ڈجیٹل ورلڈ میں ڈیٹا کوسب سے قیمتی طاقت سمجھا جاتا ہےاور اسی ڈیٹا کو سمجھنے، حل کرنے اور اس سے فیصلے اخذ کرنے کا فن ڈیٹا سائنس اور اے آئی کہلاتا ہے جس کی تفصیلات اس کورس میں بتائی جاتی ہیں۔
EPAPER
Updated: May 08, 2026, 5:10 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai
ڈجیٹل ورلڈ میں ڈیٹا کوسب سے قیمتی طاقت سمجھا جاتا ہےاور اسی ڈیٹا کو سمجھنے، حل کرنے اور اس سے فیصلے اخذ کرنے کا فن ڈیٹا سائنس اور اے آئی کہلاتا ہے جس کی تفصیلات اس کورس میں بتائی جاتی ہیں۔
تعارف: اس کورس کا نام بی ایس سی اِن ڈیٹا سائنس اینڈ آرٹی فیشل انٹیلی جنس ہے جو ایک۳؍ سالہ انڈرگریجویٹ ڈگری کورس ہے۔ یہ ڈیٹا کے تجزیے اور مصنوعی ذہانت کی بنیادی و جدید تکنیکوں پر مبنی ہے۔ اس میں طلبہ کو کمپیوٹر سائنس، شماریات اور مشین لرننگ کی بنیادی سمجھ دی جاتی ہے۔ ڈجیٹل دور میں اس کورس کی طلب سب سے زیادہ ہے۔
کیوں کریں؟ آج تقریباً ہر صنعت ڈیٹا پر انحصار کرتی ہے، اس لئے اس فیلڈ کی مانگ اندرون اور بیرون ملک بہت زیادہ ہے۔ یہ کورس اچھی تنخواہ اور عالمی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ کورس طلبہ کو مستقبل کی ٹیکنالوجی جیسے اے آئی، مشین لرننگ اور بگ ڈیٹا کا ماہر بناتی ہے۔
کیا آپ میں یہ صلاحیتیں ہیں : یہ کورس اُن طلبہ کیلئے بہترین ہے جنہیں ریاضی اور کمپیوٹر میں دلچسپی ہو۔ جو طلبہ مسئلہ حل کرنےاور ڈیٹا کے ساتھ کام کرنا پسند کرتے ہیں وہ اس فیلڈ میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ ٹیکنالوجی میں کریئر بنانے کے خواہشمند طلبہ اس کورس کے ذریعے ڈیٹا سائنس کے شعبے میں بہترین کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
اہلیت : اس کورس میں داخلےکیلئے عموماً بارہویں جماعت (سائنس اسٹریم) ضروری ہوتی ہے، خاص طور پر ریاضی یا کمپیوٹر سائنس کے ساتھ۔ کچھ کالجز میں ۵۰؍ فیصد سے ۶۰؍ فیصد نمبرات کی شرط بھی رکھی جاتی ہے۔ داخلہ امتحان یا میرٹ کی بنیاد پر بھی ہو سکتا ہے۔ داخلہ کے وقت امیدواروں کی عمرکم از کم۱۷؍ سال ہونی چاہئے۔
کیا سیکھیں گے: اس کورس میں طلبہ کو پائتھون، آر پروگرامنگ، مشین لرننگ، ڈیٹا اینالیسس اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے بنیادی و جدید تصورات سکھائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈیٹا ویژولائزیشن، ڈیٹا بیس مینجمنٹ اور الگورتھم بھی پڑھائے جاتے ہیں۔ عملی تربیت کے ذریعے حقیقی دنیا کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت پیدا کی جاتی ہے۔
کریئر کے مواقع: اس کورس کے بعد طلبہ بطور اے آئی ماہر، ڈیٹا سائنٹسٹ اور ڈیٹا اینالسٹ اپنی خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ آئی ٹی کمپنیوں، بینکوں، ہیلتھ کیئر اور ای کامرس سیکٹر زمیں کئی مواقع موجود ہیں۔ مزید تعلیم کے ذریعے ریسرچ اور اسپیشلائزیشن کے راستے بھی کھل جاتے ہیں جس سے مہارت میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔
بہترین کالجز: یہ ہیں اس کورس کے کچھ بہترین اور مشہور کالجز:سینٹ زیویئر کالج( ممبئی)، سونندن دیوتیا اسکول آف سائنس(ممبئی)، میتھی بائی کالج( ممبئی)، رام نرنجن جُھن جھن والاکالج(ممبئی)، وی ای ایل ایس انسٹی ٹیوٹ آف سائنس، ٹیکنالوجی اور ایڈوانسڈ اسٹڈیز( چنئی) اورسری رام کرشن کالج آف آرٹس اینڈ سائنس(کوئمبتور)۔
اس فیلڈ کی قابل ذکر شخصیات: ان کے متعلق پڑھ کر اور ان سے سیکھ کر بھی آپ تحریک حاصل کرسکتے ہیں۔ اس فیلڈ کی قابل ذکر شخصیات میں ایان گڈ فیلو(Ian Goodfellow)، جیف ڈین (Jeff Dean)، ڈیوڈ ڈونوہو (David Donoho) اورہلیری میسن (Hilary Mason) وغیرہ شامل ہیں۔