۱۴؍ نومبر، جواہر لال نہرو کے یومِ پیدائش پر خصوصی مضمون۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 4:43 PM IST | M. Chalapathi Rao | Mumbai
۱۴؍ نومبر، جواہر لال نہرو کے یومِ پیدائش پر خصوصی مضمون۔
عظیم انسان
جواہر لال نہرو کا شمار دُنیا کے عظیم ترین انسانوں میں ہوتا تھا۔ وہ بڑے بہادر، رحم دل اور فیاض تھے۔ اپنی پچہتر سال کی زندگی میں انہوں نے سخت محنت کی۔ وہ کبھی کسی سے ڈرے نہیں۔ وہ خاندانی دولت مند تھے۔ لیکن انہوں نے ایک عام آدمی کی طرح زندگی گزاری۔ مہاتما گاندھی اور دوسرے رہنماؤں کے ساتھ مل کر ایک طویل عرصے تک ملک کی آزادی کے لئے جد و جہد کرتے رہے۔ ملک آزاد ہو جانے کے بعد وہ ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم بنے اور سترہ سال تک وزیر اعظم رہے۔
بچوں سے محبّت
جواہر لال نہرو نے ہندوستان کو خوش حال اور دولت مند بنانے کیلئے مسلسل کام کیا۔ انہوں نے مختلف قوموں، مذہبوں اور نسلوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے درمیان اتحاد، امن اور بھائی چارہ کی فضا پیدا کرنے کیلئے کام کیا۔ وہ آخری دم تک کام میں مصروف رہے اور ان کی موت بھی کام ہی کرتے ہوئے ہوئی۔ ساری عمروہ لوگوں سے پیار کرتے رہے اور عوام بھی ان کو بے حد پیار کرتے تھے۔ بچوں کو تو نہرو جی خاص طور سے بہت زیادہ پیار کرتے تھے اور بچے بھی انہیں بڑے پیار سے چاچا نہرو کہتے تھے۔ ان کی زندگی کی کہانی پاکیزہ عمل اور پاکیزہ خیالات کی کہانی ہے۔
پیدائش کا دن بچوں سے منسوب
جواہر لال نہرو ۱۴؍ نومبر ۱۸۸۹ء کو الہ آباد میں پیدا ہوئے۔ ان کی سالگرہ پر ہر سال بچوں کا دن بڑی دھوم دھام سے منایا جاتا ہے۔
چاچا نہرو کا خاندان
ان کے والد کا نام موتی لال نہرو تھا۔ وہ ایک مشہور و معروف وکیل تھے۔ ان کی ماں شریمتی سروپ رانی خوبصورت اور شریف خاتون تھیں۔ نہرو خاندان کے لوگ برہمن تھے اور یہ کشمیر سے آئے تھے جو ہندوستان کا سب سے خوبصورت خطہ ہے اور جس کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ دلکش اور پُر فضا مقامات ہیں ہوتا ہے۔ پہلے تو یہ لوگ دہلی آئے اور بعد میں آگرہ چلے گئے۔ موتی لال و ہیں ۶؍ مئی ۱۸۶۱ء کو پیدا ہوئے۔ دہلی میں موتی لال کے والد گنگا دھر نہرو کوتوال شہر کے ممتاز عہدہ پر مامور تھے۔ موتی لال کی پیدائش سے پہلے ہی ان کا انتقال ہوگیا تھا۔ ان کے بڑے بھائی بنسی دھر نہرو اور نند لال نہرو نے موتی لال کی پرورش کی تھی۔ شروع میں تو نند لال نے آگرہ میں وکالت کی لیکن کچھ عرصے کے بعد وہ الہ آباد میں وکالت کرنے لگے۔ موتی لال نے گورنمنٹ ہائی اسکول کانپور میں تعلیم پائی۔ بعد ازاں انہوں نے میور سینٹرل کالج الہ آباد میں داخلہ لے لیا۔
یہ بھی پڑھئے: عالمی کہانیوں کا اردو ترجمہ: دھاگے کا ٹکڑا
چاچا نہرو کی تعلیم اور وکالت کا سفر
موتی لال کو ایک مشہور و معروف رہنما بننا تھا۔ وہ خوبصورت، ذہین اور پختہ ارادے کے آدمی تھے۔ بی اے کے امتحان میں ان کو یہ خیال ہوا کہ ان کا پہلا پرچہ کچھ اچھا نہیں ہوا ہے۔ چنانچہ وہ دوسرے پرچے میں شریک ہی نہ ہوئے۔ ان کے پروفیسر نے ان کو ڈانٹا کیونکہ انہوں نے پہلے پرچے میں اچھے نمبر حاصل کئے تھے۔ موتی لال نے اپنے بھائی کی طرح وکالت کا پیشہ اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ہائی کورٹ کے وکالت کے امتحان میں وہ اول آئے۔ کچھ عرصہ کے بعد وہ الہ آباد میں رہنے لگے۔ جہاں انہوں نے ہائی کورٹ میں وکالت شروع کر دی۔
جواہر لال نہرو کی دو بہنیں
موتی لال بہت اچھے میزبان تھے۔ وہ انگریزی وضع قطع سے رہتے تھے۔ وہ فن گفتگو میں ماہر تھے۔ وہ کئی زبانیں جانتے تھے اور بڑے تیز فہم اور پُر مذاق آدمی تھے۔ جواہر لال اپنے والدین کے واحد چشم و چراغ تھے اور گھر میں کوئی دوسرا بچہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ گھر بھر کی محبت کا مرکز بنے ہوئے تھے۔ ان کی بہن سوروپ جو اب وجے لکشمی پنڈت کے نام سے مشہور ہیں ۱۹۰۰ء میں پیدا ہوئیں اور دوسری بہن کرشنا کا جنم ۱۹۰۷ء میں ہوا۔ سوَروپ تو جواہر لال سے بہت چھوٹی تھی۔ تب تک جواہر لال گھر میں تنہا رہتے تھے۔
ابتدائی تعلیم
موتی لال کئی بار یورپ سیر کے لئے گئے اور وہاں سے بہت سی چیزیں مثلاً سائیکلیں کاریں خرید کر لائے۔ ۱۸۸۹ء میں اپنے پہلے دورہ یورپ کے بعد انہیں برادری سے خارج کر دیا گیا کیونکہ انہوں نے پاک ہونے کی مذہبی رسم ادا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ جواہر لال کی تعلیم و تربیت انگریز بچوں کی طرح ہوئی تھی۔ وہ یا تو خچر پر سوار ہوتے یا سائیکل پر گھوما کرتے تھے۔ ان کو ہندی اور سنسکرت سکھانے کے لئے برہمن عالم رکھے گئے لیکن وہ کامیاب نہ ہوئے۔ ان کو سینٹ میریز کانوینٹ اسکول بھیج دیا گیا مگر چھ ماہ بعد ان کو نکال لیا گیا۔ اس کے بعد ایک انگریز استاد فرڈیننڈ بروکس ان کی تعلیم و تربیت کے لئے مکان ہی پر مامور ہوئے جن کی عمر بیس اور تیس سال کے درمیان تھی۔ بروکس کے زیر ِ نگرانی جواہر لال نے ناولوں، داستانوں، مذہبی کتابوں اور علم سائنس کا خوب مطالعہ کیا۔
پسندیدہ کتابیں
ان کو اسکاٹ، تھیکرے، ڈکنسن، کپلنگ، لیوس کیرول اور ایچ جی ویلس کی کتابیں پڑھنے کا بڑا شوق تھا۔ وہ لیوس کیرول کی کتاب ’ایلائس ان ونڈر لینڈ‘، کپلنگ کی ’کم‘، اینتھونی ہوپ کی کتاب ’زینڈہ کا قیدی‘، جیرومی کی ’ایک کشتی میں تین آدمی‘، کو خاص طور پر پسند کرتے تھے۔ بروکس نے انہیں علم کیمیا بھی پڑھایا۔ جواہر لال یا تو ایک معمولی سی تجربہ گاہ میں تجربات کیا کرتے یا کسی مقناطیس یا جیومیٹری باکس سے کھیلتے رہتے تھے۔ پھر ان میں گھوڑ سواری کا شوق پیدا ہوا اور وہ ایک اچھے گھوڑ سوار بن گئے۔ وہ تیراک بھی تھے اور کرکٹ اور ٹینس بھی کھیل لیتے تھے۔
والد سے متاثر تھے
چاچا نہرو غور و فکر کرنا اور مطالعہ کرنا پسند کرتے تھے اور کام کرنے والوں کو زیادہ پسند کرتے تھے۔ ان کے والد موتی لال بذات خود ایک باعمل انسان تھے۔ جواہر لال اپنے والد کے رعب و دبدبہ سے بہت متاثر تھے۔ انہوں نے اپنے والد ہی کی طرح مغل تہذیب اور مغربی خیالات کے اثرات قبول کئے۔ ان کو انگریزی زبان آسان معلوم ہوتی تھی اور سچ پوچھئے تو وہ انگریزوں کو تہہ دل سے چاہتے تھے حالانکہ ہندوستان پر انگریزوں کی حکومت کو وہ ناپسند کرتے تھے۔
آزادی کا خواب
اس زمانہ میں روس اور جاپان ایک دوسرے کے خلاف جنگ کر رہے تھے۔ جاپانیوں کی فتوحات سے جواہر لال کے دل میں بڑا جوش پیدا ہوا۔ وہ روزانہ تازہ خبروں کے منتظر رہتے اور جاپان کے متعلق کتابیں پڑھا کرتے۔ وہ ایشیا اور ہندوستان کی آزادی کے بارے میں سوچتے رہتے وہ دلیرانہ کارنامے انجام دینے کا خواب دیکھتے جیسے ان کے ایک ہاتھ میں تلوار ہو اور وہ لڑ کر ہندوستان کو آزاد کرائیں۔