سیکھنے کے عمل میں اگر کھیل کا سا لطف شامل کر دیا جائے تو مشکل اسباق بھی دلچسپ اور آسان محسوس ہونے لگتے ہیں۔ چھوٹے اہداف اور انعامات شامل کرکے طلبہ پڑھائی کو یادگار اور مؤثر بنا سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: August 28, 2026, 10:05 PM IST | Afzal Usmani | Mumbai
سیکھنے کے عمل میں اگر کھیل کا سا لطف شامل کر دیا جائے تو مشکل اسباق بھی دلچسپ اور آسان محسوس ہونے لگتے ہیں۔ چھوٹے اہداف اور انعامات شامل کرکے طلبہ پڑھائی کو یادگار اور مؤثر بنا سکتے ہیں۔
عصر حاضر میں پڑھائی کو محض کتابیں کھول کر گھنٹوں بیٹھنے کا نام سمجھنا ضروری نہیں۔ اگر مطالعے کے طریقۂ کار میں تھوڑی سی تخلیقی تبدیلی لائی جائے تو یہی پڑھائی ایک دلچسپ اور پُرلطف سرگرمی بن سکتی ہے۔ گیمز کی طرح پڑھائی میں بھی چھوٹے اہداف، پوائنٹس، چیلنجز اور انعامات شامل کرکے طلبہ اپنی دلچسپی اور توجہ برقرار رکھ سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر کسی سبق کو مکمل کرنے پر خود کو پوائنٹس دینا، مشکل سوال حل کرنے کا چیلنج لینا یا دوستوں کے ساتھ دوستانہ مقابلہ کرنا پڑھائی کو بوریت سے نکال کر تفریح میں بدل سکتا ہے۔
پڑھائی کو گیم کی شکل دینے کا مقصد صرف تفریح نہیں بلکہ سیکھنے کے عمل کو مؤثر اور یادگار بنانا بھی ہے۔ جب طالب علم کسی موضوع کو چیلنج سمجھ کر سیکھتا ہے اور ہر کامیابی پر خود کو شاباشی دیتا ہے تو اس میں خود اعتمادی، مستقل مزاجی اور سیکھنے کا جذبہ بڑھتا ہے۔ مشکل مضامین بھی بوجھ محسوس نہیں ہوتے بلکہ ایک دلچسپ مشن کی طرح لگتے ہیں۔ صفحہ۲؍ پر پڑھئےمطالعہ کو گیم کی شکل دینےکے۸؍ طریقے:
نصاب کو مرحلوں میں تقسیم کریں
Turn Your Syllabus Into Levels
پورے نصاب کو ایک ساتھ مکمل کرنے کے بجائے اسے چھوٹے چھوٹے مراحل یا لیولز میں تقسیم کریں، اس سے آپ کو سہولت ہوگی۔
ہر سبق، باب یا موضوع کو ایک الگ لیول سمجھیں، جسے مکمل کرنے پر اگلے لیول میں داخل ہوں۔
آسان ابواب کو ابتدائی لیول اور مشکل ابواب کو بعد کے لیولز میں رکھا جا سکتا ہے۔ آسان اور مشکل ابواب کا فیصلہ آپ کو خود کرنا ہے۔
ہر لیول کیلئے ایک واضح ہدف مقرر کریں، مثلاً: ’’آج ایک باب مکمل کرنا ہے۔ ‘‘یا ’’ آج ایک سبق کے سوال جواب یاد کرنا ہے۔ ‘‘
ہر مرحلہ مکمل ہونے پر خود کو پوائنٹس، اسٹار یا بیج دیں تاکہ پڑھائی ایک گیم کی طرح دلچسپ محسوس ہو اور آپ کی خود اعتمادی میں بھی اضافہ ہو۔
بڑے امتحان یا پورے نصاب کو آخری فائنل لیول سمجھیں، جہاں تمام حاصل شدہ معلومات کو آزمایا جائے۔
اعادہ کو ایک کارڈ گیم میں تبدیل کریں
Turn Revision Into a Card Game
ہر سبق کے اہم سوالات، تعریفیں، فارمولے اور مشکل نکات کو الگ الگ کارڈز پر لکھیں، تاکہ اعادہ کرتے وقت انہیں استعمال کیا جا سکے۔
کارڈ کے ایک طرف سوال اور دوسری طرف اس کا جواب لکھیں۔
ہر درست جواب پر پوائنٹ حاصل کریں جبکہ غلط جواب والے کارڈ دہرائیں اوراگلے راؤنڈ میں حل کریں۔
جن سوالات کے جواب میں مشکل پیش آئے انہیں ایک الگ ڈھیر میں رکھیں اور ان کا بار بار اعادہ کریں تاکہ کمزور موضوعات مضبوط ہو سکیں۔
گیم کو مزید دلچسپ بنانے کیلئے مثلاً۵؍ منٹ میں ۱۰؍ کارڈز حل کرنے کا ہدف مقرر کریں۔ اس سے رفتار اور توجہ دونوں بہتر ہوں گی۔
پوائنٹس حاصل کرنے پر نیا لیول، اسٹار یا بیج حاصل کرنے کا اصول بنائیں۔ اس سے ہر بار اعادہ کرنے پر آگے بڑھنے کا احساس پیدا ہوگا۔
دوستوں یا کلاس فیلوز کے ساتھ کارڈ گیم کھیلیں۔
’باس بیٹل‘، بڑے چیلنجز تیار کریں
Create “Boss Battles”
چند ابواب کے بعد ایسا ٹیسٹ لیں جس میں ان تمام موضوعات سے سوالات شامل ہوں، تاکہ معلوم ہو سکے کہ آپ نے کتنا سیکھا ہے۔
اس مرحلے میں عام سوالات کے بجائے کچھ مشکل اور سوچنے والے سوالات رکھیں۔
باس بیٹل کو مزید دلچسپ بنانےکیلئے مخصوص وقت مقرر کریں، مثلاً۲۰؍ منٹ میں ۱۵؍ سوالات حل کرنے ہوں۔ اس سے رفتار اور درستگی دونوں بہتر ہوں گی۔
ہر درست جواب پر پوائنٹس دیں اور پہلے سے طے کریں کہ کتنے پوائنٹس حاصل کرنے پر باس بیٹل کامیاب تصور ہوگا۔
جن سوالات کے جواب غلط ہوں، انہیں اپنی کمزوری سمجھ کر دوبارہ پڑھیں اور کچھ دن بعد انہی موضوعات پر ایک نیا باس بیٹل کھیلیں۔
باس بیٹل مکمل کرنے یا مطلوبہ اسکور حاصل کرنے پر خود کو پسندیدہ سرگرمی کی صورت میں چھوٹا سا انعام دیں۔
خود کو پوائنٹس دیں
Give Yourself Points
سبق مکمل کرنے، سوالات حل کرنے، ہوم ورک ختم کرنے یا کسی مشکل موضوع کو سمجھنے پر اپنےلئےمخصوص پوائنٹس مقرر کریں۔
آسان کام کیلئے کم اور مشکل کام کیلئےزیادہ پوائنٹس دیں۔
ہر دن ایک مخصوص پوائنٹس ٹارگٹ طے کریں اور کوشش کریں کہ دن کے اختتام تک اسے ضرور حاصل کر لیں۔
ایک نوٹ بک، چارٹ یا موبائل ایپ میں اپنے حاصل کردہ پوائنٹس لکھتے جائیں، تاکہ اپنی پیش رفت واضح طور پر دیکھ سکیں۔
مخصوص پوائنٹس حاصل کرنے پر اپنا لیول بڑھائیں، مثلاً ۱۰۰؍ پوائنٹس پر ’’لیول ون‘‘، ۲۵۰؍ پر ’’لیول۲‘‘ اور۵۰۰؍ پوائنٹس پر ’’لیول ۳‘‘۔
ایک خاص تعداد میں پوائنٹس حاصل کرنے پر خود کو کوئی چھوٹا سا انعام دیں جیسے پسندیدہ کھیل کیلئے اضافی وقت یا اپنی پسند کی کوئی سرگرمی۔
گزشتہ ہفتے کے اپنے اسکور کو بہتر بنانے کا ہدف رکھیں۔
اپنے آپ کو انعام دیں
Appreciate Your Hard Work,Reward Yourself
جب آپ کوئی سبق مکمل کریں، مشکل باب سمجھ لیں یا اپنا مقررہ مطالعہ کا ہدف حاصل کرلیں تو خود کو ایک چھوٹا سا انعام دیں۔
پہلے سے طے کرلیں کہ کتنی پڑھائی مکمل کرنے کے بعد کون سا انعام ملے گا۔
روزانہ کے معمولی اہداف کیلئے چھوٹے انعامات اور ہفتہ وار یا بڑے اہداف حاصل کرنے پر نسبتاً خاص انعام مقرر کریں۔ اس سے حوصلہ بڑھے گا۔
پسندیدہ کتاب پڑھنا، دوستوں سے بات کرنا یا کچھ دیر کھیلنا جیسے مشاغل کو پڑھائی مکمل کرنے کے بعدبطور انعام استعمال کیا جا سکتا ہے۔
انعام اتنا پرکشش نہ ہو کہ آپ دوبارہ پڑھائی کی طرف واپس ہی نہ آ سکیں۔ اس کا مقصد حوصلہ بڑھانا ہے، پڑھائی سے دور کرنا نہیں۔
ہر بڑی کامیابی پر دیکھیں کہ آپ نے کہاں سے آغاز کیا تھا اور اب کہاں ہیں۔ اپنی محنت کو تسلیم کرنا بھی خود کیلئے ایک مؤثر انعام ہے۔
ہر چیز کو کھیل میں تبدیل نہ کریں
Don’t Turn Everything Intoa Game
پڑھائی کے ہر کام کو پوائنٹس، لیولز یا انعامات سے جوڑنے کے بجائے صرف ان کاموں میں گیم کا انداز استعمال کریں جہاں اس سے دلچسپی اور توجہ بڑھ سکتی ہو۔
گیم کا مقصد صرف زیادہ پوائنٹس حاصل کرنا نہیں ہونا چاہئے۔
مطالعہ، نوٹس لکھنے اور غورو فکر جیسے کاموں کو بغیر کسی مقابلے یا اسکور کے بھی انجام دیں۔
ہر چھوٹی کامیابی پر انعام دینے کے بجائے کبھی کبھار انعام دیں، تاکہ آپ میں خود سے پڑھنے اور سیکھنے کی عادت بھی پیدا ہو۔
بور یا مشکل موضوعات، اعادے اور ٹیسٹ وغیرہ کو گیم کی شکل دینا زیادہ مفید ہو سکتا ہے، کیونکہ اس سے مشکل کام دلچسپ بن جاتا ہے۔
گیم صرف پڑھائی کو دلچسپ بنانے کا ایک ذریعہ ہے، اصل مقصد علم حاصل کرنا، سمجھ پیدا کرنا اور اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔
اس عمل سے پڑھائی مصنوعی سرگرمی محسوس نہیں ہوگی۔
اپنے آپ سے مقابلہ کریں
Compete With Yourself
دوسروں سے مقابلہ کرنے کے بجائے کوشش کریں کہ آج کی کارکردگی کل یا گزشتہ ہفتے سے بہتر ہو۔ یہ صلاحیت کو نکھارتا ہے۔
اپنے لئے واضح ہدف مقرر کریں مثلاً اگر آپ نے کل۲۰؍ سوالات حل کئے تھے تو آج ۲۵؍ سوالات حل کرنے یا کم وقت میں اتنے ہی سوالات درست کرنے کا ہدف رکھیں۔
روزانہ حاصل کئے گئے پوائنٹس، مکمل کئے گئے ابواب اور ٹیسٹ میں حاصل کردہ نمبروں کو نوٹ کریں، تاکہ اپنی ترقی کا موازنہ کر سکیں۔
جس مضمون یا موضوع میں آپ کو دشواری پیش آتی ہے، اسے اپنی اگلی منزل سمجھیں اور آہستہ آہستہ اس میں اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔
اگر آج آپ نے گزشتہ دن کے مقابلے میں صرف چند سوالات زیادہ درست کئے ہیں تو اسے اپنی کامیابی تصور کریں۔
ہر ہفتے کوشش کریں کہ کم از کم ایک شعبے میں اپنا پچھلا ریکارڈ توڑیں۔
پڑھائی کا ’’اِسٹریک‘‘ بنائیں
Build a Study Streak (like a Snapstreak)
ہر روز کم از کم ایک مقررہ وقت پڑھائی کیلئے مختص کریں، چاہے وقت کم ہی کیوں نہ ہو۔ اصل مقصد روزانہ پڑھنے کا سلسلہ برقرار رکھنا ہے۔
ابتدا میں روزانہ ۲۰؍ یا ۳۰؍ منٹ پڑھنے کا ہدف رکھیں اور آہستہ آہستہ اس دورانیے میں اضافہ کریں۔
نوٹ بک میں ہر کامیاب مطالعے کے دن کے سامنے ایک نشان لگائیں۔ بڑھتی ہوئی قطار اگلے دن بھی پڑھنے کی ترغیب دے گی۔
زیادہ سے زیادہ دن بغیر ناغہ کئے اپنا مطالعہ جاری رکھیں۔ مثلاً پہلے ۷؍ دن، پھر۱۵؍ دن اور اس کے بعد۳۰؍ دن کا ہدف مقرر کریں۔
اگر کسی دن پڑھائی نہ ہو سکے تو مایوس نہ ہوں، اگلے ہی دن دوبارہ آغاز کریں۔ ایک دن کی کمی کو پوری محنت کے سلسلے کو ختم نہ کرنے دیں۔
مقصد صرف زیادہ گھنٹے پڑھنا نہیں بلکہ باقاعدگی سے پڑھنا ہے۔ روزانہ تھوڑی سی پیش رفت بھی بڑی کامیابی میں تبدیل ہو سکتی ہے۔