Inquilab Logo

استاد نے سکھایا ایک اہم سبق

Updated: March 09, 2024, 12:26 PM IST | Nikhat Anjum Nazimuddin | Mumbai

ایک گاؤں میں ایک استاد جی تھے۔ جنہیں سب ماسٹر لائی کے نام سے جانتے تھے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

ایک گاؤں میں ایک استاد جی تھے۔ جنہیں سب ماسٹر لائی کے نام سے جانتے تھے۔ وہ طلبہ کو ہر موضوع سے متعلق پراثر معلومات دیتے۔ ان کے پاس سبھی موضوعات سے متعلق بے شمار معلومات تو تھی ہی ساتھ ہی ان میں یہ صلاحیت بھی موجود تھی کہ وہ زندگی سے متعلق قیمتی باتیں اور قیمتی سبق مثالوں کے ساتھ اس طرح طلبہ کو سکھاتے کہ وہ ہمیشہ انہیں یاد رہتے۔ ایک دن، ماسٹر لائی نے اپنے طلبہ کو گاؤں کے درمیان میں واقع بوڑھے برگد کے نیچے جمع کیا۔ اُنہوں نے اپنے ہاتھوں میں ایک مرتبان پکڑ رکھا تھا۔ انہوں نے طلبہ سے پوچھا، ’’تم اس مرتبان میں کیا دیکھتے ہو؟‘‘ طلبہ نے مرتبان کا جائزہ لیا اور جواب دیا، ’’یہ خالی ہے، ماسٹر لائی۔‘‘
 ماسٹر لائی نے ہنس کر کہا، ’’جس طرح یہ مرتبان خالی ہے اور ہم اس میں کچھ بھی بھر سکتے ہیں بالکل اسی طرح ہمارا دماغ بھی کچھ بھی بھرے جانے کے قابل ہوتا ہے اور منتظر ہوتا ہے کہ ہم اس میں کچھ بھریں لیکن یہ ہم پر منحصر ہوتا ہے کہ ہم اس میں کیا بھرتے ہیں اور ہمارے ذریعے بھری جانے والی سوچیں، خیالات اور جذبات ہماری زندگی کا رخ طے کرتے ہیں۔ ‘‘ پھر اُنہوں نے ایک پالی بیگ سے کچھ پیبلز (رنگین سجاوٹی پتھر) نکال کر مرتبان میں ڈال دیئے۔ ’’یہ پیبلز ہماری زندگی میں موجود اہم چیزیں ہیں جیسے خاندان، دوست، صحت، تعلیم، اور مہربانی سے بھرے جذبات۔‘‘ جب مرتبان پیبلز سے بھر گیا تو ماسٹر لائی نے اپنے طلبہ سے پوچھا، ’’کیا مرتبان اب بھرا ہوا ہے؟‘‘ طلبہ نے ایک آواز میں کہا، ’’جی، ماسٹر لائی، اب یہ بھرا ہوا ہے۔‘‘ ماسٹر لائی نے مسکراتے ہوئے مرتبان میں ڈھیر ساری ریت چھوڑ دی۔ طلبہ نے حیران ہوکر دیکھا کہ ریت پتھروں کے درمیان موجود خالی جگہوں میں بھر گئی ہے اور اس نے اپنی جگہ بنا لی ہے۔ ماسٹر لائی کہنے لگے، ’’یہ ریت ہماری زندگی میں موجود چھوٹی چھوٹی چیزیں ہیں مثلاً روزمرہ کی سرگرمیاں، چھوٹی خوشیاں، اور سادہ سے لطف انگیز مشاغل۔ یہ بظاہر معمولی ہوتی ہیں، لیکن یہ ہماری زندگی میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔‘‘
 پھر اُنہوں نے پوچھا، ’’کیا مرتبان اب بھرا ہوا ہے؟‘‘ اس مرتبہ، طلبہ نے ہوشیاری سے جواب دیا، ’’شاید نہیں، ماسٹر لائی۔‘‘ ماسٹر لائی نے بوتل بھر پانی مرتبان میں انڈیل دیا۔ جب تک کہ پانی اُوپر سے گر نہیں گیا۔ وہ پانی ڈالتے رہے۔ ’’یہ پانی محبت، ہمدردی، اور ہماری آگے بڑھنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ہمیں جب بھی لگتا ہے کہ ہماری زندگی بھری ہوئی ہے، دکھ سے، تکالیف سے اور اب اس میں خوشیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے تو یہ ہماری زندگی میں آگے بڑھنے کا خوشی اور کامیابی کو تلاش کرنے کا بہترین راستہ ہے۔‘‘
پانی ڈالنے کے بعد ماسٹر لائی نے اپنے طلبہ سے کہا، ’’آپ نے دیکھا میں نے مرتبان میں کچھ چیزیں ڈال کر اسے انتہائی جاذب نظر بنا دیا ہے۔ میرے پیارے بچو!، بالکل اسی طرح ہم زندگی میں بڑی، چھوٹی اور خوبصورت چیزیں ڈال کر اسے بے حد خوبصورت بنا سکتے ہیں۔ اپنے دل اور دماغ کو ان چیزوں سے بھریں جو واقعی اہم ہیں، پھر دیکھئے زندگی کا سفرکتنا دلکش اور پر لطف ہوتا ہے۔‘‘ اور اس طرح، قدیم برگد کے درخت کے نیچے طلباء نے ماسٹر لائی سے ایک سبق حاصل کیا کہ اپنی زندگی میں صحیح ترتیب سے چیزوں کو رکھنا بے حد مؤثر ہوتا ہے۔ اور اپنی ترغیبات اور ترجیحات کا مناسب استعمال کرکے ایک بامقصد زندگی گزاری جا سکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK