• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

تعلیمی ملاقات میں تعلیمی انقلاب کے مشمولات پر ۴۰؍ طلبہ نے اپنی رائے پیش کی

Updated: February 16, 2024, 4:32 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

۱۰؍ فروری کو شہر و مضافات کے ۴؍ اسکولوں کے ۴۰؍ طلبہ اور ۸؍ اساتذہ نے دفتر انقلاب میں تعلیمی ملاقات میں شرکت کی، اس دوران طلبہ کو مثبت ذہن کے ساتھ کسی بھی مقابلہ میں شامل ہونے کی اہمیت بتائی گئی۔

The students actively participated in the activities conducted in the educational meeting and made it successful. Look, they raised their hands! Photo: INN
تعلیمی ملاقات میں کروائی گئی سرگرمیوں میں طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیااور اسے کامیاب بنایا۔ دیکھئےکتنوں نے ہاتھ اُٹھایا!۔ تصویر : آئی این این

اِن چار اسکولوں نے شرکت کی:
غیبن شاہ نگر میونسپل اردو اسکول نمبر ۲، کرلا 
ماڈرن ہائی اسکول، پارک سائٹ، وکھرولی
غیبن شاہ نگر میونسپل اردو اسکول نمبر ایک، کرلا 
سنجے نگر میونسپل سیکنڈری اسکول، گوونڈی
۱۰؍فروری ۲۰۲۴ء کو دفتر انقلاب میں شہر و مضافات کے ۴؍ اسکولوں کے ساتھ تعلیمی ملاقات کا انعقاد کیا گیا جس میںغیبن شاہ نگر میونسپل اردو اسکول نمبر ایک(کرلا)،غیبن شاہ نگر میونسپل اردو اسکول نمبر۲ (کرلا)، ماڈرن ہائی اسکول (وکھرولی) اور سنجے نگر میونسپل سیکنڈری اسکول (گوونڈی)کے کل ۴۰؍ طلبہ اور ۸؍ اساتذہ نے شرکت کی۔ تقریباً۲؍ گھنٹے جاری رہنے والی اس ملاقات میں طلبہ نے تعلیمی انقلاب کے مشمولات پر کھل کر اپنی رائے پیش کی۔ 
غرض و غایت اور تعارف
پروگرام کی غرض و غایت انقلاب کی سینئر رکن رئیسہ منور نے بیان کی، اور بتایا کہ تعلیمی ملاقات میں تین یا اس سے زائد اسکولوں کو بیک وقت مدعو کرنے کا مقصد ان اسکولوں کے طلبہ کی ملاقات دیگر اسکولوں کے طلبہ سے کروانا، ان کے درمیان رابطہ بڑھانا اور انہیں نیٹ ورکنگ کی اہمیت سے روشناس کروانا ہے۔
اس کے بعد تمام طلبہ نےاپنا اپنا تعارف پیش کیا۔ 
تعلیمی انقلاب کا مطالعہ
 رکنِ انقلاب شہباز خان نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے طلبہ سے سب سے پہلا سوال یہی پوچھا کہ وہ تعلیمی انقلاب کب سے پڑھ رہے ہیں؟ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ملاقات میں شامل بیشتر طلبہ ۲؍ سال سے تعلیمی انقلاب کا باقاعدگی سے مطالعہ کر رہے ہیں۔ یہی نہیں طلبہ نے یہ بھی بتایا کہ تعلیمی انقلاب ہاتھ میں آتے ہی وہ سب سے پہلے کون سا کالم پڑھتے ہیں۔ طلبہ نے الگ الگ کالموں کے نام بتائے۔ تاہم، ’اسلامی تاریخ کے اوراق‘، ’جنرل نالج‘ اور ’ طلبہ کے قلم سے‘، ان تین صفحات کے نام کم و بیش سبھی طلبہ نے بتائے۔ یہ صفحات طلبہ میں کافی مقبول ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: تعلیمی ملاقات میں ۱۹؍ طلبہ اور ۴؍ اساتذہ نے تعلیمی انقلاب پر اپنی رائے پیش کی

 ایک دلچسپ سرگرمی اور طلبہ کے مابین کوئز کمپٹیشن 
 تعلیمی ملاقات میں طلبہ کے درمیان ایک دلچسپ سرگرمی کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ کے ۱۰؍ گروپ بنائے گئے۔’ڈونٹ آنسر‘نامی اس سرگرمی میں بیک وقت ۳؍ گروپ شامل ہوتے ہیں۔ ایک گروپ کا طالب علم، دوسرے گروپ کے طلبہ سے تیسرے گروپ کے کسی طالب علم کے متعلق کوئی بھی سوال پوچھتا مگر اس کا جواب وہ طالب علم نہیں دیتا بلکہ دوسرے گروپ کے طلبہ کو جواب کے متعلق اندازہ لگانا ہوتا۔ جس کے متعلق سوال پوچھا گیا ہو، وہ صرف ’’تھمس اَپ‘‘ یا ’’تھمس ڈاؤن‘‘ کرکے بتاتا کہ دوسرے گروپ کے طلبہ نے اندازہ صحیح لگایا ہے یا غلط۔ اس دلچسپ سرگرمی میں طلبہ کی شمولیت قابل دید تھی۔ بعد ازاں طلبہ کے مابین ایک کوئز کمپٹیشن بھی ہوا جو نہایت کامیاب رہا۔ سرگرمی اور کوئز کمپٹیشن مکمل ہونے کے بعد ان کے مقاصد بتائے گئے۔ ان سرگرمیوں کا مقصد ٹیم کا ہارنا جیتنا نہیں بلکہ طلبہ کے درمیان تعلقات استوار کرنا تھا۔ طلبہ کو بتایا گیا کہ جیتنا اچھی عادت ہے مگر مقابلہ کے دوران غصے اور کڑواہٹ کو اپنے ذہن پر حاوی نہیں ہونے دینا چاہئے۔ 
نئے کالموں کی فرمائش 
 طلبہ سے یہ بھی پوچھا گیا کہ وہ تعلیمی انقلاب میں کون سے نئے کالم پڑھنا چاہتے ہیں۔ اس ضمن میں ہر طالب علم نے ایک نیا کالم شروع کرنے کی فرمائش کی۔
 طلبہ نے اِن نئے کالموں کو شروع کرنے کی فرمائش کی:
(۱) ایک ایسا کالم شروع کیا جائے جس میں اردو کے اہم ناول نگاروں اور ان کے ناولوں کا مختصرتعارف پیش کیا جائے۔
(۲)اردو ڈراموں پر مبنی ایک کالم ہو۔
(۳)بنیادی قانونی معلومات کے متعلق ایک کالم ہو۔
(۴) ہندوستان کے مسلم حکمرانوں کا تعارف اور ان کے اہم کارناموں کو بیان کرتا ایک کالم شروع کیا جائے۔
(۵) دنیا کے منفرد خصوصیات کے حامل ممالک کی معلومات دی جائے۔ 
(۶) دنیا میں سمندری جانداروں کی بے شمار اقسام ہیں، ان میں سے کسی ایک کے بارے میں ہر ہفتے بتایا جائے ۔
(۷) مسلم سائنسدانوں اور ان کی خدمات کے متعلق ایک کالم ہو۔
(۸)بامحاورے جملے کہنا ایک فن ہے ۔ایک ایسا کالم شروع کیا جائے جس میں ہر ہفتے کچھ محاورے اور ان کے استعمال کے بارے میں بتایا جائے۔اس سے زباندانی میں آسانی ہوجائے گی۔
(۹)جے ای ای/ نیٹ/ یو پی ایس سی/ ایم پی ایس سی جیسے مقابلہ جاتی امتحانات میں پوچھے جانے والے سوالات کے نمونے شائع کئے جائیں۔
(۱۰)ہندوستان سمیت دنیا کے مشہور جنگلات کے بارے میں بتایا جائے۔
(۱۱) مقابلہ جاتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کے طریقے بیان کئے جائیںاور ان میں کامیاب طلبہ کے انٹرویو شائع کئے جائیں۔
(۱۲)دنیا میں کچھ پہاڑ ایسے ہیں جن کے متعلق سب جانتے ہیںمگر کچھ ایسے بھی ہیںجو منفرد خصوصیات رکھتے ہیں مگر کم مقبول ہیں، ان کے بارے میں ایک معلوماتی کالم شروع کیا جائے۔
(۱۳)ہندوستان اور دنیا کے تاریخی مقامات پر مبنی ایک کالم ہو۔
(۱۴)ہر انسان کیلئے ذہنی اور جسمانی صحت بہت ضروری ہے۔ایک ایسا کالم شروع کیا جائے جس میں طلبہ اپنی ذہنی اور جسمانی صحت کس طرح بہتر رکھیں؟اس کے بارے میں تفصیلی طور پر بتایا جائے۔
اراکین انقلاب سے سوالات
 اس ملاقات میں ایک سیشن طلبہ کے سوالات کا بھی رکھا گیا تھا جس میں طلبہ نےاراکین انقلاب سے متعدد اہم سوالات پوچھے جن کے تسلی بخش جوابات دیئے گئے۔
 تقریباً ۲؍گھنٹے جاری رہنے والی اس ملاقات میں ٹیم کی جانب سے ہر ممکن رہنمائی کرنے کی کوشش کی گئی۔ انقلاب ٹیم کی جانب سے رئیسہ منور اور شہباز خان کے علاوہ ،شیریں عثمانی، تمنا خان ،عالیہ سید اور افضل عثمانی بھی موجود تھے۔ تعلیمی ملاقات میں شریک طلبہ کو تعلیمی انقلاب کی جانب سے تحفہ اور سند پیش کی گئی۔ خیال رہے کہ تعلیمی انقلاب آئندہ بھی ایسی ملاقاتوں کا اہتمام کرے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK