اے آئی کا مقصد ایسے نظام کی تعمیر ہے جو انسان جیسی سوچ اور رویے کی نقل کرے جبکہ ڈیٹا سائنس میں ڈیٹا کا تجزیہ کرکے حکمت عملی تیار کی جاتی ہے۔ اِن دونوں کا اشتراک حیرت انگیز نتائج پیش کرتا ہے۔
EPAPER
Updated: May 08, 2026, 5:11 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai
اے آئی کا مقصد ایسے نظام کی تعمیر ہے جو انسان جیسی سوچ اور رویے کی نقل کرے جبکہ ڈیٹا سائنس میں ڈیٹا کا تجزیہ کرکے حکمت عملی تیار کی جاتی ہے۔ اِن دونوں کا اشتراک حیرت انگیز نتائج پیش کرتا ہے۔
تعارف: اس کور س کا نام بی ٹیک اِن آرٹی فیشل انٹیلی جنس اینڈ ڈیٹا سائنس ہے جو ایک چار سالہ انڈر گریجویٹ انجینئرنگ پروگرام ہے۔ اس میں طلبہ کو کمپیوٹر سائنس، مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا اینالٹکس کی جدید تکنیک سکھائی جاتی ہیں۔ اس کورس کا مقصد انٹیلی جنٹ سسٹمز اور ڈیٹا پر مبنی فیصلوں کیلئے ماہر انجینئر تیار کرنا ہے۔
کیوں کریں؟ اس کورس کو کرنے کے بعد طلبہ جدید ٹیکنالوجی جیسے اے آئی، مشین لرننگ اور بگ ڈیٹا میں مہارت حاصل کرسکتے ہیں ۔ دنیا بھر میں ڈیٹا سائنس اور اے آئی ماہرین کی زیادہ مانگ ہے جس کی وجہ سے یہ ایک مضبوط رکریئر آپشن ہے۔ اس کورس کے ذریعے طلبہ بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔
کیاآپ میں صلاحیتیں ہیں : یہ کورس اُن طلبہ کیلئے بہترین ہے جن کی دلچسپی کمپیوٹر، ریاضی اور مسئلہ حل کرنے میں ہو۔ جو طلبہ جدید ٹیکنالوجی، پروگرامنگ اور ڈیٹا کے تجزیے میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ اس فیلڈ میں بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ تجسس رکھنے والے اور منطقی سوچ والے طلبہ کیلئے یہ ایک مثالی انتخاب ہے۔
اہلیت: اس کورس میں داخلے کیلئے امیدوار کا بارہویں جماعت میں سائنس ( فزکس، کیمسٹری اور میٹھس) کے ساتھ پاس ہونا ضروری ہے۔ زیادہ تر تعلیمی اداروں میں کم از کم۵۰؍ فیصدسے۶۰؍ فیصد کی شرط رکھی جاتی ہے۔ داخلہ عام طور پر انٹری ٹیسٹ، اہلیتی امتحان یا میرٹ کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔
کیا سیکھیں گے: طلبہ کو پروگرامنگ لینگویجز جیسے پائتھون، جاوا اور سی پلس پلس سکھائی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ مشین لرننگ، ڈیپ لرننگ، ڈیٹا مائننگ اور اسٹیٹسٹکس جیسے اہم موضوعات پڑھائے جاتے ہیں۔ طلبہ بڑے ڈیٹا سیٹس کو سمجھنے، تجزیہ کرنے اور ان سے نتائج اخذ کرنے کی صلاحیت حاصل کرتے ہیں۔
کریئر کے مواقع: اس کورس کے بعد طلبہ ڈیٹا سائنٹسٹ، اے آئی انجینئر، مشین لرننگ انجینئر اور ڈیٹا اینالسٹ جیسے شعبوں میں کام کر سکتے ہیں۔ نجی کمپنیوں، آئی ٹی سیکٹر، بینکنگ اور ریسرچ اداروں میں روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اس کے علاوہ فری لانسنگ اور انٹرنیشنل جاب مارکیٹ میں بھی بہترین امکانات دستیاب ہوتے ہیں۔
بہترین کالجز: ہندوستان میں اس کورس کیلئے کئی بہترین سرکاری اور پرائیویٹ کالجز موجود ہیں جن میں آئی آئی ٹی مدراس، آئی آئی ٹی بامبے، آئی آئی ٹی حیدر آباد، آئی آئی ٹی کانپور، وی آئی ٹی ویلور، منی پال انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی(کرناٹک) اورایس آر ایم انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(چنئی) وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
اس فیلڈ کی قابل ذکر شخصیات: ان کے متعلق پڑھ کر اور ان سے سیکھ کر بھی آپ تحریک حاصل کرسکتے ہیں۔ اس فیلڈ کی قابل ذکر شخصیات میں یوشوا بینجیو (Yoshua Bengio)، ڈی جےپاٹل (DJ Patil)، جوڈیا پرل (Judea Pearl)اوراسٹورٹ رسل (Stuart Russell) وغیرہ شامل ہیں۔