• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جو کام ہوا اُس سے وہ رستم سے نہ ہوگا

Updated: November 24, 2026, 4:31 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

روہنگیاؤں کے قتل عام کے خلاف دائر کئے گئے مقدمے کے فیصلے، جس میں عالمی عدالت نے تسلیم کیا کہ میانمار میں قتل عام (جینوسائڈ) ہوا ہے، کی خبر اتنی کم اہم نہیں تھی کہ عالمی لیڈروں اور ذرائع ابلاغ کا ردعمل پھیکا پھیکا سا رہتا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

روہنگیاؤں کے قتل عام کے خلاف دائر کئے گئے مقدمے کے فیصلے، جس میں عالمی عدالت نے تسلیم کیا کہ میانمار میں قتل عام (جینوسائڈ) ہوا ہے، کی خبر اتنی کم اہم نہیں تھی کہ عالمی لیڈروں اور ذرائع ابلاغ کا ردعمل پھیکا پھیکا سا رہتا۔ اس فیصلے کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ کسی ملک کے خلاف پہلا فیصلہ تھا جو اُس کے ظلم و جبر اور نسلی صفائے کی مذموم حرکت کی توثیق کرتا ہے۔ اس فیصلے کیلئے عالمی عدالت کی ستائش تو کی ہی جانی چاہئے ، جس ملک نے مقدمہ دائر کیا اُس کی بھی ستائش ضروری ہے۔جیسا کہ آپ خبروں میں پڑھ چکے ہیں یہ ملک ہے مختصر رقبے کا بہت کم معروف مغربی افریقی ملک گامبیا۔ ملک چھوٹا ہے مگر ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنے کا اس کا جذبہ بہت بڑا ہے۔دُنیا میں پچاس سے زیادہ مسلم ممالک ہیں۔ ان میں کئی بہت طاقتور ہیں۔ اُن کی معیشتیں بہت بڑی ہیں۔ اُن کا اثر ورسوخ غیر معمولی ہے مگر کسی نے اتنی جرأت نہیں دکھائی جتنی گامبیا نے، جو اتنا مختصر ہے کہ اس کی مجموعی آبادی گویا ممبئی شہر کا ساتواں حصہ ہے۔ رہی معاشی قوت تو یہ جان لینا کافی ہوگا کہ دُنیا بھر کے ملکوں کے جدول (انڈیکس) میں جی ڈی پی کے اعتبار سے اس کا نمبر ۱۷۰؍ واں ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سچ پوچھئے تو پہاڑ سر کرنے کیلئے ہی ہوتے ہیں!

آبادی کے اعتبار سے کمزور اور معیشت کے اعتبار سے کمزور اس ملک میں اتنی ہمت کیسے آئی کہ اس نے میانمار کو عالمی عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کردیا؟ اس کی متعدد وجوہات میں سے ایک یہ ہے کہ اس کے وزیر ِ انصاف ابوبکر تمبادو رَوانڈا کے لئے تشکیل دیئے گئے انٹرنیشنل کریمنل ٹریبونل کے رکن رہ چکے تھے۔ ان صاحب نے روہنگیاؤں کے درد کو محسوس کیا اور یہ سمجھانے کیلئے کہ گامبیا جیسا غیر معروف ملک بھی بڑے اقدام  کرسکتا ہے، روہنگیاؤں کے ساتھ کھڑے رہنے کو ترجیح دی۔ بعض تجزیوں میں بتایا گیا ہے کہ ۵۷؍ ملکوں کی آرگنائزیشن آف اسلاملک کوآپریشن (او آئی سی) نے گامبیا کے اقدام کی پشت پناہی کی اور اسے تعاون دیا۔ اس سے انکار بے معنی ہوگا مگر سوال یہ ہے اور اس پر غور کیا جانا چاہئے کہ ۵۷؍ ملکوں کی تنظیم او آئی سی گامبیا کی مدد کرتی ہے تو ان ۵۷؍ میں سے کیا پانچ دس ممالک بھی ایسے نہیں تھے جو آگے آتے؟ ستائش کی حقدار وہ تنظیمیں بھی ہیں جن کی مبسوط، جامع اور مفصل تفتیشی رپورٹس نے عدالتی کام آسان کیا۔ عدالت نے انڈیپنڈنٹ انٹرنیشنل فیکٹ فائڈنگ مشن آن میانمار (ایف ایف ایم) اور انڈیپنڈنٹ انویسٹی گیٹیو میکانزم فار میانمار (آئی آئی ایم ایم) کی مفصل اور مدلل رپورٹوں پر نہ صرف یہ کہ انحصار کیا بلکہ اپنے فیصلے میں ان کا حوالہ بھی دیا۔ ستائش کے حقدار انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس، جسے حرف عام میں عالمی عدالت کہا جاتا ہے، کے صدر یو جی ایواسوا بھی ہیں جو اتنے تاریخی اور جرأتمندانہ فیصلہ کے حصہ دار رہے اور اسے پڑھ کر سنایا۔ ایواسوا جاپان کے ہیں۔ عالمی عدالت سے وابستگی سے قبل وہ یونیورسٹی آف ٹوکیو میں قانون کے استاذ تھے۔ مگر گامبیا عدالت میں نہ پہنچتا تو ایواسوا بھی کچھ نہ کرپاتے اسی لئے سب سے زیادہ ستائش کا حقدار گامبیا ہے۔ اس کی غیرت،  ضمیر اور بے خوفی کو عدل و انصاف کی تاریخ کا نیا باب کہنا غلط نہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK