Inquilab Logo

ہیری کین بائرن میونخ کیلئے ریکارڈ بنانے میں مصروف

Updated: November 17, 2023, 4:57 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

ٹوٹنہم ہاٹسپر سے بنڈس لیگا کے کلب میں شامل ہونے والے ہیری کین نے زبردست کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے۔

Harry Kane. Photo: INN
ہیری کین۔ تصویر : آئی این این

انگلش فٹبال کلب ٹوٹنہم ہاٹسپر سے جرمنی کے مضبوط فٹبال کلب بائرن میونخ میں شامل ہونےوالے انگلینڈ کے اسٹار کھلاڑی ہیری کین نے بنڈس لیگا میں اپنے طوفانی کھیل کو برقرار رکھا ہے اور وہ اپنے نئے کلب کیلئے مسلسل گول کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے اپنی کارکردگی سے جرمن مداحوں کا دل جیت لیاہے اور ان کے کھیل کی وجہ سے بائرن فٹبال کلب چمپئن لیگ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں داخل ہوگیاہے۔ گزشتہ ہفتے ہیڈنہیم فٹبال کلب کے خلاف بھی انہوں نے ۲؍گول کئے تھے اور اپنی ٹیم کو ۲۔۴؍ گول سے کامیاب بنایا تھا۔ 
ہیری کین جب انگلش پریمیرلیگ میں لندن کے کلب ٹوٹنہم کی جانب سے کھیلا کرتے تھے تو وہ اس وقت بھی ایسی ہی کارکردگی پیش کیا کرتے تھے۔ انہوںنے اپنے سابقہ کلب کی جانب سے ہر سیزن میں ۲۴؍زائد گول کئے ہیں۔ ایک سیزن میں تو انہوں نے ۴۱؍گول بھی کئے تھے اور گولڈ بوٹ کے حقدار قرار پائے تھے۔ 
ہیری کین نے گزشتہ ہفتہ ہونے والے میچ کے پہلے ہاف میں ۲؍ گول کر کے سیزن کیلئے اپنے گول کی تعداد ۱۷؍گول تک پہنچا دی تھی۔ بنڈس لیگا کے اپنے پچھلے ۲؍ میچوں میں سے ہر ایک میں انہوں نے ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد کین نے۱۱؍ گیمز کے بعد سب سے زیادہ گول کرنے کا نیا لیگ ریکارڈ قائم کیا ہے۔
اس معاملے میں انہوں نے ۲۰۱۹ءمیں ۱۱؍ میچوں میں رابرٹ لیوانڈوسکی کے۱۶؍ گول کی تعداد کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جبکہ بائرن میونخ ایک پوائنٹ کے ساتھ ٹیبل میں سرفہرست ہے۔گزشتہ میچ میں مانچسٹر سٹی کے سابق ونگر لیروئے سانے نے کین کیلئے دونوں گول میں معاونت فراہم کی تھی۔
اس موسم گرما میں ٹوٹنہم سے بائرن میں شامل ہونے والے کین نے پہلے ہی بنڈس لیگا کے پچھلے سیزن کے مشترکہ ٹاپ اسکوررس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ کرسٹوفر نکونکو اور نکلاس فل کرگ نے۱۶؍ گول کئے تھے۔ یہ لگاتار ۱۰؍ واں سیزن بھی ہے جب کین نے۲۰؍ یا اس سے زیادہ کلب گول کئے ہیں جبکہ بنڈس لیگا کے ۱۱؍میچوں میں ان کے۱۷؍ گول کی تعداد گزشتہ سیزن میں پریمیر لیگ میں اسی مرحلے پر مانچسٹر سٹی کے ارلنگ ہالینڈ کے گول کے برابر ہے۔
ہیری کین نے اس سیزن میں سبھی ٹورنامنٹ میں بائرن کی جانب سے ۲۱؍گول کئے ہیں۔ ابھی فٹبال کلب کا سیزن ختم ہونے کافی وقت ہے اور انگلش کھلاڑی کی کارکردگی زبردست رہی ہے۔ ٹوٹنہم ہاٹسپر سے نیا معاہدہ نہیں ہونے کی صورت میں ہیری کین نے بنڈس لیگا کا رخ کیا تھا۔ وہ ۹؍سے زائد برسوں تک انگلش کلب کی جانب سے کھیلتے رہے اورٹیم کیلئے گول کرتے رہے۔ 
جرمنی کی بنڈس لیگا میں بھی ہیری کین کا زبردست استقبال ہواہے اور بائرن میونخ کے مداح ان کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ رابرٹ لیوانڈوسکی کے بارسلونا فٹبال کلب میں چلے جانے سے جو خلا بائرن میں ہوگیا تھا اسے ہیری کین نے پُر کردیاہے۔رابرٹ لیوانڈوسکی بنڈس لیگا کے اسٹار کھلاڑی رہے تھے اور انہوںنے کلب کی جانب سے ریکارڈ بھی بنائے تھے لیکن اب ان کی جگہ انگلش کھلاڑی نے لے لی ہے۔ہیری کین نے بنڈس لیگا کا ریکارڈ بنانے کے ساتھ ہی گزشتہ ۱۰؍ سیزن کے ہر سیزن میں ۲۰؍ سے زائد گول کرنے کا ریکارڈ بھی بنایاہے۔ اس میں ای پی ایل کے ۹؍سیزن بھی شامل ہیں ۔ ہیری کین نے نہ صرف کلب فٹبال بلکہ اپنی قومی ٹیم انگلینڈ کی جانب سے بھی اچھا مظاہرہ کیاہے۔ اس بار وہ بائرن میونخ کلب کو چمپئن بنانے والے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK