Inquilab Logo Happiest Places to Work

ماہر طبیعیات نریندر سنگھ کپانی ’ فادر آف فائبر آپٹکس‘کہلاتے ہیں

Updated: September 30, 2023, 2:27 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

انہوں نے ہیرالڈ ہاپکنز کے ساتھ فائبرز کے ذریعے ٹرانسمیشن پر تحقیقی کام کیا اور مختلف قومی اور عالمی سائنسی اداروں میں لیکچربھی دیا۔

Dr. Narendra Singh Kapani has done many important services in industrial, academic, literary and research fields. Photo: INN
ڈاکٹر نریندر سنگھ کپانی نے صنعتی،تعلیمی، تصنیفی اور تحقیقی شعبوں میںکئی اہم خدمات انجام دیں۔ تصویر:آئی این این

نریندر سنگھ کپانی(Narinder Singh Kapany)ایک ہندوستانی نژاد امریکی ماہر طبیعیات تھے جو فائبر آپٹکس پر اپنے کام کیلئے جانے جاتے ہیں ۔انہیں ’فادر آف فائبر آپٹکس‘ بھی کہا جاتا ہے۔’فارچیون ‘(مشہور امریکی بزنس میگزین )نے انہیں ان کی نوبیل انعام کی مستحق ایجاد کیلئے بیسویں صدی کے ۷؍ `غیر معروف ہیروز میں سے ایک کا نام دیا تھا۔نریندر سنگھ کپانی کو ۲۰۲۱ءمیں بعد از مرگ ہندوستان کے دوسرے اعلیٰ ترین ایوارڈ پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔انہوں نے انڈین آرڈیننس فیکٹریز سروس (IOFS) افسر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں ۔ انہیں ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو نے ہندوستان کے وزیر دفاع کے سائنسی مشیر کے عہدے کی بھی پیشکش کی تھی۔
 نریندر سنگھ کپانی ۳۱؍ اکتوبر۱۹۲۶ء کو موگا، پنجاب میں ایک سکھ گھرانے میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنی اسکولی تعلیم دہرہ دون میں اور آگرہ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کیا۔ پی ایچ ڈی کرنے کیلئے امپیریل کالج ،لندن جانے سے پہلے ۱۹۵۲ءمیں انہوں نے انڈین آرڈیننس فیکٹریز سروس آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں بعد ازاں انہوں نے ۱۹۵۵ءمیں لندن یونیورسٹی سے آپٹکس میں ڈگری حاصل کی ۔ امپیریل کالج میں ، کپانی نے ہیرالڈ ہاپکنزکے ساتھ فائبرز کے ذریعے ٹرانسمیشن پر تحقیقی کام کیا۔کپانی نے ۱۹۶۰ءمیں ’سائنٹفک امریکن‘(مشہور امریکی سائنس میگزین)کے ایک مضمون میں `فائبر آپٹکس کی اصطلاح وضع کی اور اس نئے شعبے کے بارے میں پہلی کتاب تصنیف کی جس کے بعد وہ اس شعبے کے سب سے ممتاز محقق، مصنف اور ترجمان قرار پائے۔
 ایک کاروباری اورایگزیکٹو کے طور پرکپانی نے جدت طرازی کے عمل اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے انتظام میں مہارت حاصل کی۔۱۹۶۰ءمیں انہوں نے آپٹکس ٹیکنالوجی کارپوریشن آئی این سی کی بنیاد رکھی اور بارہ سال تک بورڈ کے چیئرمین، صدر اور ڈائریکٹر ریسرچ رہے۔ ۱۹۷۳ء میں ، انہوں نے کپٹرون آئی این سی کی بنیاد رکھی اور۱۹۹۰ء تک اس کےصدر اورسی ای او رہے۔انہوں نے مختلف کمپنیوں کے بورڈز میں بھی خدمات انجام دیں ۔ وہ ینگ پریزیڈنٹس آرگنائزیشن کے ممبر تھے اور بعد میں ورلڈ پریذیڈنٹ آرگنائزیشن کے ممبر رہے۔ 
 نریندر سنگھ نے تعلیمی میدان میں بھی اہم خدمات انجام دیں ۔وہ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، سانتا کروز میں ریجنٹس پروفیسر تھے۔ اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں وہ فزکس ڈپارٹمنٹ میں وزٹنگ اسکالر اور الیکٹریکل انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ میں کنسلٹنگ پروفیسر تھے۔ نریندر سنگھ کپانی نے آپٹو الیکٹرانکس اور انٹرپرینیورشپ پر سو سے زیادہ سائنسی مقالے اور چار کتابیں شائع کیں ۔ انہوں نے مختلف قومی اور عالمی سائنسی اداروں میں لیکچربھی دیا۔
 نریندر سنگھ کپانی کی تحقیق اور کام میں فائبر آپٹکس کمیونی کیشنز، لیزرز، بائیو میڈیکل آلات، شمسی توانائی اورپالیوشن مانیٹرنگ شامل ہے۔ ان کے پاس۱۲۰؍ سے زیادہ پیٹنٹ تھےاور وہ نیشنل انونٹرس کونسل کے رکن تھے۔اس کے علاوہ وہ عالمی سائنسی اداروں کے فیلو بھی تھے ۔ ڈاکٹر کپانی ٹائم میگزین کے ۱۹۹۹ءکے آخری شمارے میں بیسویں صدی کے ٹاپ ٹین سائنسدانوں کی فہرست میں بھی شامل تھے۔ان کا انتقال ۴؍ دسمبر ۲۰۲۰ء کو امریکہ میں ہوا تھا ۔n
(وکی پیڈیا اور دی نیو یارک ٹائمز)

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK