Inquilab Logo

تعطیلات میں کئے جاسکتے ہیں ’ہارورڈ‘ کے۲۲؍ مفت آن لائن کورسیز

Updated: April 20, 2024, 3:37 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

دنیا کی سب سے مشہور اور باوقار یونیورسٹی ہارورڈ کی ویب سائٹ پر فی الوقت ۱۳۴؍ مفت آن لائن کورسیز دستیاب ہیں۔ تاہم، طلبہ کی سہولت اور دلچسپیوں کے پیش نظر ۲۲؍ کورسیز کی معلومات دی جارہی ہے۔

If a time table is made even during holidays to carry out various activities, it will be convenient to do all the work on time. It will also help in learning different courses. Photo: INN
مختلف سرگرمیاں انجام دینے کیلئے اگر چھٹیوں میں بھی ٹائم ٹیبل بنا لیا جائے تو ہر کام وقت پر کرنے میں سہولت ہوگی۔ اس سے مختلف کورسیز سیکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ تصویر : آئی این این

گرما کی تعطیلات کا آغاز ہوگیا ہے۔ طلبہ کیلئے یہ سنہری موقع ہے کچھ نیا سیکھنے کا۔ اکثر طلبہ چھٹیاں شروع ہونے سے پہلے ہی فیصلہ کرلیتے ہیں کہ انہیں کون کون سے کام کرنے ہیں۔ یہ اچھی بات ہے اور طلبہ کی فعالیت کا ثبوت بھی ہے۔ اکثر طلبہ ۸؍ ویں جماعت میں آنے کے بعد ہی اپنے کریئر کے متعلق فیصلہ کرلیتے ہیں۔ 
 طالب علمی کے دور میں مختلف کورسیز کرنا آسان ہوتا ہے۔ چونکہ فراغت کے لمحات میسر آتے ہیں اور کوئی بڑی ذمہ داری نہیں ہوتی اس لئے ذہن مکمل طور پر نئی باتوں کو سیکھنے کی جانب مائل رہتا ہے۔ اگر طلبہ چھٹیوں کو ضائع نہ کرتے ہوئے اس مدت میں کوئی کورس کرنے کا فیصلہ کریں تو یہ نہ صرف مستقبل میں ان کیلئے کارآمد ثابت ہوگا بلکہ ان کی صلاحیتوں میں نکھار آئیگا اور وہ دیگر طلبہ میں ممتاز بھی ہونگے۔ 
 جن طلبہ نے چھٹیوں کی منصوبہ بندی کرلی ہے اور جن طلبہ نے چھٹیوں کی منصوبہ بندی نہیں کی ہے، دونوں ہی زمروں کے طلبہ اس مدت میں آن لائن ’’مفت‘‘ کورسیز کرسکتے ہیں۔ ان کیلئے آپ کو کسی قسم کی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی رجسٹریشن کا عمل پیچیدہ ہے۔ شہ سرخی سے آپ نے اندازہ لگایا ہوگا کہ یہاں امریکہ کی معروف یونیورسٹی ہارورڈ کی جانب سے متعارف کروائے گئے ۲۲؍ مفت آن لائن کورسیز کے بارے میں بتایا جارہا ہے جس میں کسی بھی عمر کا طالب علم داخلہ لے سکتا ہے۔
جن کورسیز کے بارے میں یہاں بتایا گیا، ان کا دورانیہ ایک سے ۷؍ ہفتے پر محیط ہے۔ بعض کورسیز ایسے بھی ہیں جنہیں آپ اپنی سہولت کے لحاظ سے جلدی یا وقت مقررہ پر بھی مکمل کرسکتے ہیں۔ چند کورسیز ایسے ہیں جنہیں مکمل کرنے کے بعد آپ کو ہارورڈ کی جانب سے مفت سرٹیفکیٹ بھی تفویض کیا جائے گا جبکہ بعض ایسے ہیں جن کے سرٹیفکیٹ کیلئے آپ کو فیس ادا کرنی ہوگی۔
 طلبہ مستقبل میں جس میدان میں کریئر بنانے کے خواہشمند ہیں، یا، انہیں اگر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دیئے گئے کورسیز مستقبل میں ان کیلئے فائدہ مند ہوسکتے ہیں تو وہ اس لحاظ سے کورس کا انتخاب کریں۔ تاہم، اس بارے میں کریئر کاؤنسلر، اساتذہ یا گھر کے کسی بڑے سے مشورہ کرکے قدم اٹھائیں تو بہتر ہوگا۔ مقصد یہی ہے کہ آپ چھٹیوں کو کارآمد بنائیں، کچھ نیا سیکھیں اور اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں۔

ہارورڈ یونیورسٹی کے بارے میں
 کیمبرج، میساچوسیٹس (امریکہ) میں ایک نجی تعلیمی ادارہ ہے جس کی بنیاد ۱۶۳۶ء میں ڈالی گئی تھی۔ اس وقت اس کا نام ہارورڈ کالج تھا۔ اعلیٰ تعلیم کا یہ امریکہ کا سب سے قدیم ادارہ ہے جو جان ہارورڈ (کالج کی بنیاد رکھنے کیلئے سب سے پہلے سرمایہ لگانے والے شخص) سے موسوم ہے۔ یہ یونیورسٹی ۵؍ ہزار ۴۵۷؍ ایکڑ زمین پر پھیلی ہوئی ہے۔ اس یونیورسٹی کا لائبریری نظام دنیا میں سب سے محفوظ اور مستحکم خیال کیا جاتا ہے۔ یہاں ۱۰۰؍ زبانوں میں ۲۰؍ ملین سے زائد کتابیں ہیں۔پورے کیمپس میں ۷۹؍ لائبریری ہیں۔ ۲۰۲۲ء کے اعداد و شمار کے مطابق یہاں ۲۱؍ ہزار ۶۱۳؍ طلبہ مختلف کورسیز میں زیر تعلیم ہیں۔

Understanding Technology
 آج ٹیکنالوجی کا شعبہ کافی وسیع اور مستحکم ہوگیا ہے۔ اس کورس میں انٹرنیٹ، ملٹی میڈیا، سیکوریٹی، ویب ڈیولپمنٹ اور پروگرامنگ کی بنیادی معلومات آسان زبان میں سمجھائی گئی ہے۔
دورانیہ: ۶؍ ہفتے (سہولت سے سیکھ سکتے ہیں)

Ancient Egyptian Art
 اہرام مصر ، کرہ ارض پر رہنے والے ہر انسان کیلئے معمہ ہیں۔ ہارورڈ نے اہراموں کی تفصیل سمجھانے کیلئے یہ کورس متعارف کروایا ہے۔ تاریخ اور انجینئرنگ میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ یہ کورس کرسکتے ہیں۔
دورانیہ: یومیہ ۲؍ گھنٹے(سہولت سے سیکھ سکتے ہیں)

Health Effects of Climate Change
 عالمی حدت (گلوبل وارمنگ) کس طرح انسانی صحت کو تباہ کررہی ہے، اور اگر اس پر قابو نہ پایا گیا تو انسانوں کو مستقبل میں کون سے خطرات درپیش ہوں گے؟ کورس میں ان سوالوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
دورانیہ: یومیہ ۲؍ گھنٹے(سہولت سے سیکھ سکتے ہیں)

Masterpieces of World Literature
 اس کی دو شاخیں ’’اینشیئنٹ ماسٹر پیسیز آف ورلڈ لٹریچر‘‘ اور ’’ماڈرن ماسٹر پیسیز آف ورلڈ لٹریچر‘‘ ہیں۔ اس میں ادبی کتابوں کی معلومات دی گئی ہے اور جدید ادوار سے ان کا موازنہ کیا گیا ہے۔
دورانیہ: یومیہ ۲؍ گھنٹے(سہولت سے سیکھ سکتے ہیں)

Introduction to Computer Science
 کمپیوٹر سائنس اور پروگرامنگ میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ کیلئے یہ کورس کرنا سودمند ہوسکتا ہے۔ یہ کورس آپ اپنی سہولت کے لحاظ سے مکمل کرسکتے ہیں، یعنی سیکھنے کی کوئی خاص میعاد مقرر نہیں ہے۔
دورانیہ: زیادہ سے زیادہ ۱۱؍ ہفتے

The Einstein Revolution
 معروف سائنسداں البرٹ آئنسٹائن نے فزکس میں کس طرح نام کمایا، اور ان کی ایجاد اور دریافت کے بعد یہ شعبہ کس طرح مستحکم ہوا نیز مستقبل کے ممکنات کے بارے میں اس کورس میں پڑھایا جاتا ہے۔ 
دورانیہ: ۲؍ سے ۳؍ گھنٹے ہر ہفتے

Data Science
 تیزی سے ابھرتے ہوئے اس شعبے میں کریئر بنانا زیادہ مشکل نہیں ہے۔ اگر آپ کو نمبروں میں دلچسپی ہے اور آپ تحقیقی طبیعت کے مالک ہیں تو ہارورڈ کا یہ کورس کرکے بنیادی چیزیں سیکھ سکتے ہیں۔
دورانیہ: یومیہ ۲؍ گھنٹے(سہولت سے سیکھ سکتے ہیں)

Shakespeare`s Life and Work
 ولیم شیکسپیئر کی انگریزی سمجھنا کافی مشکل ہے مگر اس کورس میں آسان انگریزی میں شیکسپیئر کی کہانیوں، نظموں اور ڈراموں کو سمجھایا گیا ہے۔ ادب میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ اس کورس میں داخلہ لے سکتے ہیں۔
دورانیہ: یومیہ ۲؍ گھنٹے(سہولت سے سیکھ سکتے ہیں)

Lost Without Longitude
 جن طلبہ کو جغرافیہ میں دلچسپی ہے، ان کیلئے یہ خاص کورس ہے۔ اس میں آپ کو سکھایا جائے گا کہ کس طرح سمتوں کا پتہ لگایا جاتا ہے۔ ستارے، سورج اور چاند وقت کا تعین کرنے میں کیسے معاون ہوتے ہیں۔
دورانیہ: ایک ہفتہ (یومیہ ۲؍ گھنٹے)

Introduction to Programming
 پروگرامنگ ایک وسیع موضوع ہے۔ تاہم، اسے سمجھنا زیادہ مشکل نہیں ہے۔ مذکورہ کورس میں بنیادی معلومات کے ساتھ ایڈوانس طریقے بھی بتائے گئے ہیں۔ طلبہ بآسانی اسے سمجھ سکتے ہیں۔
دورانیہ: ۳؍ ہفتے(سہولت سے سیکھ سکتے ہیں)

Entrepreneurship
 دنیا کی معیشت تیزی سے وسیع ہورہی ہے جس میں انٹرپرینیورشپ کا بڑا رول ہے۔ مضبوط اور بڑھتی ہوئی معیشت میں انٹرپرینیور شپ کے ذریعے مزید کیا کیا جاسکتا ہے، اس کورس میں بتایا گیا ہے۔
دورانیہ: ۶؍ ہفتے (یومیہ ۲؍ گھنٹے)

Managing Happiness
 آج کی میکانیکی دنیا میں لوگ خوش رہنا بھول گئے ہیں اور دوسروں کی زندگی سے اپنی زندگی کا موازنہ کرنے لگے ہیں۔ سوشل میڈیا نے انسانوں پر نفسیاتی دباؤ بڑھا دیا ہے۔ اس کورس میں خوشیوں کو اہمیت دی گئی ہے۔
دورانیہ: ۶؍ ہفتے (یومیہ ۲؍ گھنٹے)

Introduction to AI
 یہ شعبہ تیزی سے ابھر رہا ہے جس میں طلبہ دلچسپی بھی لے رہے ہیں۔ پائتھون نامی کمپیوٹر زبان کے ساتھ کم عمر ہی میں یہ کورس کرلینا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا۔ اس میں اے آئی کی مختلف تفصیلات ہیں۔
دورانیہ: ۷؍ ہفتے

Exercising Leadership
 اس کورس میں مختلف مثالوں کے ذریعے طلبہ کو لیڈرشپ سکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ مثالیں حقیقی زندگی میں پیش آچکی ہیں۔ مختلف حالات میں لیڈر کو کس قسم کا رویہ اختیار کرنا چاہئے، سکھایا جائے گا۔
دورانیہ: یومیہ ۲؍ گھنٹے(سہولت سے سیکھ سکتے ہیں)

Digital Humanities
 ڈجیٹل دور میں انسان کی مرکزی حیثیت کو سمجھایا گیا ہے کہ وہ کس طرح مختلف شعبوں مثلاً ادب، تاریخ، فلسفہ اور لسانیات وغیرہ میں ترقی کرسکتا ہے۔ اس میں تحقیق کے اصول بھی بتائے گئے ہیں۔
دورانیہ: ۷؍ ہفتے (یومیہ ۲؍ گھنٹے)

Data Science: Visualization
 آج ڈیٹا کی اہمیت کافی بڑھ گئی ہے۔ اس کی بنیاد پر کمپنیوں میں فیصلہ کئے جاتے ہیں۔ ڈیٹا اور نمبروں سے دلچسپی دکھنے والے طلبہ کیلئے سنہری موقع ہے کہ وہ اس کورس میں داخلہ لیں۔
دورانیہ: ۸؍ ہفتے (یومیہ ۲؍ گھنٹے)

Strategic Leadership Podcasts
 دورِ حاضر میں کارپوریٹ سیکٹر میں بہترین لیڈروں کی مانگ ہے۔ اس پوڈ کاسٹ کورس میں بہترین لیڈر کے ۴؍ پی، باریکی سے سمجھائے گئے ہیں۔ اس کورس کی کوئی مدت نہیں ہے۔ طلبہ اپنی سہولت کے لحاظ سے یہ کورس مکمل کرسکتے ہیں۔

Strengthening Community 
 ہر شخص کسی نہ کسی کمیونٹی کا حصہ ہے۔ اس کورس میں بتایا گیا ہے کہ طلبہ اپنی کمیونٹی کو مستحکم کرنے کیلئے کیا کرسکتے ہیں۔ کمیونٹی کے افراد کو صحتمند زندگی گزارنے کی تلقین کس طرح کرسکتے ہیں۔
دورانیہ: یومیہ ۲؍ گھنٹے(سہولت سے سیکھ سکتے ہیں)

Preventing the Next Pandemic
 مغربی افریقہ میں ایبولا کے بعد دنیا نے کس طرح اسے روکا اور کون سی مشکلات کا سامنا کیا، ایسے سیکڑوں سوالوں کی بنیاد پر یہ کورس تیار کیا گیا ہے جس میں مستقبل میں وباؤں سے بچنے کی تدابیر بھی ہیں۔
دورانیہ: ۴؍ ہفتے (یومیہ ۲؍ گھنٹے)

Super-Earths and Life
 اس کورس میں سیکھئے کہ کائنات کس قدر وسیع ہے، زمین پر انسانی ارتقاء کیسے ہوا اور ہم دیگر سیاروں پر زندگی کیسے تلاش کرسکتے ہیں۔ خلائی اور سیاروں کے جہاں کی دلچسپ معلومات تفصیل سے دی گئی ہے۔
دورانیہ: ۷؍ ہفتے (یومیہ ۴؍ گھنٹے)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK