• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلسطین: خواتین کے حقوق پر ۱۶؍ روزہ مہم کا آغاز

Updated: November 26, 2026, 9:11 PM IST | Ramallah

فلسطینی وزارتِ امورِ خواتین نے راملّہ میں ’’خواتین کیلئے انصاف... استثنیٰ کا خاتمہ‘‘ کے نعرے کے تحت صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف ۱۶؍ روزہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے دوران مقررین نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی جارحیت، جبری بے دخلی اور سماجی تشدد سے خواتین کو درپیش سنگین خطرات پر روشنی ڈالتے ہوئے عالمی برادری سے فوری تحفظ اور مجرموں کے احتساب کا مطالبہ کیا۔

Representative Image. Photo: X.
علامتی تصویر۔ تصویر: ایکس۔

 فلسطینی وزارتِ امورِ خواتین نے `جنرل یونین آف فلسطینی ویمن اور `ہائیر نیشنل کمیٹی ٹو کومبیٹ وائلنس کے اشتراک سے بدھ کو راملّہ پارک میں ’’خواتین کیلئے انصاف... استثنیٰ کا خاتمہ‘‘ کے نعرے کے تحت صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف ۱۶؍ روزہ سرگرمیوں کا آغاز کیا، جس میں سرکاری، سول اور بین الاقوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ یہ مہم اسرائیلی قبضے کے بڑھتے حملوں، خلاف ورزیوں اور سماجی تشدد کے پس منظر میں شروع کی گئی ہے، جس کے پیغامات فلسطین بھر کی اسکرینوں، ۱۶۰؍ ڈجیٹل پلیٹ فارمز اور دنیا بھر کے ۵۴۰؍ رضاکاروں کے ذریعے پھیلائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ: ’خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمےکا دن‘، اسرائیلی حملوں میں اموات کا سلسلہ جاری

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ امورِ خواتین مونا الخلیلینے کہا کہ خواتین کے تحفظ کا آغاز ان کے جینے، سلامتی، نقل و حرکت اور عوامی شرکت کے حق سے ہوتا ہے اور حملے ہمارے عوام کا عزم کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ غزہ میں خواتین بے دخلی، بنیادی ضروریات کی تباہی اور گھروں و روزگار کے چھن جانے کے باعث شدید مشکلات میں ہیں۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں انہیں آبادکاروں کے حملوں ، جبری بے دخلی اور پابندیوں کا سامنا ہے؛ جبکہ القدس (یروشلم) کی خواتین کو دوہرے چیلنجز درپیش ہیں۔ الخلیلی نے زور دیا کہ یہ حالات سماجی تشدد کا جواز نہیں بن سکتے اور تشدد کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے جدید `فلسطینی پرسنل اسٹیٹس لا کے مسودے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت تین خطوط پر کام کر رہی ہے، پہلا قابض افواج و سماجی تشدد سے تحفظ،دوسرا قومی تحفظ و ریفرل نظام کی مضبوطی اور تیسرا خواتین کو بااختیار بنانے کے ساتھ قابض قوت کے احتساب کیلئے بین الاقوامی دباؤ۔

یہ بھی پڑھئے: لندن: فلسطین کے بیج پہننے پر بچوں کو دھمکی، اسکول ٹرسٹ نے معافی مانگی

`جنرل یونین آف فلسطینی ویمن کی سربراہ انتصار الوزیر نے خاندان کو تشدد سے بچانے کے قانون کی فوری منظوری پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں غربت و تباہی اور مغربی کنارے میں قابض فوج و آبادکاروں کی دہشت گردی نے خواتین کی زندگی اور بنیادی خدمات تک رسائی محدود کر دی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کو تحفظ دے، غزہ تک امداد پہنچائے، اسرائیلی جیلوں میں قید خواتین پر مظالم کی تحقیقات کرے اور خواتین کے حقوق کے محافظوں کو تحفظ فراہم کرے۔ اقوامِ متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کے نمائندے نیسٹر اوموہانگی نے محض مذمت کے بجائے مؤثر تحفظ اور مجرموں کے احتساب پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں بے دخلی و سماجی نظام کی تباہی اور مغربی کنارے میں فوجی کارروائیوں و جنسی تشدد نے خواتین کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے صحت، محفوظ پناہ گاہوں، نفسیاتی و قانونی مدد، خفیہ ریفرل نظام اور فیصلہ سازی میں فلسطینی خواتین کی تنظیموں کی شمولیت یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے یو این ایف پی اے کی جانب سے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK