Inquilab Logo

’’این سی پی سب کیلئے انصاف اور یکساں مواقع فراہم کرنے میں یقین رکھتی ہے‘‘

Updated: May 05, 2024, 9:18 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

اجیت پوار سے خصوصی گفتگو، انسانیت اور بھائی چارہ پر زور دیا، پارٹی کے امیدواروں کی فتح کیلئے پُرامید،اسمبلی الیکشن میں مسلمانوں کیلئے اچھی نمائندگی کا وعدہ۔

Ajit Pawar has promised to give good representation to Muslims in the assembly elections. Photo: INN
اجیت پوار نے اسمبلی الیکشن میں مسلمانوں کو اچھی نمائندگی دینے کا وعدہ کیا ہے۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر میں لوک سبھاالیکشن  کے تیسرے مرحلے کی پولنگ میں جن ۱۱؍ سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے ان میں  رائے گڑھ اور بارامتی کی سیٹیں بھی شامل ہیں جو این سی پی (اجیت پوار) کے حصے میں آئی ہیں۔ رائے گڑھ سے پارٹی کے سینئر لیڈر سنیل تٹکرے دوبارہ امیدوار ہیں جبکہ بارامتی سے پارٹی نے اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار کو میدان میں اتارا ہے۔ شرد پوار سے علاحدگی  کے بعد اجیت پوار کی قیادت میں  پارٹی کا یہ پہلا لوک سبھا الیکشن ہے۔ اس موقع پر اجیت پوار نے انقلاب سے خصوصی بات چیت کی۔ 
اقلیتوں کے دلوں میں پیدا ہونے والے خدشات اور وسوسوں کے تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ’’این سی پی بھائی چارہ اور انسانیت پر یقین رکھتی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’سب کے لئے انصاف اور یکساں مواقع  ہمارا نصب العین ہے۔ سماج کے تمام  طبقات کا بشمول خواتین، تحفظ بھی ہم نے یقینی بنایا ہم سبھی کو خصوصاً معاشی کمزور طبقہ اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔‘‘ انہوں نے اقلیتوں کی تعلیمی ضروریات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’’مہاراشٹر میں اردو میڈیم کے طلبہ میں میڈیکل ایجوکیشن کے تعلق سے رحجان میں اضافہ کو  دیکھتے ہوئے ہم نے مہسلہ میں بہت ہی تیز رفتاری سے بی يو ایم ایس کالج کو منظورِ ی  دی اور جولائی ۲۰۲۴ء سے نیٹ امتحان کے ذریعے پہلے سال کیلئے ۱۰۰؍  سیٹوں پر داخلہ بھی یقینی بنایا۔‘‘ 
 ریاست  میں کسی بھی بڑی سیکولر پارٹی کی جانب سے مسلم اُمید وار کو ٹکٹ نہ ملنے  کے سوال پر اجیت پوار نے اعتراف کیا  اب کی بار اُن کے حصّے میں بہت کم سیٹیں آئی ہیں تاہم یقین دلایا کہ ۲۰۲۴ء کے آخر میں ریاست میں ہونے والے  اسمبلی کے چناؤ میں اور اس کے بعد کارپوریشن کے چناؤ میں ہم اقلیتوں کو اچّھی نمائندگی دینگے۔
 پارلیمانی الیکشن  کے تعلق سے  انہوں نے کہا کہ ’’ ہمارے پاس بہت محدود سیٹیں ہیں لیکن ہمارے بیشتر اُمیدوار جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK