• Sun, 27 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اِن ۹؍ کتابوں سے سیکھیں سوال کرنا اور زندگی کو مختلف نظر سے دیکھنا

Updated: September 27, 2026, 5:17 PM IST | Afzal Usmani | Mumbai

عمدہ کتابیں انسان کے ذہن کو نئے خیالات اور زندگی کو نئے زاویے عطا کرتی ہیں۔ ایسی کتابوں کا مطالعہ نہ صرف علم بڑھاتا ہے بلکہ سوچ میں پختگی، فہم میں گہرائی اور شخصیت میں نکھار پیدا کرتا ہے۔

Reading good books has the power to transform the way one thinks, understands, and views the world. Photo: INN
اچھی کتابوں کا مطالعہ سوچنے، سمجھنے اور دنیا کو دیکھنے کا انداز تبدیل کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔ تصویر: آئی این این

کتابیں محض معلومات کا ذخیرہ نہیں بلکہ انسان کی سوچ، فکر اور زندگی کو دیکھنے کا زاویہ بدلنے کی طاقت رکھتی ہیں۔ ایک اچھی کتاب نئے سوالات پیدا کرتی، پرانے خیالات کو چیلنج کرتی اور انسان کو خود کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔ دنیا بھر میں ایسی کئی کتابیں لکھی گئی ہیں جنہوں نے قارئین کے خیالات اور نظریات پر گہرا اثر ڈالا۔ آئیے ایسی ہی ۹؍ اہم کتابوں پر نظر ڈالتے ہیں جو سوچ کے نئے دروازے کھول سکتی ہیں۔ 
The Little Prince
مصنف : انتون ایکزوپیری
اشاعت: ۱۹۴۳ء
کیوں پڑھیں؟
یہ کتاب محبت، دوستی، معصومیت اور زندگی کی اصل قدروں کو سمجھاتی ہے۔ 
کہانی ایک پائلٹ کی ہے جو صحرا میں اپنا جہاز خراب ہونے کے بعد ایک ننھے شہزادے سے ملتا ہے جو ایک چھوٹے سے سیارے سے آیا ہوتا ہے۔ ننھا شہزادہ مختلف سیاروں کا سفر کرتے ہوئے انسانوں کی عجیب عادتوں اور رویوں کو دیکھتا ہے اور بالآخر زمین پر پہنچتا ہے۔ یہ کہانی سکھاتی ہے کہ زندگی کی اصل خوبصورتی ظاہری چیزوں میں نہیں بلکہ محبت اور احساس میں پوشیدہ ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اِن ۹؍ ملازمتوں کا ابھی وجود نہیں مگر مستقبل میں ان کی مانگ ہوگی!

The 80/20 Principle
مصنف: رچرڈ کوچ
اشاعت: ۱۹۹۷ء
کیوں پڑھیں ؟
یہ کوششوں سے زیادہ مؤثر نتائج حاصل کرنے کا طریقہ سکھاتی ہے۔ 
یہ کتاب۸۰\۲۰؍اصول کی وضاحت کرتی ہے جس کے مطابق اکثر حالات میں تقریباً۸۰؍ فیصد نتائج، ۲۰؍ فیصد اہم عوامل سے حاصل ہوتے ہیں۔ مصنف کے مطابق کاروبار، وقت، کام اور ذاتی زندگی میں ہر سرگرمی یکساں اہم نہیں ہوتی اس لئے زیادہ اثر ڈالنے والے کاموں کی شناخت ضروری ہے۔ اس کا بنیادی پیغام زیادہ محنت کرنے کے بجائے صحیح کام پر توجہ دینا ہے۔

Man`s Search for Meaning
مصنف: وکٹر ایمل فرانکل
اشاعت: ۱۹۴۶ء
کیوں پڑھیں ؟
یہ کتاب مشکل حالات میں بھی امید برقرار رکھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ 
وکٹر فرانکل نے نازی حراستی کیمپوں میں اپنے تلخ تجربات کی بنیاد پر بتایا ہے کہ انسان انتہائی مشکل حالات میں بھی زندگی کا کوئی نہ کوئی مقصد تلاش کرسکتا ہے۔ ان کے مطابق حالات ہمیشہ ہمارے اختیار میں نہیں ہوتے لیکن ان کے بارے میں اپنا رویہ اختیار کرنا ہمارے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ کتاب کا مرکزی پیغام زندگی کے مقصد کی تلاش اوربہتر امید کی آس ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ۹؍ سوال اپنے آپ سے پوچھیں، یہ آپ کی زندگی بدل سکتے ہیں!

The Kite Runner
مصنف : خالد حسینی
اشاعت: ۲۰۰۳ء
کیوں پڑھیں ؟
یہ کتاب دوستی، محبت، پچھتاوے اور معافی کو مؤثر انداز میں پیش کرتی ہے۔ 
کہانی دو افغان دوستوں، امیر اور حسن کے گرد گھومتی ہے جن کی دوستی وقت اور حالات کی آزمائشوں سے گزرتی ہے۔ ایک المناک واقعہ امیر کے دل میں گہرا پچھتاوا پیدا کرتا ہے جس کے بعد وہ برسوں تک اپنے ماضی سے فرار کی کوشش کرتا ہے۔ بالآخر وہ ماضی کی غلطیوں کا سامنا کرکے حسن کے ساتھ اپنے رشتے کا قرض چکانے اور خود کو معاف کرنے کی راہ تلاش کرتا ہے۔

غبار خاطر
مصنف:مولانا ابوالکلام آزاد
اشاعت: ۱۹۴۶ء
کیوں پڑھیں ؟
اس کتاب سے زندگی کو گہری نظر سے دیکھنے کا سلیقہ سیکھنے ملتا ہے۔ 
’’غبارِ خاطر‘‘ خطوط کا مجموعہ ہے جس میں مولانا آزاد قید کے دوران اپنے خیالات، مشاہدات، فلسفۂ زندگی اور علمی و ادبی موضوعات پر گفتگو کی ہے۔ ان خطوط میں ادب، موسیقی، مذہب، تاریخ اور انسانی فطرت کے بارے میں ان کے گہرے خیالات نمایاں ہوتے ہیں۔ کتاب کا بنیادی مقصد زندگی کے مختلف پہلوؤں پر غور و فکر اور علم و فکر کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: انسان کو سمجھنے کا ہنر سیکھئے، رشتے مضبوط بنایئے

ابن صفی کے ناول
مصنف: ابن صفی
اشاعت: ۱۹۵۲ء سے ۱۹۸۰ء
کیوں پڑھیں ؟
ناول کے پراسرار واقعات اور اندازِ بیان قاری کو کئی اہم سبق سکھاتے ہیں۔ 
ابنِ صفی کے ناولوں میں جاسوسی، اسرار، جرائم اور مہم جوئی کے دلچسپ واقعات کو ذہانت اور مزاح کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ عمران اور فریدی جیسے مقبول کردار اپنی حاضر جوابی اور غیر معمولی صلاحیتوں سے پیچیدہ معاملات اور جرائم کی گتھیاں سلجھاتے ہیں۔ ان ناولوں کی کہانیاں نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہیں بلکہ اردو زبان کی شگفتگی اور تخلیقی اندازِ بیان سے بھی روشناس کراتی ہیں۔

The 7 Habits of Highly Effective People
مصنف: اسٹیفن آر کووے 
اشاعت: ۱۹۸۹ء
کیوں پڑھیں ؟
یہ کتاب مؤثر زندگی، بہتر عادات اور کامیابی کیلئے عملی اصول سکھاتی ہے۔ 
کتاب میں مؤثر زندگی اور کامیابی کیلئے۷؍ بنیادی عادات بیان کی گئی ہیں جن میں خود نظم و ضبط، ترجیحات کا تعین اور دوسروں کے ساتھ بہتر تعلقات شامل ہیں۔ کتاب قاری کو اپنی ذمہ داری قبول کرنے، واضح مقاصد بنانے اور باہمی تعاون کے ذریعے بہتر زندگی گزارنے کی طرف واضح رہنمائی کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غلطیوں کا جائزہ، وقت کی پابندی اور مستقل مزاجی، طلبہ کی کامیابی کا مضبوط فارمولہ

1984
مصنف: جارج آرویل 
اشاعت: ۱۹۴۹ء
کیوں پڑھیں ؟
یہ کتاب قاری کو آزادی، سچائی اور طاقت کی اہمیت سمجھاتی ہے۔ 
یہ ناول ایک ایسے مستقبل کی تصویر پیش کرتا ہے جہاں ریاست شہریوں کی زندگی، سوچ اور معلومات پر سخت کنٹرول رکھتی ہے۔ مرکزی کردار ونسٹن اس جابرانہ نظام کے خلاف اپنے خیالات اور سچائی کی تلاش کے ذریعے اندرونی مزاحمت کا راستہ اختیار کرتا ہے۔ ناول دکھاتا ہے کہ مسلسل نگرانی، خوف اور معلومات پر قبضہ آزادی اور حقیقت کے تصور کو کیسے متاثر کر سکتا ہے۔

Thinking, Fast and Slow
مصنف: ڈینیئل کاہنیمن 
اشاعت: ۲۰۱۱ء
کیوں پڑھیں ؟
یہ کتاب انسانی سوچ، فیصلوں اور ذہنی تعصبات کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔ 
اس کتاب میں ڈینیئل انسانی ذہن کے سوچنے کے دو مختلف طریقوں کی وضاحت کرتے ہیں، ایک تیز اور فوری، دوسرا سست اور غوروفکر پر مبنی۔ مصنف بتاتے ہیں کہ ہماری روزمرہ سوچ اور فیصلے اکثر ذہنی تعصبات اور فوری اندازوں سے متاثر ہوتے ہیں۔ کتاب بہتر فیصلے کرنے کیلئے اپنی سوچ کے انداز کو پہچاننے اور غوروفکر کی عادت اپنانے کی ترغیب دیتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK