• Sat, 15 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکی ہائی جمپ ایتھلیٹ رچرڈ فوسبری’’ فوسبری فلوپ‘‘ کے موجد تھے

Updated: November 14, 2025, 7:48 PM IST | Mumbai

Richard Fosburyنے نہ صرف ہائی جمپ کی دنیا میں انقلاب برپا کیا بلکہ عالمی سطح پر اس کھیل کی تربیت اور مقابلوں کے معیار کو بدل کر رکھ دیا۔

After sports, Richard Fosbury pursued a career in engineering. Photo: INN
کھیلوں کے بعد رچرڈفوسبری نے انجینئرنگ میں کریئر بنایا۔ تصویر: آئی این این

رچرڈ ڈگلس فوسبری ایک امریکی ہائی جمپ ایتھلیٹ تھے جنہیں ٹریک اور فیلڈ کی تاریخ میں سب سے بااثر کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے۱۹۶۸ء کے سمر اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ 
فوسبری کی پیدائش ۶؍ مارچ۱۹۴۷ء کو اوریگن، امریکہ میں ہوئی تھی۔ ان کا تعلق ایسے گھرانے سے تھا جہاں والد لاگنگ ٹرک چلاتے تھے اور والدہ موسیقی کی تعلیم دیتی تھیں۔ وہ بچپن میں میڈفورڈ، اوریگن منتقل ہو گئے جہاں انہوں نے ہائی سکول میں کھیلوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے۱۹۷۲ءمیں اوریگون اسٹیٹ یونیورسٹی سے سول انجینئرنگ میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔ ہائی جمپ کے روایتی انداز خاص طور پر ’’اسٹرَڈل‘‘ (straddle) طریقہ ان کیلئے مشکل ثابت ہوا اور تقریباً ۱۶؍ برس کی عمر میں انہوں نے ایک نیا انداز آزماناشروع کیا۔ 
رچرڈ فوسبری کی سب سے اہم خدمات میں ہائی جمپ میں ایک انقلابی تکنیک کی ایجاد ہے جو بعد میں ’’فوسبری فلوپ‘‘(Fosbury flop) کے نام سے مشہور ہوئی۔ اس تکنیک میں ایتھلیٹ پیچھے کی جانب کر کے جمپ کرتا ہے بجائے اس کے کہ جسم کو سامنے سے اوپر اٹھائے جس سے زیادہ بلندی تک پہنچنا ممکن ہوتا ہے اور گرنے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ ابتداء میں کوچز اور ماہرین نے اس طریقہ کار پر تنقید کی، لیکن جب اس نے نتائج دینے شروع کئے تو یہ جلدی مقبول ہوا۔ فوسبری کی یہ ایجاد ہائی جمپ کی تربیت اور مقابلوں کی دنیا میں انقلاب لے آئی اور آج بھی یہ تکنیک بین الاقوامی سطح پر استعمال کی جاتی ہے۔ 
۱۹۶۸ءمیں میکسیکو سٹی میں ہونے والےسمر اولمپکس میں انہوں نے ہائی جمپ میں گولڈ میڈل جیتا اور۲ء۲۴؍ میٹر کی بلندی حاصل کی جو اُس وقت کا اولمپک ریکارڈ تھا۔ اس اولمپکس میں ان کی تکنیک نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی اور بعد ازاں ہائی جمپ میں ایک نیا معیار بن گئی۔ ان کی اس تکنیک کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ۱۹۷۲ءکے اولمپکس میں حصّہ لینے ۴۰؍ ہائی جمپرز میں سے ۲۸؍نے اس تکنیک کو استعمال کیاتھا۔ 
کھیل کی سرگرمیوں کے بعد، فوسبَری نے انجینئرنگ کا کریئر اختیار کیا اور آئڈاہو میں اپنی انجینئرنگ فرم قائم کی جس میں سائیکل اور رننگ ٹریل کی ڈیزائننگ شامل تھی۔ وہ کھیل کے میدان سے مکمل دور نہیں ہوئے بلکہ متعدد ٹریک اینڈ فیلڈ کیمپس، جمپنگ کلینکس اور کوچنگ سرگرمیوں میں شامل رہے۔ وہ ورلڈ اولمپین اسوسی ایشن کے صدر کے طور پر بھی اپنی خدمات دے چکے تھے۔ 
فوسبَری کی ایجاد نے ہائی جمپ کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا۔ انہوں نے ثابت کیا کہ جدت اور تکنیکی تبدیلی کس طرح ایک کھیل کی سمت بدل سکتی ہے۔ میڈیا اور ماہرین نے انہیں ’’کھیلوں کی تاریخ کے سب سے با اثر ’’ایتھلیٹس‘‘ میں شمار کیا۔ ان کی تکنیک کے باعث ہائی جمپ میں کارکردگی کی سطح بھی بلند ہوئی۔ رچرڈ فوسبری کا انتقال ۱۲؍ مارچ ۲۰۲۳ء کو سالٹ لیک سٹی، یوٹاہ میں ۷۶؍ سال کی عمر میں ہوا تھا۔ 
(وکی پیڈیا اور برٹانیکا ڈاٹ کام)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK