ۱۴؍ جولائی یورو کپ کا انعقاد ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ اس بار جرمنی میں کھیلا جانے والا ہے۔ 
ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ 
 ۴؍جون کو مردوں کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا انعقاد امریکہ اور ویسٹ انڈیزمیں ہوگا۔ اس بار اس ٹورنامنٹ میں ۲۰؍ ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے اور یوگانڈا جیسی نئی ٹیم نےبھی اس کیلئے کوالیفائی کیاہے۔ 
ومبلڈن 
 یکم جولائس سے سال کےتیسرے گرینڈسلیم ومبلڈن کا آغاز ہوگا۔ یہ ۱۴؍ جولائی تک کھیلا جائے گا۔ لیکن ا س سے پہلے ٹور ڈی فرانس کی شروعات ہوگی۔ اس کے بعد گولف میں دی اوپن چمپئن شپ ہوگی۔ 
پیرس اولمپکس 
 ۲۶؍جولائی تا ۱۱؍ اگست پیر س میں اولمپکس کا انعقاد ہوگا جس کیلئے دنیا بھر کے ایتھلیٹ اور کھلاڑی اولمپکس کھیل گاؤں میں جمع ہو ںگے۔ اگست میں ورلڈ روونگ چمپئن شپ ہوگی۔ ۲۸؍اگست تا ۸؍ستمبر پیرالمپکس کا انعقاد بھی ہوگا۔ 
یوایس اوپن 
 نیویارک میں یوایس اوپن کی شروعات ہوگی۔ حالانکہ اگست اور ستمبر میں اس کا انعقاد ہوگا لیکن اب تک اس کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ اس میں بھی ٹینس کے بڑے نام شرکت کریں گے۔ 
خواتین کا کرکٹ ورلڈ کپ 
 ستمبر اور اکتوبر میں خواتین کا ٹی ۲۰؍  کرکٹ ورلڈکپ کھیلا جائے گا۔ حالانکہ اب تک اس تاریخ نہیں ہوسکی ہے لیکن اس کی میزبانی بنگلہ دیش کرنے والا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سال کے آخر تک گولف، ایتھلیٹکس اوردیگر کھیلوں کا انعقاد ہوتا رہے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK