• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

قرآن اپنی جگہ ہدایت کاملہ و تامہ ہے مگر اس سے استفادہ کیلئے تقویٰ اہم ہے

Updated: November 24, 2026, 4:54 PM IST | Dr. Israr Ahmad | Mumbai

قرآن اپنی جگہ ہدایت کاملہ و تامہ ہے مگر اس سے استفادہ کیلئے جو شرط خود انسان کے باطن میں پوری ہونی چاہئے وہ تقویٰ ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ارشادباری تعالیٰ ہے: ’’یقیناً تمہارے لئے  اللہ کے رسولؐ میں ایک نہایت اعلیٰ نمونہ ہے۔‘‘ اسوہ کے لفظ کا مادہ ’’اس و‘‘ ہے۔ اُسوہ اور اِسوہ دونوں اس کے تلفظ ہیں جس طرح قُد وہ اور قِدوہ ہم معنی ہیں، اسی طرح لفظ اُسوہ اور اِسوہ دونوں استعمال ہوتے ہیں اور اس کا معنیٰ و مفہوم ہے کسی کا اتباع کرنا اور اس اتباع کو اپنے اوپر لازم کر لینا خواہ اس میں کوئی تکلیف ہو خواہ مسرت؛ چنانچہ کسی کے اتباع کو اپنے اوپر مسرت و راحت اور تکلیف و مضرت دونوں کیفیات میں لازم کر لینا اسوہ ہوگا۔ اردو میں جب اس لفظ کا ترجمہ ایک لفظ میں کیا جائے گا تو ’’نمونہ‘‘ اس کے قریب ترین مفہوم کا حامل ہے، لیکن اس ترجمے سے ’’اسوہ‘‘ کا حقیقی مفہوم ادا نہیں ہوتا۔ 

اصل میں ’’اتباع سنت‘‘ کی جو اصطلاح ہمارے ہاں زیادہ معروف ہے اسی کی ایک نہایت حسین و جمیل تعبیر لفظ اسوہ میں موجود ہے۔ یہاں ’’لکْمْ‘‘ (تمہارے لئے ) کا بدل آ رہا ہے… آیت کے اس ٹکڑے میں وہ دونوں مفاہیم جمع کر دیئے گئے ہیں جو قرآن مجید کے بارے میں سورۃ البقرۃ میں دو مختلف مقامات پر آئے ہیں۔ قرآن اپنی جگہ ہر نوع بشر کے لئے  ہدایت کاملہ اور ہدایت نامہ ہے۔ اس میں تاقیام قیامت ہر دور میں تمام نوع انسانی کے لئے  ہدایت و رہنمائی موجود ہے اور یہ ہر اعتبار سے اکمل و اتمّ ہے؛ چنانچہ قرآن کو ’’ھُدًی لِّلنَّاس‘‘ کہا گیا ہے۔ (البقرۃ) یہ علی الاطلاق ہے یعنی یہ تمام انسانوں کے لئے  ہدایت ہے لیکن سورۃ البقرۃ کی دوسری آیت میں اس قرآن کو ’’ھُدًی لِّلْمُتَّقِیْنَ‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ گویا اس ہدایت سے استفادہ کرنے کی ایک شرط ہے اور وہ تقویٰ ہے۔ یعنی کچھ خدا ترسی ہو، کچھ اللہ کی طرف انابت ہو، نیکی اور بدی کا کوئی شعور بیدار ہو، انسان خیر و شر میں امتیاز کرتا ہو۔ چنانچہ تقویٰ کا اساسی سرمایہ اور بنیادی اثاثہ اگر موجود نہیں ہوگا تو انسان اس قرآن سے ہدایت حاصل نہیں کر سکے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: مشکل کے بعد آسانی ہے، آزمائش کے بعد انعام ہے!

قرآن اپنی جگہ ہدایت کاملہ و تامہ ہے لیکن اس سے استفادے کیلئے جو شرط خود انسان کے باطن میں پوری ہونی چاہئے وہ شرط تقویٰ ہے لہٰذا سورۃ البقرۃ کی آیت ۲؍ میں ارشاد ہوا: {الم o ذلک ۔۔۔ آخر تک پڑھئے} اور آیت نمبر ۱۸۵؍ میں فرمایا: {شھر رمضان الذی ۔۔۔۔ آخر تک پڑھئے}۔   قرآن مجید پر جو اعتراضات کئے  تھے ان میں ایک اعتراض یہی تھا کہ یہ وہ کتاب ہے جو کہتی ہے کہ یہ متقیوں کے لئے ہدایت ہے۔ متقیوں کو ہدایت کی کیا ضرورت ہے؟ ہدایت کی ضرورت تو گمراہوں، فاسقوں اور فاجروں کو ہے۔ قرآن مجید کا سرسری مطالعہ کرنے والوں کو یہ اشکال پیش آ سکتا ہے۔ اس لئے کہ ہمارے ذہنوں میں تقویٰ کا جو تصور ہے وہ یہ ہے کہ انسان بہت نیک ہو، بہت خدا ترس ہو اور وہ ہر اعتبار سے اپنے آپ کو گناہوں سے بچائے ہوئے ہو، یہاں تک کہ چھوٹی چھوٹی باتوں تک میں محتاط ہو۔ ایسے شخص کو ہم متقی کہتے ہیں۔ لہٰذا ان معانی میں جب لفظ تقویٰ سامنے آتا ہے تو ’’ھُدًی لِّلْمُتَّقِیْنَ‘‘ کے بارے میں واقعتاً ذہن میں ایک اشکال پیدا ہوتا ہے۔ وہ اشکال انتہائی بھونڈے طریقے پر اعتراض کرنے والے نے پیش کیا۔ تو اس کا حل یہی ہے کہ قرآن مجید درحقیقت ’’ھُدًی لِّلنَّاس‘‘  ہی ہے لیکن اس سے استفادے کے لئے شرط لازم یہ ہے کہ تقویٰ کا کچھ نہ کچھ بنیادی اثاثہ موجود ہو۔ 

ایک شخص میں اگر نیکی اور بدی اور خیر و شر کی تمیز کی کچھ بھی پونجی باقی ہے تو گویا وہ بنیاد موجود ہے جس پر ہدایت کا دارومدار ہے۔ آج کل کی تعمیرات کی ٹیکنیک میں اسے Starter کہتے ہیں… یعنی اگر آپ کو عمارت کا کالم مزید اوپر لے جانا ہے تو کچھ سریے باہر نکلتے چھوڑ دیئے جاتے ہیں تاکہ اوپر کے کالم کو چڑھاتے وقت اس کا جوڑ اس کے ساتھ لگ جائے۔ پس جس طرح کسی عمارت کے کالم کو مزید اوپر لے جانے کے لئے اسٹارٹر کا ہونا ضروری ہے اسی طرح قرآن مجید سے استفادے کیلئے تقویٰ یعنی خیر و شر اور نیکی و بدی کی کچھ نہ کچھ تمیز انسان میں ہونی ضروری ہے۔ 

بعینہ یہی بات اسوۂ رسولؐ کے ضمن میں بھی کہی جا سکتی ہے۔ اس لئے کہ جناب محمد رسول اللہ ﷺ پوری نوع انسانی کے لئے بھی مجسم ہدایت ہیں۔ آپؐ کے لئے  قرآن مجید میں لفظ نور آیا ہے، بایں معنی کہ آپؐ نور ہدایت، شمع ہدایت اور سراجاً منیراً ہیں۔ اسی طرح قرآن مجید آپؐ کو رحمۃ للعالمین قرار دیتا ہے بلکہ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ قرآن مجید کتاب متلو ہے اور نبی اکرم ﷺ قرآن مجسم ہیں۔

جیسا کہ آپؐ کی سیرت کے متعلق دریافت کیا گیا تو آپؓ نے جواب میں فرمایا تھا: کان خلقہ القرآن… لیکن آپؐ کے اس اسوہ، نور اور شمع ہدایت سے روشنی حاصل کرنے کے لئے بھی چند شرائط کو پورا کرنا لازم ہے؛ اگرچہ آپؐ اپنی جگہ شمع ہدایت ہیں اور جو چاہے آپؐ کے اسوۂ حسنہ سے رہنمائی حاصل کرلے لیکن اس کے لئے چند شرائط ہیں۔ ان شرائط کو یہاں بایں الفاظ بیان کیا گیاکہ  ’’ہر اس شخص کے لئے (نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ میں اعلیٰ و ارفع نمونہ ہے) جو اللہ اور یوم آخر کا امیدوار ہو اور کثرت سے اللہ کو یادکرے۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: آنکھوں کی سوئیاں

آیت کے اس حصے میں دو چیزیں جمع ہو گئی ہیں۔ ایک ایمان باللہ اور دوسرا ایمان بالآخرۃ۔ ہمارے دین کے تین بنیادی ایمانیات ہیں جو گویا تین Pillars of Faith ہیں: (۱) ایمان باللہ یا توحید (۲) ایمان بالآخرہ یا معاد اور (۳) ایمان بالرسالت۔ ایمان بالرسالت سے نبی اکرم ﷺ کی شخصیت کا تعلق ہے۔ یہ ایمانیات ثلاثہ باہم گتھے ہوئے ہیں۔ اگر کسی انسان کا اللہ پر ہی یقین نہیں یا اس میں شرک شامل ہے تو وہ نبی اکرمؐ کی ذات اقدس کو اپنے لئے نمونہ کیسے بنا لے گا! اور اگر اسے آخرت کا یقین نہیں تو پھر وہ آنحضرتؐ کے نقش قدم کی پیروی کیسے کرے گا! یہ پہلی دو چیزیں ہوں گی تو تیسری بات کا امکان پیدا ہوگا۔ یعنی وہ شخص جو اللہ سے غافل ہو یا کبھی کبھار یا اتفاقاً اللہ کا نام لینے والا ہو اور جو اللہ سے ملاقات کی حقیقی امید دل میں نہ رکھتا ہو، اسی طرح جس شخص کو یوم آخرت اور محاسبہ اخروی کی کوئی توقع نہ ہو، گویا جو ان دو ایمانیات سے تہی دست ہو، وہ محروم ہی ہے، اس کے لئے آنحضرتؐ کی سیرت مطہرہ اسوہ اور نمونہ نہیں بن سکتی۔ آنحضورؐ کے اسوہ حسنہ کا اتباع وہی شخص کر سکے گا جو اللہ کے فضل اور اس کی عنایات کا امیدوار بھی ہو اور جس کو یہ دھڑکا بھی لگا ہوا ہو کہ آخرت ہونے والی ہے، جہاں کی کامیابی کا سارا دارومدار اسی بات پر ہوگا کہ اس دنیا کی زندگی میں اس کا طرز عمل اور رویہ اللہ کے رسولؐ سے کس درجے قریب تر رہا ہے۔ 

رسولؐ  اللہ کی زندگی ہر اس شخص کے لئے  اسوہ حسنہ ہے اور وہی اس کا اتباع کر سکے گا اور وہی آپؐ کے نقش قدم پر چل سکے گا جو اللہ کا طالب ہو اور جو آخرت میں سرخروئی چاہتا ہو اور جو کثرت کے ساتھ اللہ کو یاد کرنے والا ہو۔ رجاء کا لفظ نہایت لطیف ہے۔ اس میں طالب ہونے کا مفہوم بھی شامل ہے اور اللہ سے ملاقات کا امیدوار ہونے کا مفہوم تو بالکل واضح ہے جس کی وضاحت والیوم الآخر سے مزید ہو گئی۔ یہاں امیدواری میں اللہ کی رحمت، اللہ کی شفقت اور اللہ کی نظر عنایت کے جملہ مفاہیم شامل ہیں۔ جیسے سورۃ الکہف کی آیت ۲۸؍ میں فرمایا:’’وہ لوگ جو پکارتے ہیں ربّ کو صبح و شام، اپنے ربّ کے چہرہ انور کے طلبگار بن کر۔‘‘ وہ اللہ سے محبت کرنے والے ہیں اور اس کی رضا و خوشنودی کے طالبین ہیں۔ یہاں فرمایا: ’’جو اللہ کی رضا کا امیدوار ہے اور جو یوم آخرت میں سرخروئی کی توقع رکھتا ہے۔‘‘ گویا اسے یقین ہے کہ یہ دن آ کر رہے گا اور جزا و سزا کے فیصلے ہو کر رہیں گے۔ 

’’اور وہ اللہ کو یاد رکھتا ہو کثرت کے ساتھ۔‘‘ یعنی وہ ہر کام اور معاملے میں اللہ کے احکام اور اس کے اوامر و نواہی کا التزام و اہتمام کرتا ہو اور زبان و قلب سے بھی اللہ کے احکام اور اس کے اوامر و نواہی کا التزام و اہتمام کرتا ہو اور زبان و قلب سے بھی اللہ کو یاد کرتا ہو۔ وہ اس بات کو ہر لمحہ اور ہر لحظہ قلب و شعور میں مستحضر رکھتا ہو کہ اسے یوم آخرت میں اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی عدالت میں پیش ہو کر اپنی اس دنیوی زندگی کا حساب دینا ہے۔ یہ تین شرطیں پوری ہوں گی تو اسوہ محمدی علیٰ صاحبہا الصلوٰۃ والسلام پر کسی درجے عمل پیرا ہونے کا امکان پیدا ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK