Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ کی پہلی جھلک جاری

Updated: March 18, 2026, 5:03 PM IST | Los Angeles

ٹام ہالینڈ ایک بار پھر اسپائیڈر مین کے روپ میں واپس آ گئے ہیں، جبکہ نئی فلم’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ کا ٹریلر ۱۸؍ مارچ کو جاری کیا جائے گا۔

A scene from "Spider-Man: Brand New Day." Photo: INN
’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

ہالی ووڈ کے مقبول سپر ہیرو اسپائیڈر مین کی نئی فلم ’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘کی پہلی جھلک جاری کر دی گئی ہے، جس میں ٹام ہالینڈایک بار پھر پیٹر پارکر کے کردار میں نظر آ رہے ہیں۔ فلم کا باضابطہ ٹریلر ۱۸؍  مارچ کو ریلیز کیا جائے گا، جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔ جاری کی گئی جھلک میں اسپائیڈر مین کو ایک سنسنی خیز منظر میں دکھایا گیا ہے جہاں وہ ایک شخص کو بچاتے ہوئے دو عمارتوں کے درمیان جھول رہے ہیں۔ پس منظر میں سرمئی موسم اور ڈرامائی ماحول اس بات کا اشارہ دیتا ہے کہ اس بار کہانی پہلے سے زیادہ سنجیدہ اور گہری ہو سکتی ہے۔ کلپ میں وائس اوور کے دوران ’’دوبارہ جنم‘‘ کا جملہ بھی سنائی دیتا ہے، جو پیٹر پارکر کے سفر کے ایک نئے باب کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

اس جھلک کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر زبردست ردعمل دیکھنے میں آیا اور ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی۔ مداحوں نے نہ صرف ٹام ہالینڈ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا بلکہ فلم کی نئی سمت کے بارے میں بھی تجسس ظاہر کیا۔ ٹریلر کی ریلیز سے قبل ٹام ہالینڈ نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس بار وہ کچھ نیا کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں شروع سے ہی بے حد محبت اور سپورٹ ملی ہے، اور اسی کمیونٹی کی وجہ سے اسپائیڈر مین موجود ہے۔ اس بار ہم کچھ ایسا کرنے جا رہے ہیں جو پہلے کبھی نہیں کیا گیا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ٹریلر کے اجرا میں مداحوں کو بھی شامل کیا جائے گا، جو ایک منفرد اور انٹرایکٹو انداز ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: میں اپنی شرائط پر زندہ ہوں، اکیلے رہنا میری پسند ہے: دیویا د تہ

یہ فلم ۲۰۲۱ء کی بلاک بسٹر ’’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘‘ کے بعد سامنے آ رہی ہے، جس نے عالمی سطح پر ۹ء۱؍ بلین ڈالر سے زائد کمائی کی تھی اور پرانے اسپائیڈر مین اداکاروں کی واپسی نے اسے تاریخی کامیابی بنا دیا تھا۔ نئی فلم کو ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ اس کی ہدایت کاری اس بار ڈیسٹن ڈینیئل کریٹن کر رہے ہیں۔ فلم میں زینڈایا ایک بار پھر ایم جے کے کردار میں جبکہ جیکب بٹالون نیڈ کے کردار میں نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ نئے اداکار بھی کاسٹ میں شامل کیے گئے ہیں، جو کہانی کو مزید وسعت دیں  گے۔ یہ فلم ۳۱؍ جولائی کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا، اور ماہرین کے مطابق یہ فلم ایک بار پھر باکس آفس پر بڑی کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK