Inquilab Logo Happiest Places to Work

ای پی تھامسن برطانوی مورخ، مصنف اور امن کے حامی تھے

Updated: March 20, 2026, 5:44 PM IST | Mumbai

E. P. Thompson کو بیسویں صدی کے عظیم مورخین میں شمار کیا جاتا ہے کیونکہ انہوں نے تاریخ کو انسانی تجربات سے جوڑ کر پیش کیا۔

E.P. Thompson was a peace activist.
ای پی تھامسن امن کیلئے کام کرنے والے کارکن تھے۔ تصویر: آئی این این

ای پی تھامسن کا مکمل نام ایڈورڈ پالمر تھامسن تھا۔ وہ بیسویں صدی کے ممتاز برطانوی مورخ، دانشور، ادیب اور سماجی کارکن تھے۔ وہ ۳؍ فروری ۱۹۲۴ء کو آکسفورڈ، انگلینڈ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد ایڈورڈ جان تھامسن ایک مشنری، ادیب اور ہندوستانی ثقافت کے ماہر تھے جبکہ والدہ تھیوڈوسیا تھامسن سماجی خدمت سے وابستہ تھیں۔ اس علمی اور فکری ماحول نے تھامسن کی شخصیت پر گہرا اثر ڈالا۔ ابتدائی تعلیم کے بعد انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی مگر دوسری عالمی جنگ کے دوران تعلیم ترک کر کے فوج میں شامل ہوگئے اور جنگ میں خدمات انجام دیں۔ جنگ کے تجربات نے ان کی سوچ کو گہرائی دی اور وہ سماجی انصاف اور حقوق کے مسائل کی طرف متوجہ ہوئے۔ 
جنگ کے بعد تھامسن نے تعلیم کا سلسلہ دوبارہشروع کیا اور تاریخ کے میدان میں تحقیق کی۔ ابتدا میں وہ کمیونسٹ پارٹی آف گریٹ بریٹین سے وابستہ رہے اور بائیں بازو کے نظریات سے متاثر تھے۔ تاہم، ۱۹۵۶ء میں ہنگری کا انقلاب (Hungarian Revolution) کے بعد انہوں نے کمیونسٹ پارٹی سے علاحدگی اختیار کرلی کیونکہ سوویت یونین کی پالیسیوں سے وہ اختلاف رکھتے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے ایک نئے فکری رجحان یعنی’ نیو لیفٹ‘ (New Left )تحریک کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس تحریک کا مقصد جمہوری سوشلسٹ نظریات کو فروغ دینا اور مزدور طبقے کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: کملا سوہونی: سائنس میں پی ایچ ڈی کرنے والی پہلی ملکی خاتون

ای پی تھامسن بنیادی طور پر سماجی تاریخ کے ماہر تھے۔ انہوں نے تاریخ کو صرف حکمرانوں اور بڑی شخصیات کے بجائے عام لوگوں کے نقطۂ نظر سے لکھنے کی روایت کو فروغ دیا۔ ان کی سب سے مشہور اور اثر انگیز کتاب’ دی میکنگ آف دی انگلش ورکنگ کلاس‘ہے جو ۱۹۶۳ء میں شائع ہوئی۔ اس کتاب میں انہوں نے اٹھارہویں اور انیسویں صدی کے برطانوی مزدور طبقے کی زندگی، جدوجہد اور سیاسی شعور کو تفصیل سے بیان کیا۔ اس کتاب کو جدید سماجی تاریخ کی اہم ترین تصانیف میں شمار کیا جاتا ہے کیونکہ اس میں تھامسن نے یہ ثابت کیا کہ مزدور طبقہ صرف معاشی حالات کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک تاریخی اور ثقافتی عمل کے ذریعے تشکیل پاتا ہے۔ اس کے علاوہ تھامسن نے کئی اہم کتابیں اور مضامین تحریر کئے جن میں ’وہگز اینڈ ہنٹرز‘ اور’کسٹم ان کامن‘قابلِ ذکر ہیں۔ ان تصانیف میں انہوں نے برطانوی معاشرے، قانون، ثقافت اور عوامی روایتوں کا گہرا مطالعہ پیش کیا۔ خاص طور پر انہوں نے ’’اخلاقی معیشت‘‘(moral economy)کے تصور کو واضح کیا۔ 
تھامسن صرف مورخ ہی نہیں بلکہ ایک سرگرم امن کارکن بھی تھے۔ سرد جنگ کے زمانے میں انہوں نے ایٹمی ہتھیاروں کے خلاف بھرپور مہم چلائی اورکئی اہم تحریکوں میں اہم کردار ادا کیا۔ تھامسن نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ تدریس، تحقیق اور سماجی جدوجہد میں گزارا۔ وہ ۲۸؍ اگست ۱۹۹۳ء کوورسیسٹر شائر، برطانیہ میں انتقال کر گئے۔

(وکی پیڈیا اور برٹانیکا ڈاٹ کام)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK